نیب ریفرنسز میں پیروی کیلئے نواز شریف کے نئے وکیل نے وکالت نامہ جمع کرادیا

اسلام آباد: شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں زیرسماعت تین نیب ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے پیروی کے لیے نئے وکیل نے اپنا وکالت نامہ جمع کرادیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آج ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی تو اُس موقع پر نواز شریف کی جانب سے جہانگیر جدون نے اپنا وکالت نامہ داخل کرادیا۔

نواز شریف کے خلاف نیب کے تینوں ریفرنسز، العزیزیہ اسٹیل ملز، فلیگ شپ انویسمنٹ اور ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں جہانگیر جدون ایڈووکیٹ سابق وزیراعظم کی وکالت کریں گے۔

اس سے قبل نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے سپریم کورٹ کی جانب سے احتساب عدالت کو ہدایات دینے پر کیس کی پیروی سے معذرت کرلی تھی۔

سابق وزیراعظم اور مریم نواز کو عدالت نے آج کے لئے حاضری سے استثنیٰ دے رکھا تھا جب کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ بھی آج پیش نہ ہوئے۔

معاون وکیل محمد اورنگزیب ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ امجد پرویز کی طبیعت خراب ہے جس کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہوسکتے جس پر عدالت نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کو 19 جون کو حتمی دلائل کے لیے آخری موقع دے دیا اور کیس کی مزید سماعت بھی اسی روز کے لیے ملتوی کردی گئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے