09جون 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روس کی جی سیون میں واپسی یوکرائنی تنازعے سے جڑی ہے۔ میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ جی سیون میں روس کی واپسی یوکرائنی تنازعے میں بہتری کے آثار سے مشروط ہے۔ انہوں نے کینیڈا کے مقام لا مالبائی میں جی سیون سمٹ کے اجلاس میں شریک ہونے سے قبل رپورٹرز پر واضح کیا کہ گروپ کے اراکین روس کی واپسی پر متفق ہیں لیکن یوکرائنی بحران میں واضح پیش رفت سے قبل یہ ممکن نہیں۔ انہوں نے اٹلی، برطانیہ اور فرانس کے رہنماؤں سے کانفرنس کے حاشیے میں ملاقات کے بعد یہ بیان دیا۔ میرکل کا بیان امریکی صدر کے اُس بیان کے جواب میں ہے جس میں انہوں نے جی سیون میں روس کی واپسی کا کہا تھا۔

[pullquote]اردن میں مظاہرے، سعودی عرب میں علاقائی کانفرنس[/pullquote]

سعودی عرب نے اردن میں حکومت مخالف مظاہروں کے تناظر میں ایک خصوصی علاقائی کانفرنس طلب کی ہے۔ عمان حکومت سے اظہارِ یک جہتی کے لیے بلائی گئی یہ کانفرنس اتوار دس جون کو مکہ میں ہو گی۔ اس میں میزبان سعودی عرب کے علاوہ اردن، کویت اور متحدہ عرب امارات کے نمائندے شریک ہوں گے۔ سعودی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق اس کانفرنس میں اردن کے اِن بحرانی حالات پر قابو پانے کے طریقوں کو زیر بحث لایا جائے گا۔ امکان ہے کہ کانفرنس کے دوران خلیجی ریاستوں کی جانب سے اردن کی مالی امداد کے وعدے سامنے آ سکتے ہیں۔

[pullquote]شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس شروع ہو گیا[/pullquote]

چین کے شمالی بندرگاہی شہر چِنگ ڈاؤ میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کا اٹھارہواں سربراہی اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ اففتاحی اجلاس سے چینی صدر شی جن پنگ نے خطاب کیا۔ پاکستان کے صدر بھی کانفرنس میں اپنے ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن بھی اس اجلاس میں شرکت کے لیے چین میں ہیں۔ ایران بھی اس سمٹ میں خاص طور پر شریک ہے۔ بھارت سے وزیراعظم نریندر مودی چنگ ڈاؤ پہنچے ہوئے ہیں۔ اس تنظیم کے رکن ملکوں میں میزبان چین کے علاوہ روس، قزاقستان، ازبکستان، کرغزستان، تاجکستان، پاکستان اور بھارت شامل ہیں۔ پاکستان اور بھارت کو سن 2017 میں اس تنظیم کا باقاعدہ رکن بنایا گیا تھا۔ ایس سی او کی بنیاد تقریباً سترہ برس قبل سن 2001 میں رکھی گئی تھی۔ اس کے بنیادی مقاصد میں سے انسداد دہشت گردی، سرحدی تنازعات کا حل اور علاقائی اقتصادی صورت حال کو بہتر بنانا اہم ترین ہیں۔

[pullquote]طالبان کے حملے میں ڈیڑھ درجن سے زائد پولیس اہلکار ہلاک[/pullquote]

شمالی افعان صوبے قندوز میں طالبان کے ایک حملے میں کم از کم انیس پولیس اہلکار مارے گئے ہیں۔ افغان سکیورٹی ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوں نے یہ حملہ ہفتہ نو جون کی علی الصبح قندوز کے علاقے قلعہٴ زال میں کیا، جہاں صوبائی پولیس کا ایک مرکز قائم ہے۔ اس حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کر لی ہے۔ قندوز کے گورنر کے ترجمان کی جانب سے بھی حملے اور ہلاکتوں کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ طالبان کا یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب انہوں نے عیدالفطر کے موقع پر تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]شام میں داعش کو مزید پسپائی کا سامنا[/pullquote]

سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے بتایا ہے کہ البو کمال کے علاقے میں جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جہادیوں کو مزید پسپائی کا سامنا ہے۔ شامی حالات و واقعات پر نگاہ رکھنے والے اپوزیشن کے مبصر گروپ کے مطابق جمعہ آٹھ جون کو داعش نے حکومتی فورسز کی پیشقدمی روکنے کے لیے کم از کم دس خودکش حملے بھی کیے لیکن یہ کوشش بھی ناکام رہی۔ البوکمال کی لڑائی میں حکومت کے تیس جنگجوؤں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ البوکمال کا علاقہ دریائے فرات اور مشرقی شام کے درمیان واقع ہے۔

[pullquote]عراق میں بم دھماکے، ایک ہلاک اٹھارہ زخمی[/pullquote]

شمالی عراقی شہر کرکُوک میں تین بم دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ان دھماکوں کی زد میں آ کر ایک خاتون ہلاک اور دیگر اٹھارہ زخمی ہیں۔ طبی حکام نے بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتاتے ہوئے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اعلیٰ عراقی فوجی افسر بریگیڈیئر جنرل علی کمال کے مطابق یہ بم دھماکے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب شہر کے مختلف مقامات پر ہوئے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صرف کرکُوک شہر کے وسطی علاقے میں پھٹنے والے بم سے جانی نقصان ہوا۔

[pullquote]اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے چار فلسطینی ہلاک[/pullquote]

جمعہ آٹھ جون کو غزہ اور اسرائیل کی سرحد پر فلسطنیوں کے احتجاجی مظاہروں کے دوران چار مظاہرین ہلاک ہو گئے۔ غزہ میں طبی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ان چار فلسطینیوں میں ایک پندرہ سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے آنسو گیس کے استعمال اور فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی چھ سو سے زائد بتائی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اس کی طرف سے فائرنگ اپنے دفاع میں کی گئی کیونکہ فلسطینی مظاہرین پتھراؤ کرتے ہوئے اور جلتے ہوئے ٹائروں کے ساتھ سرحد عبور کرنے کی کوشش میں تھے۔ تیس مارچ سے جاری اور ہر جمعے کے روز اس سرحدی علاقے میں کیے جانے والے ان مظاہروں میں اب تک 124 فلسطینی ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔

[pullquote]افغان طالبان عید پر تین روزہ جنگ بندی کریں گے[/pullquote]

افغان طالبان نے عیدالفطر کے موقع پر ملکی سکیورٹی فورسز اور اتحادی دستوں کے خلاف تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔ ایک بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس وقفے کے بعد غیر ملکی افواج کے خلاف عسکری کارروائیاں بحال کر دی جائیں گی۔ طالبان نے مزید کہا ہے کہ اس جنگ بندی کے دوران کسی بھی حملے کے خلاف طالبان اپنا پرزور دفاع کریں گے۔ طالبان کے اس سہ روزہ جنگ بندی اعلان سے قبل افغان صدر اشرف غنی نے بھی طالبان کے خلاف ایک ہفتے کی فائربندی کا اعلان کر دیا تھا۔ سن 2001 میں امریکا کی قیادت میں افغانستان پر فوج کشی کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے کہ طالبان نے عید کے موقع پر سیزفائر کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]جی سیون سمٹ: ٹرمپ کی کینیڈین وزیر اعظم اور فرانسیسی صدر سے ملاقاتیں[/pullquote]

واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے مطابق کینیڈین علاقے لا مالبائی میں امیر اور صنعتی ترقی یافتہ ممالک کے گروپ جی سیون کی سمٹ کے حاشیے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی ایک ترجمان نے بتایا کہ امریکی صدر اور کینیڈین وزیر اعظم کے درمیان شمالی امریکی آزاد تجارتی معاہدے پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق فرانسیسی صدر کے ساتھ بات چیت میں ٹرمپ نے اپنی توجہ شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن کے ساتھ ہونے والی اپنی آئندہ ملاقات پر مرکوز رکھی۔ ٹرمپ اور اُن کی ملاقات بارہ جون کو سنگاپور میں ہو گی۔

[pullquote]عالمی سلامتی کونسل کے پانچ غیر مستقل ارکان کا انتخاب کر لیا گیا[/pullquote]

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جمعہ آٹھ جون کو ہونے والی رائے شماری کے نتیجے میں جرمنی، بیلجیم، جنوبی افریقہ، ڈومینیکن ریپبلک اور انڈونیشیا سلامتی کونسل کے غیر مستقل اراکین منتخب ہو گئے۔ یہ ممالک سلامتی کونسل میں اپنی نشستیں یکم جنوری سن 2019 سے سنبھالیں گے۔ انڈونیشیا نے سلامتی کونسل کی رکنیت کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں مالدیپ کے 46 ووٹوں کے مقابلے میں 144 ووٹ حاصل کیے۔ جرمنی، بیلجیم، جنوبی افریقہ اور ڈومینیکن ریپبلک بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ بلا مقابلہ منتخب ہونے کے باوجود ضوابط کے تحت جنرل اسمبلی کے دو تہائی ارکان نے سلامتی کونسل کی رکنیت کے لیے ان ممالک کی توثیق کی۔ جمعے کے دن جنرل اسمبلی کے اجلاس میں 190 ممالک شریک تھے۔

[pullquote]ٹرانس پیسیفک تجارتی معاہدے پر نظرثانی کی جائے گی، مہاتیر محمد[/pullquote]

ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے ٹرانس پیسیفک شراکتی تجارتی معاہدے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ اُن کے مطابق اس معاہدے کی موجودہ شرائط ملائیشیا جیسی چھوٹی اقتصادیات کے حامل ملکوں کے لیے فائدہ مند نہیں ہیں۔ انہوں نے یہ بات جاپانی اقتصادی جریدے ’نِکئی‘ کو دیے گئے اس انٹرویو میں کہی، جو آج ہفتے کے روز شائع ہوا۔ مہاتیر محمد نے کہا کہ اس سمجھوتے میں چھوٹی اور کمزور اقتصادیات والے ممالک کو اپنی مصنوعات کو محفوظ کرنے کا موقع دینا ضروری ہے۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم کا یہ بیان اس گیارہ ملکی تجارتی معاہدے کے لیے ایک دھچکا ہو سکتا ہے۔ ٹرانس پیسیفک تجارتی معاہدے میں جاپان اور کینیڈا بھی شامل ہیں۔

[pullquote]جرمنی نے سعودی عرب کو ایک گول سے ہرا دیا[/pullquote]

ایک دوستانہ فٹ بال میچ میں جرمن ٹیم نے سعودی عرب کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دے دی۔ ماہرین کے مطابق جرمنی ٹیم کا مجموعی کھیل غیر متاثر کن رہا۔ جرمن کوچ یوآخم لووو نے میچ کے بعد اعتراف کیا کہ اُن کی ٹیم نے گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کیے اور خوشی قسمتی سے وہ جیت گئے۔ روس میں چودہ جون سے شروع ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ سے قبل جرمن ٹیم کی مجموعی پرفارمنس پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔ ورلڈ کپ میں جرمن ٹیم اپنے گروپ کے اولین میچ میں میکسیکو کا سامنا کرے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے