یاسین گلشن آپ بھی مہاتیر محمد بن جائیں

معلوم ہوا ہے آزادکشمیر کے وزیر زکوة و عشر چوہدری یاسین گلشن پر برین ہیمرج کا شدید حملہ ہوا ،جنھیں مظفر آباد سے الشفاءانٹرنیشنل ہاسپٹل اسلام آباد منتقل کردیا گیا،میری رب عظیم سے دعا ہے اللہ تعالیٰ ماہ صیام کے طفیل چوہدری یاسین گلشن کو شفائے کاملہ نصیب کرے اور اپنے ہر دلعزیز قارئین سے بھی چوہدری یاسین گلشن کے لیے خصوصی دعا کی استدعا ہے۔
یہ جان کر حیرانگی ہوئی کہ آزادکشمیر میں ایک بھی ہسپتال موجود نہیں جس میں وزیراعظم راجا فاروق حیدراپنی آزاد حکومت میں اپنے ایک وزیر کا علاج کرسکیں،آزادکشمیر کے عوام راولپنڈی اسلام آباد کے گلے سڑے ہسپتالوں میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہوتے ہیں،بالآکر بیماریوں سے لڑتے لڑتے ان کے جسد خاکی ہی وطن لوٹتے ہیں،چلیں چھوڑیں قارئین آج ملائیشیا چلتے ہیں،جہاں سے ایک مختصر واقعہ آپکی نذر کرتے ہیں۔

مہاتیر محمد اس وقت92سالہ ملائیشیا کے وزیر اعظم ہیں،یہ ایک بار دل کے عارضے میں مبتلا ہوگئے،ان کی حکومت نے فیصلہ کیاکہ انھیں بیرون ملک بغرض علاج منتقل کردیا جائے،لیکن یہ بضد ہوگئے کہ یہ علاج اپنے ہی ملک میں کرائیں گے،ملک بھر کے ڈاکٹروں کی دوڑیں لگ گئیں،تمام کارڈیالوجی سینٹرز کو ہنگامی طور پر ٹھیک کردیا گیا۔

مہاتیر محمد کی ایک ضد نے پورے ملک کے غریبوں کے علاج کے لیے کارڈیالوجی سینٹرز کو بہتر بنا دیا،چنانچہ ان کا علاج اپنے ہی ملک میں ہوا،یہ92سال کی عمر میں بھی برسر اقتدار آگئے،ان کے ایک اچھے کام نے شاید انھیں پھر سے اقتدار کی دولت نصیب کرائی۔

اس وقت آزادکشمیر میں کوئی بڑا ہسپتال موجود نہیں جہاں کشمیری شہریوں کا علاج ہوسکے،پمزہسپتال،سی ایم ایچ،ایم ایچ ،ہولی فیملی سمیت متعدد اسپتالوں میں سینکڑوں کشمیری مریض موت اور زندگی کی کشمکش میں بالآخر یہ بازی بھی ہار جاتے ہیں۔

آزادکشمیر کے 13حلقے گولہ باری کی زد میں رہتے ہیں،جن میں وزیر حکومت چوہدری یاسین گلشن کا حلقہ بھی ہے،یاسین گلشن آپ بھی مہاتیر محمد بن جائیں،زندگی بار بار نہیں ملتی،کہاں شام ہوجائے کسی کو علم نہیں،آپ اس وقت پاکستان کے ایک بڑے ہسپتال الشفاءانٹرنیشنل میں زیر علاج ہیں،اللہ تعالیٰ آپ کا صحت کاملہ دے تو آپ مہاتیر محمد کی طرح اپنے حلقہ انتخاب میں حتی الامکان کوشش کرکے الشفاءانٹرنیشنل کی ہی طرح ایک ہسپتال بنا دیں۔

آئے روز آپ کے حلقہ انتخاب کا بٹل منڈہول اور تتہ پانی درہ شیر خان سیکٹر گولہ باری کی زد میں رہتا ہے،یہاںکے مقامی شہری گولہ باری کا شکار ہوتے ہیں جنھیں زخمی حالت میں کوٹلی اور راولاکوٹ منتقل کیا جاتا ہے،جہاں سے راولپنڈی ریفر کرتے ہوئے وہ زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔

آپ تین اضلاع کے سنگم شہر تتہ پانی میں ہی ایک بڑا ہسپتال بنوا دیں،جو آپ کے حلقہ انتخاب میں واقع ہے ،آپ کوٹلی کے حکومتی نمائندے کا بھی تعاون حاصل کرلیں، آپ آزادکشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر کو بھی اس کام کے لیے راغب کریں کہ وہ آپ کے ساتھ اس نیک کام میں تعاون کریں،آپ حلقہ انتخاب کے حکمران ہیں،آپ کے ذمہ بھی ہے کہ حلقہ کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کریں،جن میں صحت عامہ لازم ہے۔
آپ سب سے متاثرہ سیکٹر تتہ پانی بٹل میں ایک ریڈ کریسنٹ سوسائٹی سینٹر کا قیام بھی عمل میں لے آئیں،تاکہ ریڈ کریسنٹ مقامی نوجوانوں کو بھی تربیت دے تاکہ فرسٹ ایڈ کورسز کرا سکے،آپ اپنے لوگوں کو فرسٹ ایڈ کورسز کے ساتھ ساتھ انھیں فرسٹ ایڈ کٹس کی فراہمی کو بھی یقینی بنادیں۔

یا آپ اپنے حلقہ انتخاب میں ایک کارڈیالوجی سینٹر،ایک برن سینٹر یا ڈائیلاسز سینٹر کی تحریک کردیں،تاکہ آپ کے حلقہ انتخاب میں اچھے ہسپتال سے لوگ علاج کراسکیں نیز مقامی سطح پر بھی لوگوں کو سہولیا ت میسر آئیں،یقین کیجئے گا ایک بار آپ کے ہی حلقہ انتخاب عباس پور کے شہری کوٹلی کے ضلعی ہسپتال میں ملے جنھیں عباس پور سے اپنڈکس آپریشن کے لیے راولاکوٹ منتقل کیا گیا،انھوں نے کوٹلی قریبی ہسپتال سمجھ کر مریضوں کو لایا۔
ایک اور واقعہ آپ سے شیئر کرتا چلوں آپ کے حلقہ انتخاب کے علاقے تاہی میں ایک پندرہ سترہ سالہ نوجوان اپنڈکس پھٹ جانے سے موت کے منہ میں جا پہنچا،جو اپنے والدین کا سہارا تھا۔

جہاں سیاست عوامی خدمت کا نام ہے اس عوامی خدمت میں اپنا نام آپ بھی سنہری حروف میں لکھوا کر مہاتیر محمد بن جائیں، میری اپنے رب عظیم سے خصوصی دعا ہے کہ اللہ آپکو صحت کاملہ عطا فرمائے ،یہ تحریر آپ تک پہنچے تو صحت یاب ہونے کے بعد لازمی اس جانب توجہ دیں،زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں،آپ اگر یہ کام کرلیتے ہیں کہ نہ صر ف آپ کے حلقہ انتخاب کے لوگ آپ کو دعائیں گے بلکہ آزادکشمیر بھر سے علاج کی غرض سے آنے والے شہری بھی آپکو دعائیں دیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے