روس کی میزبانی میں فیفا فٹ بال ورلڈ کپ جمعرات چودہ جون سے شروع ہو گا۔ اس کا فائنل میچ پندرہ جولائی کو کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب ماسکو کے لُوژ نیکی اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی۔ افتتاحی تقریب میں روس کے صدر ولادیمیر پوٹن بھی شریک ہوں گے۔ منتظمین کے مطابق افتتاحی تقریب اور میچ کو دیکھنے کے لیے بیس کے قریب سربراہانِ مملکت کی شرکت یقینی ہے۔ سن 1980 کے گرمائی اولمپکس کے بعد روس میں منعقد کیا جانے والا فٹ بال ورلڈ کپ سب بڑا بین الاقوامی ایونٹ ہے۔ سن 1980 کے اولمپکس سابقہ سوویت یونین کے دور میں ہوئے تھے۔ فٹ بال ورلڈ کپ کے انعقاد پر روس نے تیرہ بلین ڈالر خرچ کیے ہیں۔