منگل : 15 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ترکی اور اسرائیل نے ایک دوسرے کے سفیروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا[/pullquote]

اسرائیل نے اپنے ہاں تعینات ترک سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔ اسرائیل کے اس فیصلے سے چند گھنٹے پہلے ترکی نے بھی اپنے ہاں تعینات اسرائیلی وزیر کو ترکی سے نکل جانے کا حکم دے دیا تھا۔ قبل ازیں ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا تھا کہ اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں درجنوں فلسطینیوں کی ہلاکت ’نسل کشی‘ ہے۔ اسرائیلی دستوں کے ساتھ جھڑپوں میں منگل کے روز بھی دو فلسطینی مارے گئے۔ اس طرح غزہ پٹی میں دو روز میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد اب ساٹھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

[pullquote]فلسطینیوں کو پرامن احتجاج کا حق حاصل ہے، فرانس[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے غزہ میں ہونے والی ہلاکتوں کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج کرنا فلسطینیوں کا حق ہے۔ قبل ازیں فرانسیسی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو دھماکا خیز قرار دیتے ہوئے ممکنہ ’جنگ کے خطرے‘ سے خبردار بھی کیا تھا۔

[pullquote]اسرائیلی سفیر طلب، غزہ میں ہلاکتوں کی آزادانہ تفتیش کرائی جائے، بیلجیم[/pullquote]

یورپی ملک بیلجیم نے بھی غزہ میں ہونے والی ہلاکتوں کے بعد اقوام متحدہ سے ان واقعات کی تفتیش کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ بیلجیم کی حکومت نے برسلز میں تعینات اسرائیلی سفیر کو طلب کرتے ہوئے ان کے اس بیان پر بھی احتجاج کیا، جس میں انہوں نے تمام فلسطینی متاثرین کو ’دہشت گرد‘ قرار دیا تھا۔ بلیجیم کے وزیر اعظم شارل میشل کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے عام شہریوں کے خلاف طاقت کا غلط استعمال کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مظاہرین پر براہ راست فائرنگ شرمناک ہے۔

[pullquote]ایرانی ڈیل سے متعلق ٹرمپ کے فیصلے سے یورپی امریکی تعلقات کو دھچکا لگا، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے مطابق ایرانی جوہری معاہدے سے واشنگٹن کی دستبرداری سے امریکا اور یورپ کے تعلقات کو دھچکا لگا ہے۔ جرمن ٹریڈ یونینوں کی ملکی تنظیم کی ایک کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے میرکل کا کہنا تھا کہ یورپ ایران کی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے لیکن اس کے باوجود جوہری معاہدہ ہی آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے۔ میرکل کے مطابق ایرانی ڈیل یورپی امریکی تعلقات میں تبدیلی کا باعث بنی ہے۔ ماضی میں جرمن چانسلر یہ بھی کہہ چکی ہیں کہ اب امریکا پر مکمل انحصار نہیں کیا جا سکتا۔

[pullquote]بھارت: کرناٹک میں بھی بے جے پی آگے، کانگریس کو شدید دھچکا[/pullquote]

بھارت ریاست کرناٹک کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی زیادہ تر نشستیں جیتنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بی جے پی نے 104 سیٹیں جیتی ہیں۔ حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کو 78 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ اس سے قبل کانگریس کے 122 ارکان ریاستی اسمبلی کا حصہ تھے۔ کانگریس نے بی جے پی کو حکومت سازی سے دور رکھنے کے لیے کسی تیسری جماعت کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے۔ بھارت کی انتیس ریاستوں میں سے اکیس میں قوم پرست بی جے پی کی حکومت ہے۔ کرناٹک کی 224 رکنی اسمبلی میں حکومت سازی کے لیے کم از کم 113 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔

[pullquote]سعودی عرب نے اسرائیل میں امریکی سفارت خانے کی منتقلی کو مسترد کر دیا[/pullquote]

سعودی عرب نے اسرائیل میں امریکی سفارت خانے کی منتقلی کو مسترد کر دیا ہے۔ سعودی وزراء کی کونسل کے ایک بیان میں کہا گیا کہ امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے یروشلم منتقلی فلسطینی عوام کے تاریخی حقوق کے خلاف تعصب کو ظاہر کرتی ہے۔ سعودی عرب کا شمار امریکا کا حلیف ممالک میں ہوتا ہے۔ گزشتہ روز ہی یروشلم میں نئے امریکی سفارت خانے کا افتتاح ہوا تھا۔

[pullquote]برسلز میں جواد ظریف کی موگیرینی سے ملاقات[/pullquote]

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے یورپی خارجہ امور کی سربراہ فیدیریکا موگیرینی سے ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس دوران دونوں رہنماؤں نے ایرانی جوہری معاہدے کے مستقبل کے موضوع پر بات چیت کی۔ ظریف بعد ازاں برسلز میں ہی یورپی وزراء خارجہ کے ایک اجلاس میں بھی شرکت کر رہے ہیں۔ امریکا کی جانب سے اس سمجھوتے سے دستبرداری کے اعلان کے بعد جواد ظریف چین اور روس کے دورے بھی کر چکے ہیں۔ امریکا کے علاوہ جرمنی، برطانیہ اور فرانس کے ساتھ ساتھ روس اور چین نے بھی اس معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

[pullquote]افغانستان: سیلاب کی وجہ سے تیس سے زائد ہلاکتیں[/pullquote]

افغانستان کے مختلف علاقوں میں سیلابوں کی زد میں آ کر کم از کم 34 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ افغان حکام کے مطابق بارشوں کی وجہ سے گیارہ صوبے متاثر ہوئے ہیں۔ اس دوران تقریباً ڈھائی سو مکانات منہدم ہو گئے ہیں اور وسیع رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ ایک بیان میں بتایا گیا کہ چھ سو سے زائد مویشی بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے جبکہ اشیاء ضرورت کی تقسیم بھی جاری ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا نے جوہری تجربوں کے لیے مخصوص علاقے کو منہدم کرنے کا عمل شروع کر دیا[/pullquote]

شمالی کوریا نے جوہری تجربوں کے لیے مخصوص علاقے کو منہدم کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ پیونگ یانگ ذرائع کے مطابق پنگی ری نامی اس تجرباتی علاقے کے خاتمے کا کام آئندہ اختتام ہفتہ تک مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد غیر ملکی صحافیوں کو وہاں کے دورے کی دعوت دی جائے گی۔ جنوبی کوریا اور امریکا نے اس اقدام کو سراہا ہے۔ شمالی کوریا اپنے رہنما کم جونگ ان اور امریکی صدر ٹرمپ کی سربراہی ملاقات سے قبل یہ دکھانا چاہتا ہے کہ وہ اپنے جوہری منصوبوں کو ترک کرنے کی سوچ پر عمل پیرا ہے۔ اُن اور ٹرمپ کی ملاقات بارہ جون کو ہو گی۔

[pullquote]اسرائیل کو طاقت کا غیر ضروری استعمال نہیں کرنا چاہیے، موگیرینی[/pullquote]

یورپی یونین نے فلسطینیوں اور اسرائیلیوں سے پرامن رہنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یورپی یونین کے خارجہ امور کی نگران فیدیریکا موگیرینی کے بقول اسرائیل کو غیر ضروری طاقت کا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوسری جانب حماس کو بھی یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ان کے احتجاج میں اشتعال انگیزی نہ ہو۔ ساتھ ہی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے بھی مشرق وسطی تنازعے کے فریقین سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔

[pullquote]فلسطینی آج مرنے والوں کو دفن کر رہے ہیں، تین روزہ سوگ[/pullquote]

فلسطینی آج گزشتہ روز غزہ اسرائیل سرحد پر احتجاج کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تدفین کر رہے ہیں۔ اس موقع پر فلسطینی صدر محمد عباس نے تین روز سوگ کا اعلان کرتے ہوئے عام ہڑتال کی درخواست کی ہے۔ غزہ سرحد پر گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری ہفتہ وار مظاہروں کا انتظام کرنے والی کمیٹی کے سربراہ خالد باتش کے بقول منگل کا جنازوں کا دن ہو گا۔ اس کا مطلب یہ بھی لیا جا رہا ہے کہ آج 15 مئی کو فلسطینیوں کی طرف سے اسرائیل غزہ سرحد پر مظاہرے نہیں ہوں گے۔

[pullquote]غزہ میں ہلاکتوں کے موضوع پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس[/pullquote]

غزہ میں مظاہروں کے دوران بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے موضوع پر آج منگل کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہو رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اجلاس کویت کی درخواست پر بلایا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز یروشلم میں امریکی سفارت خانے کے افتتاح کے موقع پر کیے جانے والے احتجاج کے دوران اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے کم از کم 58 فلسطینی ہلاک ہو گئے تھے۔ زخمی ہونے والے مظاہرین کی تعداد دو ہزار کے لگ بھگ ہے۔ امریکا نے ان پر تشدد واقعات کی ذمہ داری فلسطینی تنظیم حماس پر عائد کی ہے۔

[pullquote]اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے، ایردوآن[/pullquote]

ترکی نے غزہ میں ہلاکتوں کے بعد امریکا اور اسرائیل میں تعینات اپنے سفیروں کو مشاورت کے لیے واپس طلب کر لیا ہے۔ ترک صدر ایردوآن کے بقول اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے۔ ایردوآن نے مزید کہا کہ اسرائیلی نے جو کچھ کیا ہے وہ نسل کشی ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ترک صدر کے اس بیان کو مسترد کر دیا ہے۔ نیتن یاہو نے کہا کہ ایردوآن حماس کے ایک بڑے حامی ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ’دہشت گردی اور قتل و غارت میں مہارت‘ رکھتے ہیں۔

[pullquote]غزہ ہلاکتیں، برطانیہ کا آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ، جرمنی کا حمایت کا اشارہ[/pullquote]

جرمنی نے غزہ کے ہلاکت خیز واقعات کی آزادانہ تحقیقات کے مطالبے کی حمایت کا اشارہ دیا ہے۔ برلن حکومت کے ترجمان اسٹیفن زائبرٹ کے مطابق ایک غیر جانبدار کمیشن ہی غزہ کی سرحد پر خون خرابے کی تہہ تک پہنچ سکتا ہے۔ اس سے قبل امریکا نے سلامتی کونسل میں غزہ میں ہلاکتوں سے متعلق قرارداد کو ویٹو کر دیا تھا۔ برطانیہ بھی غزہ سے ملنے والی اسرائیلی سرحد پر خونریز واقعات کی آزادانہ تفتیش کا مطالبہ کر چکا ہے۔ گزشتہ روز غزہ سرحد پر احتجاج کے دوران اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم 58 فلسطینی ہلاک اور دو ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

[pullquote]جواد ظریف آج یورپی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے[/pullquote]

یورپی وزرائے خارجہ آج اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اس ملاقات کے تناظر میں جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا کہ امریکی دستبرداری سے قطعہ نظر جب تک ایران جوہری معاہدے پر عمل درآمد کرتا رہے گا، اس وقت تک یورپی یونین بھی اس معاہدے کا پاس کرے گی۔ ماس کے بقول بین الاقوامی سطح پر تخفیف اسلحہ کے حوالے سے یہ سمجھوتہ انتہائی اہم ہے اور اسے بچانے کی پوری کوشش کرنی چاہیے۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف آج برسلز میں یورپی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

[pullquote]عراق: الصدر ٹیکنوکریٹس کی حکومت قائم کریں گے[/pullquote]

عراقی پارلیمانی انتخابات میں کامیابی کے بعد شیعہ مذہبی رہنما مقتدیٰ الصدر نے ٹیکنوکریٹس کی حکومت قائم کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ الصدر کے بقول ان کی حکومت کی ترجیحات میں اصلاحات پر عمل درآمد بھی شامل ہو گا۔ ان انتخابات میں دوسرے نمبر پر الصدر کا حامی ایک ایسا اتحاد آیا ہے، جس کے ایران کے ساتھ قریبی روابط ہیں۔ موجودہ وزیر اعظم حیدر العبادی کا سیاسی اتحاد ان انتخابات میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا پایا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سولہ صوبوں میں ووٹوں کی گنتی مکمل کر لی گئی ہے اور جلد ہی حتمی نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔

[pullquote]برلن میں جعلی شادیاں کرانے والے گروہ کے خلاف کارروائی[/pullquote]

جرمن پولیس نے دارالحکومت برلن میں انسانوں کی تجارت میں مبینہ طور پر ملوث افراد کے خلاف چھاپے مارے ہیں۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس دوران کم از کم بیس فلیٹوں کی تلاشی لی گئی اور تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اس بیان کے مطابق شبہ ہے کہ یہ افراد ویتنام سے تعلق رکھنے والے پناہ گزینوں کی جعلی شادیاں کرواتے تھے۔ پولیس کے مطابق جرمن ویتنامی یہ گروہ دس افراد پر مشتمل ہے۔ گرفتار شدگان میں دو ویتنامی مرد اور ایک جرمن خاتون شامل ہے۔ اس دوران جعلی کاغذات بھی تحویل میں لیے گئے ہیں۔

[pullquote]اٹلی میں حکومت سازی کا عمل مزید تاخیر کا شکار[/pullquote]

اٹلی میں حکومت سازی کا عمل مزید تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ عوامیت پسند فائیو اسٹار تحریک اور انتہائی دائیں بازو کے حلقوں نے اعلان کیا ہے کہ کچھ اہم نکات ابھی طے نہیں ہو پائے ہیں۔ اس سے قبل ان دونوں جماعتوں کے سربراہوں نے صدر سرجیو ماتاریلا سے ملاقات کی تھی۔ اٹلی میں ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ سربراہ حکومت کون بننے گا۔ اٹلی میں چار مارچ کو پارلیمانی انتخابات ہوئے تھے۔

[pullquote]پوٹن آج کریمیا پُل کا افتتاح کر رہے ہیں[/pullquote]

روسی صدر ولادی میر پوٹن آج منگل کو جزیرہ نما کریمیا کو روس بقیہ حصے کے ساتھ ملانے والے ایک پل کا افتتاح کریں گے۔ یوکرائن نے اس منصوبے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ اس پل کی وجہ سے بڑے بحری جہاز اس کی بندرگاہوں تک نہیں پہنچ سکیں گے۔ انیس کلومیٹر طویل ’کریمیا برج‘ روس کے ساتھ ساتھ یورپ کا بھی طویل ترین پل ہے۔ اس کی تیاری پر ساڑھے تین ارب یورو سے زائد کی لاگت آئی ہے۔ روس نے 2014ء میں کریمیا کو اپنے ساتھ ملا لیا تھا، جسے یوکرائن اور یورپی یونین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے