اتوار:13 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]انڈونیشیا میں حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی[/pullquote]
انڈونیشیا میں اتوار کے دن تین گرجا گھروں پر کیے گئے دہشت گردانہ حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔ مشرقی جاوا کے شہر سورابایا میں ہوئے ان حملوں کے نتیجے میں نو افراد ہلاک جبکہ بیالیس زخمی ہوئے ہیں۔ داعش کی نیوز ایجنسی عماق نے کوئی ثبوت پیش کیے بغیر کہا ہے کہ یہ کارروائی ان کے ’سپاہیوں‘ نے سرانجام دی۔ ادھر انڈونیشی پولیس نے کہا ہے کہ تینوں حملہ آور ایک ہی کنبے سے تعلق رکھتے تھے، جن میں نو عمر بچے بھی شامل تھے۔ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے مسلم ملک انڈونیشیا میں گزشتہ کچھ ماہ سے داعش کی کارروائیوں میں اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں جنگجوؤں کا حملہ، نو افراد مارے گئے[/pullquote]

افغان شہر جلال آباد میں جنگجوؤں کے حملے کے نتیجے میں کم ازکم نو شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ ان حملہ آوروں نے آج بروز اتوار اس مشرقی شہر میں واقع ایک حکومتی عمارت پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ننگر ہار صوبے کے حکام کے مطابق اس کارروائی میں جلال آباد میں واقع ڈائریکٹوریٹ آف فنانس کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ حالیہ عرصے میں افغان طالبان اور دیگر انتہا پسند گروہ اپنی پرتشدد کارروائیوں میں تیزی لے آئیں ہیں۔

[pullquote]تہران عالمی جوہری ڈیل پر عمل پیرا رہ سکتا ہے، ایرانی صدر[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے دہرایا ہے کہ اگر ایران کے مفادات متاثر نہیں ہوتے تو تہران حکومت عالمی جوہری ڈیل پر کاربند رہے گی۔ اتوار کے دن انہوں نے تہران میں سری لنکا کے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے کہا کہ امریکا کی طرف سے اس ڈیل سے دستبرداری ’اخلاقیات کی خلاف ورزی‘ کے مترادف ہے۔ روحانی کے بقول سن دو ہزار پندرہ میں طے پانے والی اس ڈیل کے دیگر فریقین اس تاریخی معاہدے کا احترام کرتے ہیں تو ایران بھی اس ڈیل پر عمل پیرا رہے گا۔ تاہم انہوں نے کہا ہے کہ اس حوالے سے یورپی ممالک کو ’ٹھوس ضمانت‘ فراہم کرنا ہو گی۔

[pullquote]چین نے بحری بیڑا سمندر میں اتار دیا[/pullquote]

چین نے مکمل طور پر ملک ہی میں تیار کردہ پہلے طیارہ بردار بحری بیڑے کو تجرباتی بنیادوں پر سمندر میں اتار دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس عسکری بحری بیڑے کو ملک کے شمال مشرق میں واقع ڈالیان کی بندرگاہ سے کھلے پانیوں میں اتارا گیا۔ اس تجرباتی سفر کے دوران طیارہ بردار بحری بیڑے کے انجن اور نیوی گیشن سسٹم کی جانچ کی جائے گی۔ اس بحری بیڑے کی تیاری چینی بحریہ کو جدید تر بنانے کے منصوبے کا ایک حصہ ہے۔ بحیرہ جنوبی چین میں تائیوان کے قریب واقع جزائر کی ملکیت کے حوالے سے جاری تنازعات کے بعد سے چین نے ان پانیوں میں اور عالمی سطح پر بھی اپنی بحری موجودگی میں اضافہ شروع کر رکھا ہے۔

[pullquote]ایران میں آٹھ افراد کو موت کی سزا سنا دی گئی[/pullquote]

ایران میں آٹھ افراد کو موت کی سزا سنا دی گئی ہے۔ عدالت کے مطابق ان افراد پر گزشتہ برس جون میں دو مختلف دہشت گردانہ حملوں میں ملوث ہونے کا الزام ثابت ہو گیا تھا۔ ان حملوں کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی تھی۔ ان پرتشدد واقعات میں اٹھارہ افراد ہلاک جبکہ پچاس زخمی ہوئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ان مجرمان کے پاس اپیل دائر کرنے کی خاطر بیس دن کا وقت ہے۔

[pullquote]پیرس حملہ آور چیچنیہ میں پیدا ہوا تھا[/pullquote]

ہفتے کی رات پیرس میں چاقو سے کیے گئے ایک حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ چار زخمی ہو گئے۔ حکام نے بتایا ہے کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو موقع پر ہی گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ اتوار کے دن پولیس نے بتایا ہے کہ اس حملے کی چھان بین دہشت گردانہ حملے کی طور پر کی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حملہ آور سن 1997 میں روسی علاقے چیچنیا میں پیدا ہوا تھا۔ پولیس نے حملہ آور کے والدین سے بھی پوچھ گچھ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

[pullquote]مشرقی تیمور میں الیکشن، اپوزیشن اتحاد کی پوزیشن مضبوط[/pullquote]

مشرقی تیمور میں ہفتے کے دن ہونے والے الیکشن میں اپوزیشن اتحاد کی کامیابی کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔ اسی اپوزیشن اتحاد کے دباؤ کی وجہ سے ملکی صدر نے اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں قبل از وقت انتخابات کرانے کا حکم جاری کیا تھا۔ ابتدائی نتائج کے مطابق اپوزیشن اتحاد کو 49.4 فیصد ووٹ ملے ہیں جبکہ حکمران پارٹی 34.3 فیصد ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اس الیکشن کے حتمی نتائج منگل تک متوقع ہیں۔

[pullquote]عراق میں الیکشن، نتائج آئندہ دو روز میں متوقع[/pullquote]

عراق کے الیکشن کمیشن کے مطابق پارلیمانی الیکشن کے نتائج آئندہ دو دونوں تک سامنے آ جائیں گے۔ اس عرب ملک میں داعش کو مکمل شکست دینے کے بعد ہفتے کے دن منعقد ہونے والے الیکشن میں وزیر اعظم حیدر العبادی کی کامیابی کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ووٹ ڈالنے کی شرح انتہائی کم یعنی چوالیس فیصد رہی۔ اس شرح کی کمی کی وجہ سخت سکیورٹی انتظامات کو قرار دیا جا رہا ہے۔ اس الیکشن میں وزیر اعظم العبادی کا مرکزی مقابلہ سابق وزیر اعظم نوری المالکی کے سیاسی اتحاد سے ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا اپنے جوہری تجربات کے مقام کو تباہ کر دے گا[/pullquote]

شمالی کوریا نے اپنی جوہری تجربات کی تنصیب کو منہدم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کمیونسٹ ملک کے رہنما کم جونگ ان اور امریکی صدر کی تاریخی سمٹ سے قبل پیونگ یانگ نے کہا ہے کہ تئیس تا پچیس مئی جوہری تجربات کے اس مقام کو بین الاقوامی صحافیوں کے سامنے ایک خصوصی تقریب میں تباہ کر دیا جائے گا۔ پنچی ری میں واقع یہ مقام شمالی کوریا کی واحد معلوم جوہری تجربات کی تنصیب ہے۔ کم جونگ ان اور ڈونلڈ ٹرمپ بارہ جون کو سنگاپور میں تاریخی سمٹ کر رہے ہیں، جسے خطے میں قیام امن کی خاطر اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]یورو وژن سونگ ٹائٹل اسرائیل کے نام[/pullquote]

اسرائیل سے تعلق رکھنے والی نیتا بارزلئی نے اس مرتبہ یورووژن سونگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ ہفتے کی رات پرتگال کے دارالحکومت لزبن منعقد اس مقابلے میں پچیس سالہ سنگر نیتا نے پچیس امیدواروں کو شکست دیتے ہوئے یہ انعام جیتا۔ ان کے گانے ’میں تمہارا کھلونا نہیں‘ کے بول ’می ٹو موومنٹ‘ سے متاثر ہو کر لکھے گئے تھے۔ گیتوں کے سالانہ یورپی مقابلے ’یورو وژن‘ کا انعقاد ہر سال کیا جاتا ہے۔

[pullquote]پاکستان میں بارش سے تباہی، پندرہ افراد ہلاک[/pullquote]

پاکستان میں مون سون بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہی سے کم ازکم پندرہ افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام نے اتوار کے دن بتایا کہ ہلاکتیں مٹی اور پتھروں سے بنے گھروں کی دیواریں گرنے کی وجہ سے ہوئی ہیں۔ شدید بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں سیلابی ریلوں نے بھی تباہی مچائی۔ ایک مقامی اہلکار کے مطابق باجوڑ قبائلی علاقے میں ایک مدرسے کی چھت گرنے کی وجہ سے چھ بچے ہلاک جبکہ نو زخمی بھی ہوئے۔ اسی طرح نوشہرہ اور پشاور میں بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

[pullquote]میانمار صبر وتحمل سے کام لے، چین[/pullquote]

چین نے میانمار میں سکیورٹی فورسز اور باغیوں کے مابین ہونے والی تازہ جھڑپوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے میانمار کے حکام پر زور دیا ہے کہ حکومت کو یہ کارروائی روک دینا چاہیے۔ ہفتے کے ندن شروع ہونے والی ان شدید جھڑپوں کی وجہ سے انیس افراد ہلاک بھی ہوئے، جن میں سے زیادہ تر شہری تھے۔ بیجنگ کا کہنا ہے کہ اس تنازعے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جانا چاہیے۔ چین کی سرحد سے متصل میانمار کے شمالی علاقوں میں نسلی بنیادوں پر کئی باغی گروہ فعال ہیں، جو پرتشدد کارروائیاں بھی کرتے رہتے ہیں۔

[pullquote]نکورا گوا میں حکومت مخالف مظاہرے، مزید دو افراد ہلاک[/pullquote]

نکورا گوا میں حکومت مخالف مظاہروں کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری کردہ ویڈیو اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ افراد سر پر گولیاں لگنے کی وجہ سے مارے گئے۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ پولیس کی براہ راست فائرنگ کی وجہ سے لقمہ اجل بنے۔ اس وسطی امریکی ملک کے صدر ڈینیئل اورٹیگا نے ہفتے کے دن ماسایا میں رونما ہونے والے اس تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔ انسانی حقوق کے اداروں کے مطابق اس ملک میں ان مظاہروں کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد ساٹھ سے زیادہ ہو چکی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے