ہفتہ : 12 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت ميں چار ماہ کی بچی کا ریپ کے بعد قتل، ملزم کو سزائے موت[/pullquote]

بھارت میں چار ماہ کی ایک بچی کے ساتھ جنسی زیادتی اور پھر اسے قتل کر دینے والے اکیس سالہ ملزم کو سزائے موت کا حکم سنا دیا گيا ہے۔ مجرم نے اس جرم کا ارتکاب گزشتہ ماہ کیا تھا۔ سزائے موت کا حکم مدھیہ پردیش کے شہر اندور کی ایک عدالت نے آج بروز ہفتہ سنایا۔ یہ سزا بچوں کو جنسی حملوں سے بچانے کے ملکی قانون POCSO کے تحت سنائی گئی۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے اس حوالے سے کہا کہ اس مقدمے کی سماعت ریکارڈ حد تک کم مدت میں مکمل کی گئی اور آئندہ بھی ایسے جرائم کے مرتکب مجرموں کو سزائیں دلوانے میں کوئی تاخیر نہیں کی جائے گی ’تاکہ معاشرے کو خواتین اور بچیوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے‘۔

[pullquote]شمالی کوريا نے ایٹمی تجربات کی تنصیبات کے خاتمے کا اعلان کر ديا[/pullquote]

شمالی کوريا نے اپنے متنازعہ جوہری تجربات کے ليے استعمال کی جانے والی تنصیبات کے خاتمے کا اعلان کر ديا ہے۔ یہ بات ہفتہ بارہ مئی کو پيونگ يانگ میں سرکاری ميڈيا نے بتائی۔ ان تنصیبات کو تئیس اور پچيس مئی کے درميانی عرصے میں منہدم کر دیا جائے گا۔ رياستی ميڈيا کے مطابق يہ اعلان اس امر کا ثبوت ہے کہ پيونگ يانگ اپنی متنازعہ جوہری سرگرمياں ترک کرنے کے عزم پر عمل پيرا ہے۔ بتايا گيا ہے کہ امريکی اور جنوبی کوريائی صحافيوں کو اس عمل کی رپورٹنگ کی دعوت بھی دی جائے گی۔

[pullquote]اسرائيل کا غزہ پٹی کے ساتھ سرحدی گزر گاہ کی بندش کا اعلان[/pullquote]

اسرائيل نے کرم ابو سالم کے مقام پر غزہ پٹی کے فلسطینی علاقے سے ملنے والی سرحدی گزر گاہ بند کرنے کا اعلان کر ديا ہے۔ يہ اعلان بروز ہفتہ کيا گيا جب کہ جمعے کے دن فلسطينيوں کے احتجاجی مظاہروں کے دوران اس گزر گاہ کو نقصان پہنچا تھا۔ اسرائيلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بيان ميں کہا گيا ہے کہ سرحدی گزر گاہ اس وقت تک بند رہے گی، جب تک اس کی مرمت مکمل نہيں ہو جاتی۔ تاہم انسانی بنيادوں پر امداد کی ترسیل کے ليے يہ گزر گاہ ابھی تک فعال ہے۔ کرم ابو سالم پر قائم ایک کارگو ٹرمينل غزہ پٹی کو امدادی سامان کی ترسيل کے ليے استعمال کیا جاتا ہے۔

[pullquote]پولينڈ ميں ’مارچ آف فريڈم‘ کا انعقاد، ہزاروں افراد سڑکوں پر[/pullquote]

پولينڈ کے دارالحکومت ميں ہزاروں افراد نے موجودہ عواميت پسند حکومت کے اقدامات کو جمہوری اقدار کے منافی قرار ديتے ہوئے عدليہ کی آزادی اور آئين کی بالادستی کے حق میں احتجاج کيا۔ وارسا ميں ’آزادی کا مارچ‘ نامی اس ريلی ميں شريک افراد نے پولينڈ اور يورپی يونين کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ انہوں نے آئين اور عدليہ کے حق ميں نعرے بھی لگائے۔ اس احتجاج کا اہتمام دو یورپ نواز اعتدال پسند جماعتوں نے کيا تھا۔ ان جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنی تقارير ميں دائيں بازو کی حکمران جماعت ’لا اينڈ جسٹس‘ پارٹی کی جانب سے عدليہ کے نظام ميں ازسرنو تبديلياں لاتے ہوئے اعلیٰ عدالتوں کے اختيارات ميں بے پناہ اضافہ کیے جانے پر کڑی تنقيد کی۔

[pullquote]نجیب رزاق ملک سے باہر نہیں جا سکتے، حکومت[/pullquote]

ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق اور ان کی اہلیہ کے ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ بدعنوانی کے الزامات سے بچنے کی خاطر ان کے ملک سے فرار ہونے کے شک کی بنیاد پر یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔ رزاق نے کہا ہے کہ وہ اس حکومتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور متعلقہ حکام سے تعاون کو تیار ہیں۔ گزشتہ ہفتے ہی منعقد ہونے والے الیکشن میں رزاق کا سیاسی اتحاد سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد کے اپوزیشن سیاسی اتحاد سے شکست کھا گیا تھا۔ اس شکست پر رزاق نے پارٹی سربراہی کو خیرباد کہنے اعلان بھی کر دیا ہے۔

[pullquote]حجر الاسود کی لڑائی، ایک ہفتے میں چھیاسی شامی فوجی ہلاک[/pullquote]

شام میں انتہا پسند گروہ داعش کے خلاف حکومتی کارروائی کے دوران گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کم از کم چھیاسی فوجی مارے گئے ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے ہفتے کے دن بتایا ہے کہ اس جانی نقصان کے باوجود شامی صدر بشار الاسد کی حامی افواج دمشق میں داعش کے آخری مضبوط ٹھکانے کو تباہ کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ دمشق کے نواحی علاقے حجر الاسود میں پانچ مئی سے شروع ہونے والی اس نئی فوجی مہم کے دوران ستاون جہادی بھی ہلاک ہو چکے ہیں تاہم حکومتی فوجی ابھی تک اس لڑائی میں کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں کر سکے ہیں۔

[pullquote]برونڈی میں تشدد، تیئس افراد ہلاک[/pullquote]

برونڈی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک پرتشدد کارروائی کرتے ہوئے تیئس افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ اس افریقی ملک کے شمالی مغربی صوبے سیبیتوکے میں واقع ایک گاؤں میں یہ کارروائی جمعے کی رات کو کی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق بندوقوں اور چاقوؤں سے مسلح افراد نے حملے کيے اور کئی مکانات کو نذر آتش بھی کیا۔ ہلاک شدگان میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس خونریز حملے کے ذمہ داران کا تعین فی الحال نہیں ہو سکا ہے۔

[pullquote]جرمن خاتون کے قتل کے شبے میں پچاس سالہ شخص گرفتار[/pullquote]

جرمن شہر فرینکفرٹ کی پولیس نے ہفتے کے دن بتایا ہے کہ ایک خاتون کے قتل کے شبے میں ایک پچاس سالہ مشتبہ جرمن شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ رواں ہفتے ہی فرینکفرٹ کے ایک پارک سے ایک انتیس سالہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ پولیس نے بتایا ہے کہ گزشتہ برس مقتولہ کو جھوٹا بیان دینے کے الزام پر اس کے خلاف فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ اس خاتون نے سن دو ہزار سترہ میں دعویٰ کیا تھا کہ کولون میں سال نو کے موقع پر اسے جنسی طور پر ہراساں کیا گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں اس کی یہ بات غلط ثابت ہو گئی تھی۔

[pullquote]مشرقی تیمور میں ایک سال کے دوران دوسرے الیکشن[/pullquote]

مشرقی تیمور میں آج بروز ہفتہ پارلیمانی الیکشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یونٹی حکومت کے ٹوٹنے کے نتیجے میں اس ایشیائی ملک میں سال میں دوسری مرتبہ انتخابات منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اس الیکشن میں ملک کے تمام تین اہم سیاسی اتحاد، حکمران پارٹی کے خلاف متحد ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ابتدائی نتائج اتوار سے قبل سامنے نہیں آ سکیں گے۔ اس انتخابی عمل میں تمام سیاسی جماعتوں نے غربت کے خاتمے اور اقتصادی خوشحالی کو نعرہ بلند کیا ہے۔

[pullquote]بھارت میں اہم ریاستی الیکشن[/pullquote]

بھارتی ریاست کرناٹک میں آج بروز ہفتہ ریاستی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ سن دو ہزار انیس کے عام انتخابات سے قبل اس الیکشن کو تمام سیاسی پارٹیوں کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ کرناٹک میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی اور اپوزیشن کانگریس پارٹی کے مابین سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ دو سو بائیس نشستوں والی اس ریاستی پارلیمان کے انتخاب کے لیے پچاس ملین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ابتدائی نتائج منگل تک سامنے آ جائیں گے۔

[pullquote]یمن میں جھڑپیں، دو دنوں میں 115 افراد ہلاک[/pullquote]

یمنی حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ دنوں سے جاری تازہ پرتشدد واقعات کے نتیجے میں ایک سو پندرہ افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک شدگان کا تعلق حوثی باغیوں اور سعودی حامی فورسز سے ہے۔ ہفتے کے دن حکام نے کہا کہ مغربی صوبے تعز میں باغیوں اور یمنی فورسز کے مابین شدید جھڑپوں کی وجہ سے درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دریں اثناء یمن کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی فورسز نے ملک کے کچھ مغربی علاقوں میں ایران نواز حوثی باغیوں کو پسپا کر دیا ہے۔

[pullquote]داعش کی شکست کے بعد عراق میں پہلے الیکشن[/pullquote]

عراق میں آج بروز ہفتہ عام انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انتہا پسند گروہ داعش کو شکست دینے کے بعد اس عرب ملک میں پہلی مرتبہ الیکشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ تاہم امید کم ہی ہے کہ نئی حکومت اس ملک میں استحکام اور خوشحالی کا باعث بن سکے گی۔ عوامی جائزوں کے مطابق وزیراعظم حیدر العبادی اس الیکشن میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ ان کا مقابلہ سابق وزیر اعظم نوری المالکی اور شیعہ کمانڈر ہادی العامری سے ہے۔ تین سو انتیس نشستوں والی پارلیمان کے لیے مجموعی طور پر سات ہزار امیدوار میدان میں ہیں۔ اس الیکشن کے ابتدائی نتائج آئندہ کچھ دنوں میں سامنے آ جائیں گے۔

[pullquote]ایرانی وزیر خارجہ کے ہنگامی دورے[/pullquote]

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ہفتے کے دن سے متعدد ممالک کے ہنگامی دوروں کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں، جن میں وہ امریکا کی عالمی جوہری ڈیل سے دستبرداری کے بعد کی صورتحال پر توجہ مرکوز کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ بیجنگ، ماسکو اور برسلز میں سن دو ہزار پندرہ میں طے پانے والی اس تاریخی جوہری ڈیل کے باقی ماندہ فریقین سے مذاکرات کریں گے۔ ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ اگر یورپ کی طرف سے اس ڈٰیل پر عملدرآمد کی ’ٹھوس ضمانت‘ نہ دی گئی تو تہران حکومت بغیر کسی رکاوٹ کے یورنیم کی افزدوگی کا عمل صنعتی سطح پر شروع کر دے گی۔

[pullquote]میانمار میں جھڑپیں، انیس افراد ہلاک[/pullquote]

میانمار میں سکیورٹی فورسز اور باغیوں کے مابین جھڑپوں کے نتیجے میں کم ازکم انیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ ہفتے کے دن یہ تشدد شان ریاست کے ایک دوردراز کے علاقے میں رونما ہوا۔ فوجی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس لڑائی کی وجہ سے دو درجن کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ انسانی حقوق کے کارکنان کے مطابق جب سے عالمی برادری کی توجہ راکھین بحران پر مرکوز ہوئی ہے، تب سے ملکی افواج چین کی سرحد سے متصل شمالی علاقوں میں فعال باغیوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لے آئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے