پیر : 14 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امارات کے ساتھ کشیدگی، یمنی جزیرے پر سعودی فوج تعینات[/pullquote]

سعودی عرب نے یمنی جزیرے سکوترا پر اپنی فوج تعینات کر دی ہے۔ اس جزیرے پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے فوجی تعینات کرنے پر کشیدگی کے تناظر میں یہ سعودی اقدام سامنے آیا ہے۔ سعودی بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی فوج اس جزیرے پر یمنی حکومتی فورسز کو تربیت اور معاونت فراہم کرے گی۔ یہ بات اہم ہے کہ یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کے خلاف عرب اتحاد میں متحدہ عرب امارات ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے، تاہم حالیہ کچھ عرصے میں اس نے صدر منصور ہادی سے کسی حد تک فاصلہ اختیار کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے درمیان تخلیاں دیکھی جا رہی ہیں کیوں کہ ریاض حکومت منصور ہادی کی حامی ہے۔

[pullquote]بنگلہ دیش میں خیرات کی تقسیم کے موقع پر بھگدڑ، کم از کم دس افراد ہلاک[/pullquote]

بنگلہ دیش میں ایک مقامی کاروباری شخصیت کی جانب سے خیرات کی تقسیم کے موقع پر بھگدڑ مچ جانے کے نتیجے میں کم از کم دس افراد ہلاک جب کہ دیگر 51 زخمی ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ بھگدڑ مچنے کا یہ واقعہ چٹاگانگ شہر کے ایک نواحی گاؤں میں اس وقت پیش آیا، جب مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کے آغاز سے قبل مقامی اسٹیل مل کا ایک مالک غریب دیہاتیوں میں کپڑے اور دیگر اشیاء تقسیم کر رہا تھا۔ پولیس کے مطابق اس موقع پر دس سے بارہ ہزار افراد یہ اشیاء لینے کے لیے جمع تھے۔ رواں ہفتے بدھ یا جمعرات سے ماہ رمضان کا آغاز ہونا ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں موٹرسائیکل بم دھماکا، چار حملہ آور ہلاک[/pullquote]

انڈونیشی شہر سورابایا میں پولیس ہیڈکواٹرز کے قریب موٹرسائیکل خودکش حملے میں چار حملہ آور ہلاک جب کہ دیگر دس افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق حملہ آور ایک ہی خاندان کے پانچ افراد تھے جو دو موٹرسائیکلوں پر سوار تھے۔ ان میں ایک آٹھ سالہ بچی بھی شامل تھی، جو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کی گئی ہے۔ آن لائن گردش کرنے والی سکیورٹی کیمرہ فوٹیج میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے ایک تھانے کے باہر چیک پوسٹ پر موٹرسائیکلوں کو روکتے اور پھر وہاں دھماکا ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ گزشتہ روز بھی سورابایا شہر ہی میں چھ خودکش بمباروں نے تین گرجاگھروں پر حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں حملہ آوروں کے علاوہ دیگر دس افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

[pullquote]سفارت خانے کی منتقلی کے بعد امریکا مشرق وسطیٰ میں ثالثی نہیں کر سکتا، ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ سفارت خانے کی تل ابیب سے یروشلم منتقلی کے بعد امریکا مشرق وسطیٰ میں ثالث کی حیثیت کھو چکا ہے۔ برطانیہ میں چیتھم ہاؤس نامی تھنک ٹینک میں اپنی ایک تقریر میں ایردوآن نے کہا کہ امریکا نے اس فیصلے کے ذریعے مسئلے کا حل بننے کی بجائے مسئلے کا حصہ بننا پسند کیا ہے اور اس اقدام کی وجہ سے وہ امن مذاکرات میں ثالث کی حیثیت کھو چکا ہے۔ واضح رہے کہ آج پیر کے روز امریکا اپنے سفارت خانے کو تل ابیب سے یروشلم منتقل کر رہا ہے۔ اس امریکی اقدام پر اسرائیل شاداں ہے، جب کہ فلسطینی مظاہرے کر رہے ہیں۔

[pullquote]جوہری ڈیل کا تحفظ، ایرانی وزیرخارجہ ماسکو میں[/pullquote]

ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف آج پیر کے روز ماسکو پہنچ رہے ہیں۔ اس دورے کا مقصد جوہری معاہدے سے امریکا کے اخراج کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہے۔ اختتامِ ہفتہ پر جواد ظریف بیجنگ گئے تھے، جب کہ روس کے بعد وہ برسلز جائیں گے۔ اتوار کو اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کے بعد ان کا کہنا تھا کہ اس ڈیل کے مستقبل کے لیے ایک واضح حکمت عملی تیار کی جا سکتی ہے۔ ادھر اتوار کے روز امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ واشنگٹن حکومت اس معاملے میں اپنے یورپی اتحادیوں کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہے، تاکہ ایران کے ساتھ ایک نئی اور بہتر ڈیل پر اتفاق کیا جا سکے۔ امریکی موقف ہے کہ تہران حکومت کے ساتھ ایک ایسی ڈیل ہونا چاہیے، جو نہ صرف اس کی جوہری سرگرمیوں کو روکے بلکہ اس کے میزائل پروگرام پر بھی قدغن عائد کرے۔

[pullquote]داعش نے مبینہ طور پر پیرس حملہ آور کی ویڈیو جاری کر دی[/pullquote]

دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں ایک نوجوان کو دکھایا گیا ہے اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نے اختتام ہفتہ پر پیرس میں حملہ کیا تھا۔ پیرس میں چاقو سے کیے گئے اس حملے میں ایک شخص ہلاک جب کہ دیگر چار زخمی ہوئے تھے اور بعد میں پولیس نے اس حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ جاری کردہ ویڈیو میں ایک نوجوان فرانسیسی زبان میں داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی سے وفاداری کا اعلان کرتا نظر آتا ہے۔ اسلامک اسٹیٹ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

[pullquote]لیبیا 20 مصری شہریوں کی سربریدہ لاشیں واپس کرے گا[/pullquote]

لیبیا پیر کے روز 20 مصری مسیحیوں کی سربریدہ لاشیں قاہرہ حکام کے حوالے کرے گا۔ ان افراد کو سرت شہر میں سن 2015ء میں شدت پسند تنظیم داعش کے جہادیوں نے قتل کیا تھا۔ ان افراد کی باقیات گزشتہ برس اکتوبر میں ملی تھیں۔ داعش نے فروری 2015ء میں ان قبطی مسیحیوں کے قتل کی ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ ان لاشوں کو مصراتہ شہر سے ایک جہاز کے ذریعے مصر پہنچایا جائے گا۔

[pullquote]اسرائیلی فوج کی فائرنگ، 37 فلسطینی ہلاک[/pullquote]

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں غزہ پٹی میں 37 فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔ امریکی سفارت خانے کی یروشلم منتقلی پر مغربی کنارے اور غزہ پٹی میں فلسطینی زبردست احتجاج کر رہے ہیں۔ ان مظاہروں میں شدت اسرائیل کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر دیکھی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی سرحد کے قریب مظاہرین ٹائر جلا رہے ہیں۔ پیر کے روز اسرائیلی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دو فلسطینیوں کی عمریں 21 اور 29 برس تھیں۔ تیس مارچ سے جاری مظاہروں میں اب تک ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد اسی سے زائد ہو چکی ہے۔

[pullquote]عسکریت پسندوں کا حملہ سات فوجی ہلاک[/pullquote]

پاکستانی سکیورٹی حکام کے مطابق شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں نے گھات لگا کر ایک فوجی گاڑی پر حملہ کیا۔ اس واقعے میں کم از کم سات فوجی ہلاک ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ اتوار کے روز فوج کی گشتی گاڑی پر حملہ کرنے کے بعد عسکریت پسند سرحد عبور کر کے افغانستان میں داخل ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد پاکستانی طالبان کے ایک ترجمان محمد خراسانی نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

[pullquote]عراق میں مقتدیٰ الصدر کے انتخابی اتحاد کی برتری[/pullquote]

عراق میں ہونے والے عام انتخابات کے ابتدائی نتائج میں شیعہ مذہبی رہنما مقتدیٰ الصدر کے سیاسی اتحاد کو برتری حاصل ہے۔ عراقی الیکٹرول کمیشن کی جانب سے اتوار کو سامنے آنے والے جزوی نتائج میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم حیدرالعبادی کی جماعت کو شیعہ اکثریتی علاقوں میں خاصے کم ووٹ پڑے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد سیاسی جماعتوں کے لیے پارلیمان کی نشستوں کی تعداد جاری کی جائے گی۔ کمیشن نے یہ نہیں بتایا ہے کہ عام انتخابات کے حتمی اور مکمل نتائج کب جاری کیے جائیں گے۔

[pullquote]کانگو میں ایبولا کی وبا سے 19 ہلاکتیں[/pullquote]

عالمی ادارہء صحت کے مطابق ڈیموکریٹک ریپبلک کانگو میں ایبولا کی وبا کے نتیجے میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تین ہو چکی ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق ایبولا وائرس کے نتیجے میں یہ ہلاکتیں چار اپریل سے 13 مئی کے درمیانی عرصے میں واقع ہوئی ہیں۔ اس عالمی ادارے کے مطابق 33 ایسے افراد کو بھی شناخت کر لیا گیا ہے، جن کا بالمشافہ رابطہ متاثرہ افراد کے ساتھ ہوا۔

[pullquote]جنوبی افریقہ میں ایک مسجد سے دھماکا خیز مواد برآمد[/pullquote]

جنوبی افریقہ کی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ڈربن شہر کے نواح میں ایک مسجد سے برآمد کیا جانے والے مواد، دھماکا خیز تھا۔ گزشتہ ہفتے چند مسلح افراد نے اس مسجد میں نمازیوں پر حملہ کیا تھا۔ یہ حملہ آور آتشیں اسلحے اور چاقوں سے لیس تھے اور انہوں نے اس مسجد میں ایک نمازی کو ہلاک جب کہ دیگر دو کو زخمی کر دیا تھا۔

[pullquote]تعریف اور مظاہروں کے درمیان یروشلم میں امریکی سفارت خانے کی منتقلی[/pullquote]

اسرائیل میں امریکی سفارت خانہ آج پیر کے روز تل ابیب سے یروشلم منتقل ہو رہا ہے۔اس حوالے سے امریکی وفد جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور سینیئر مشیر جیراڈ کُشنر اور بیٹی ایوانکا ٹرمپ ایک تقریب میں شرکت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔ ادھر امریکی سفارت خانے کی متنازعہ علاقے میں منتقلی کے موقع پر مغربی کنارے میں مظاہرے بھی ہو رہے ہیں۔ اسرائیلی حکومت امریکا کی یروشلم کے حوالے سے کئی دہائیوں کی پالیسی میں تبدیلی اور یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دے رہی ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے مشرقی یروشلم کا تاریخی حصہ سن 1967 کی جنگ میں قبضے میں لیا تھا اور عالمی برداری اسے اسرائیل کا حصہ تسلیم نہیں کرتی ہے۔

[pullquote]ایندھن فراہم نہ ہوا تو غزہ میں شدید مشکلات پیدا ہو جائیں گی، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امداد کے ادارہ کا کہنا ہےکہ غزہ میں ایندھن کی فراہمی کے لیے متبادل راستے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ عالمی ادارے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایندھن کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہسپتالوں، صفائی، نکاسی آب حتیٰ کے پانی کی فراہمی جیسے معاملات مشکل ہوتے جا رہے ہیں۔ اتوار کی شام اقوام متحدہ کی جانب سے یہ اپیل ایک ایسے موقع پر سامنے آئی، جب دو روز قبل فلسطینیوں نے اسرائیل کے ساتھ ایک کراسنگ پر ایندھن کا ایک ٹرمینل تباہ کر دیا تھا۔ حکام کے مطابق اس ٹرمینل کی مرمت میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔ اسرائیل نے اس حملے کی ذمہ داری حماس پر عائد کی تھی، تاہم حماس کی جانب سے اس سلسلے میں عوامی سطح پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے