زینب قتل کیس کے مجرم کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج

لاہور: سپریم کورٹ نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کردی۔

زینب قتل کے مجرم عمران نے سزائے موت کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی تھی جسے آج مسترد کردیا گیا۔

سپریم کورٹ کے جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی پر مشتمل تین رکنی بینچ نے مجرم عمران کی اپیل خارج کی۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 17 فروری کو زینب قتل کیس کے مرکزی ملزم عمران کو 4 مرتبہ سزائے موت کا حکم سنایا جسے مجرم نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا اور ہائیکورٹ نے 20 مارچ کو اس کی اپیل خارج کردی تھی۔

واضح رہے کہ پنجاب کے ضلع قصور سے اغواء کی جانے والی 7 سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا جس کی لاش 9 جنوری کو ایک کچرا کنڈی سے ملی تھی۔

پولیس نے 14 روز کی تگ و دو کے بعد گزشتہ روز ملزم عمران کو گرفتار کیا جو قصور میں دیگر 8 بچیوں کے قتل میں بھی ملوث نکلا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے