اتوار:20 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایردوآن انتخابی ریلی کے لیے ساراژیوو میں[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن بوسنیا ہرزیگووینا میں ایک انتخابی ریلی میں شرکت کے لیے ساراژیوو پہنچ رہے ہیں۔ ایردوآن بیرون ملک مقیم ترک باشندوں کو اگلے ماہ قبل از وقت صدارتی انتخابات میں اپنے حق میں ووٹ ڈالنے پر مائل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ یورپ میں کسی دوسرے شہر یا ملک میں ایردوآن ایسی کسی ریلی میں شرکت نہیں کریں گے۔ گزشتہ برس مغربی یورپی ممالک بشمول جرمنی نے اس انداز کی ریلیوں پر پابندی عائد کی تھی۔ انقرہ حکومت اور مغربی یورپی ممالک کے درمیان اس موضوع پر کشیدگی بھی پیدا ہوئی تھی۔

[pullquote]آئندہ عراقی حکومت میں ’سب‘ شامل ہوں گے، الصدر[/pullquote]

عراقی مذہبی رہنما مقتدیٰ الصدر نے کہا ہے کہ آئندہ عراقی حکومت میں ’سب کو شامل‘ کیا جائے گا۔ مقتدیٰ الصدر کے انتخابی اتحاد کو حالیہ انتخابات میں سب سے زیادہ پارلیمانی نشستیں حاصل ہوئی تھی۔ 12 مئی کو ہونے والے انتخابات میں کوئی ایک اتحاد واضح برتری حاصل نہیں کر پایا تھا، جس کی بنا پر اب مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان حکومت سازی کے لیے بات چیت جاری ہے۔ ہفتے کے روز وزیراعظم حیدر العبادی سے ملاقات کے بعد مقتدیٰ الصدر نے بغیر تفصیلات بتائے کہا کہ آئندہ حکومت کا حصہ ’سب‘ ہوں گے۔

[pullquote]ہوائی میں لاوے سے ایک شخص زخمی[/pullquote]

امریکی ریاست ہوائی میں آتش فشاں پھٹنے کے بعد بہنے والے لاوے سے ایک شخص زخمی ہو گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لاوے کی وجہ سے ہوائی میں کسی شخص کے زخمی ہونے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ حکام کے مطابق لاوے کی وجہ سے یہ شخص اپنے گھر میں مقید ہو گیا تھا اور اسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ حالیہ چند ہفتوں سے ہوائی میں آتش فشاں پھٹنے کی وجہ سے لاوے اور راکھ کے اخراج کا سلسلہ جاری ہے۔

[pullquote]بنگلہ دیش میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 13 افراد ہلاک[/pullquote]

بنگلہ دیش میں پولیس نے 13 منشیات فروشوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ حکام کے مطابق ملک بھر میں منشیات کے اسمگلروں اور ڈیلروں کے خلاف جاری اس بڑی کارروائی میں اب تک سینکڑوں افراد کو حراست میں لیا گیاہے۔ بتایا گیا ہے کہ چار منشیات فروشوں کو اتوار کی صبح مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران ہلاک کیا گیا ہے۔ اس کریک ڈاؤن کے لیے سریح الحرکت فورسز استعمال کی جا رہی ہے۔ گزشتہ منگل کو بھی اسی فورس کی جانب سے چھاپوں کے دوران نو افراد مارے گئے تھے۔

[pullquote]کانگو میں ایبولا کے خلاف ویکیسینیشن پیر سے[/pullquote]

کانگو میں ایبولا کی وبا کے خلاف ویکیسینیشن کا عمل پیر کے روز سے شروع کر دیا جائے گا۔ اتوار کو ڈیموکریٹک ریپبلک کانگو کی وزارت صحت کے ایک ترجمان نے کہا کہ خطرناک ایبولا وائرس کے خلاف پیر کے روز سے ویکسینیشن مہم شروع کی جا رہی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہفتے کے روز چار ہزار خوراکیں بانڈاکا شہر پہنچائی جا چکی ہیں۔ کانگو کے اسی شہر میں ایبولا کا پہلا کیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔

[pullquote]شمالی کوریائی رہنما سے ملاقات، امریکا اور جنوبی کوریا کی مشاورت[/pullquote]

جنوبی کوریائی صدر مون جے اِن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز ٹیلی فون بات چیت کی۔ اس بات چیت میں اتفاق کیا گیا کہ شمالی کوریا کی جانب سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی دھمکی کے باوجود کم جونگ اُن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مجوزہ ملاقات متوقع ہے۔ مون اور ٹرمپ کے درمیان بیس منٹ تک ٹیلی فون پر بات چیت جاری رہی۔ جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر کی جانب سے تفصیلات بتائے بغیر کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے شمالی کوریا کے حالیہ اقدامات کے تناظر میں گفتگو کی ہے۔

[pullquote]اسرائیلی سرحد پر سینکڑوں فلسطینیوں کے مظاہرے میں حماس رہنما بھی شامل[/pullquote]

فلسطینی تنظیم حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ بھی اسرائیلی سرحد پر سینکڑوں افراد کے مظاہرے میں شامل ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ سرحدی باڑ سے چند سو میٹر کے فاصلے پر انہوں نے فلسطینی پرچم لہرایا اور فتح کا اشارہ کیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق غزہ سے ملحق سرحدی باڑ کے قریب پانچ مقامات پر قریب ایک ہزار مظاہرین موجود ہیں۔ گزشتہ پیر سے ان مظاہروں کے نتیجے میں کم از کم ساٹھ فلسطینی ہلاک جب کہ دو ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ فلسطینی امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے یروشلم منتقلی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

[pullquote]مصر میں ایک سوشلسٹ کارکن گرفتار[/pullquote]

مصر کی سکیورٹی استغاثہ نے ایک معروف سوشلسٹ رہنما کو پندرہ روز کے لیے حراست میں لینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان پر ’غیرقانونی مظاہروں کو ہوا دینے‘ کا الزام عائد ہے۔ حاتم محمدین نامی بائیں بازو کے رہنما اور وکیل کو جمعے کے روز ان کے گھر سے گرفتار کر لیا گیا۔ میٹرو کے کرایوں میں اضافے پر احتجاج کرنے پر کم از کم دیگر 20 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ محمدین کے وکلا کا کہنا ہے کہ ان کے مؤکل پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ نقص امن کا باعث بنے۔

[pullquote]ایران پر دباؤ کے لیے وسیع تر کوششیں کرنا ہوں گی، پومپیو[/pullquote]

امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے وسیع تر کوششوں کی ضرورت ہے۔ جرمنی، برطانیہ اور فرانس کی اپیلوں کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی جوہری معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا، جس کے باعث امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے۔ کل پیر کے روز مائیک پومپیو ایران کے موضوع پر اتحادی ممالک کو ایک نئی ڈیل پر متفق کرنے کے لیے پالیسی بیان دیں گے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ ایرانی جوہری ڈیل تہران حکومت کے میزائل پروگرام پر قدغن نہیں لگاتی، اس لیے اس سلسلے میں نئے معاہدے کی ضرورت ہے۔

[pullquote]بین الاقوامی دباؤ مسترد، مادورو پھر انتخابات میں حصہ لیں گے[/pullquote]

وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو تمام تر بین الاقوامی دباؤ مسترد کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس طرح وہ اگلے چھ برس کے لیے ملکی صدر کے عہدے پر فائز رہنے کے متمنی ہیں۔ اتوار کے روز ہونے والے انتخابات میں ان کی شرکت پر اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کی گئی ہے۔ ان انتخابات کا مرکزی اپوزیشن جماعت نے بائیکاٹ کر رکھا ہے جب کہ مادورو کے اہم سیاسی حریفوں کی انتخابات میں شرکت پر پابندی عائد ہے۔ مبصرین کے مطابق اپوزیشن میں پائی جانے والی تقسیم اور اختلافات کے تناظر میں مادورو انتخابات میں باآسانی فتح یاب ہو سکتے ہیں۔

[pullquote]پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں سابق بھارتی سفارت کار کو سزا[/pullquote]

ایک سابق بھارتی خاتون سفارت کار کو پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں تین برس قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ اس سفارت کار پر الزام تھا کہ انہوں نے پاکستانی خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس کے لیے جاسوسی کی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ مادھوری گپتا نامی اس سابق سفارت کار کو جمعے کے روز نئی دہلی کی ایک عدالت نے اسلام آباد میں بھارتی سفارت خانے میں تعیناتی کے دوران جاسوسی اور غیرقانونی طور پر معلومات کی ترسیل جیسے الزامات کے تحت سزا سنائی۔ 61 سالہ گپتا کو اس الزام میں سن 2010 میں گرفتار کیا گیا تھا۔

[pullquote]پیرس چاقو حملے کے بعد گرفتار کی گئی دو خواتین رہا[/pullquote]

پیرس میں ایک چاقو حملے کے بعد حراست میں لی گئیں دو نوجوان خواتین کو ہفتے کے روز رہا کر دیا گیا ہے۔ جمعرات کو ان خواتین کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ چیچینا سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ فرانسیسی شہری خامزات اعظیموف نے پیرس میں چاقو حملہ کر کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا تھا اور بعد میں یہ حملہ آور پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں مارا گیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے