شبّو شیخوپورہ کی ؟

Pakistan Tänzerin Shabo

بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری کے حامل خواجہ سرا شبّو کو نہ تو اس کے گھر والوں نے قبول کیا اور نہ ہی کہیں ملازمت ملی۔ اب اُس کی کمائی کا ذریعہ شادیاں اور ڈانس پارٹیاں ہیں، جہاں اُسے شبّو بن کر رقص کرنا پڑتا ہے۔

اٹھائیس سالہ خواجہ سرا شبّو کا اصل نام محمد شعیب احمد ہے اور اس کا تعلق صوبہٴ پنجاب کے شہر شیخوپورہ سے ہے۔ اُس کا اصرار ہے کہ اُسے شبّو ہی کے نام سے شناخت کیا جائے اور اسی مناسبت سے پکارا جائے۔

شبّو میڈم گزشتہ سات برسوں سے شادیوں اور نجی محفلوں میں بطور ڈانسر کام کر رہی ہے۔ اُس نے ایم بی اے کر رکھا ہے لیکن متعدد انٹرویوز دینے کے باوجود اسے ابھی تک کوئی ملازمت نہیں ملی۔ شبو میڈم نے آخری انٹرویو ایک بینک میں ملازمت کے لیے دیا تھا، جس کے بارے میں وہ بتاتی ہے:’’میں بہت سنجیدہ تھی لیکن وہاں موجود کسی بھی شخص نے مجھے سنجیدگی سے نہیں لیا۔ اُن کی ہنسی میرے لیے شرمندگی کا باعث بن رہی تھی، وہاں موجود ایک شخص نے مجھے اپنا کارڈ تھمایا اور کہا کہ مجھے سے بعد میں رابطہ کرنا۔ اس وقت میرے ذہن میں سب سے پہلا خیال یہ آیا کہ میں نے اتنی محنت کی ہے اور ان لوگوں کے پھر بھی میرے بارے میں اپنے ذہن نہیں بدلے۔‘‘

Pakistan Tänzerin Shabo

شبّو کے والدین وفات پا چکے ہیں جبکہ اس کے دو بھائی بیرون ملک ہوتے ہیں لیکن ان کا شبّو کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے۔ شبّو بتاتی ہے کہ جب تک اس کی والدہ زندہ تھی تو اسے کسی قسم کی پریشانی نہیں ہوئی:’’میری والدہ کو پتہ تھا کہ میں لڑکا نہیں ہوں لیکن والدہ کے انتقال کے بعد میرے بھائیوں کا رویہ میرے ساتھ انتہائی سخت تھا۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں اس طرح ڈانس کیا کروں گی، میرے خاندان والوں نے بھی یہ کبھی نہیں سوچا ہو گا۔ یہ حالات اور اس معاشرے کا طرز عمل ہے، جس نے مجھے یہاں تک پہنچایا ہے۔ میں اپنی موجودہ زندگی سے قطعی خوش نہیں ہوں۔‘‘

پاکستان میں خواجہ سراؤں کو اور ایسے مرد و زن کو، جو مخالف جنس کے کپڑے پہننا پسند کرتے ہیں، اپنی دوہری شخصیت میں توازن برقرار رکھنے میں کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسے کئی افراد تو معاشرے یا اپنے خاندان کے رد عمل کے ڈر سے اپنے گاؤں چھوڑ کر شہروں میں منتقل ہو جاتے ہیں جبکہ کئی ایسے بھی ہیں، جو ہمیشہ اپنے ساتھیوں اور ہمسایوں وغیرہ سے اپنی دوہری شناخت چھپانے کی کوشش کرتے ہیں۔

شبّو بھی اپنا گھر بار چھوڑ کر شیخوپورہ میں آباد ہو گئی، جہاں اس کے تعلیمی اخراجات اس کے چند دوست اٹھاتے رہے۔ ڈی ڈبلیو سے باتیں کرتے ہوئے شبّو نے بتایا:’’مجھے محبت انہی لوگوں سے ملی اور مجھے قبول بھی انہی لوگوں نے کیا، جو میرے جیسے ہیں۔ ایم بی اے کے دوران مجھے اپنے سمسٹر اس وجہ سے فریز کروانا پڑے کہ میرے پاس فیس نہیں تھی۔ اسی دوران مَیں نے باقاعدہ ڈانس سیکھنا اور کرنا شروع کیا۔‘‘

Pakistan Tänzerin Shabo

پاکستان میں عورتوں اور مردوں کے کردار واضح ہیں جبکہ مخنث افراد کو اکثر و بیشتر نامناسب رویے کا سامنا رہتا ہے۔ اس تیسری جنس کے افراد کو عمومی طور پر ایک ہی کردار میں پسند کیا جاتا ہے اور وہ ہے شادی بیاہ یا نجی پارٹیوں میں ڈانسر کا کردار لیکن اس کردار میں بھی انہیں روپوں کی بارش میں مدہوش مہمانوں کی ہراساں کر دینے والی حرکتوں کا سامنا رہتا ہے۔ شبّو کا کہنا تھا کہ خواجہ سراؤں سے متعلق لوگوں کا ذہن ہی کچھ مختلف ہے:’’میں صرف ڈانس کرتی ہوں لیکن جگہ جگہ مجھے جسم فروشی کے لیے کہا جاتا ہے۔ میں ان سے کہتی ہوں کہ پیسے ہمارے قدموں تلے ہوتے ہیں، ہماری ان سے پوری نہیں پڑتی تو تمہارے ہزار دو ہزار کیا کریں گے۔‘‘ شبّو کے بقول لوگوں کو یہ بات ہی سمجھ نہیں آتی کہ ڈانس کرنا اور جسم فروشی کرنا دو مختلف چیزیں ہیں۔

شبّو کا پاکستان حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے کہنا تھا:’’یہ حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہم جیسے لوگوں کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا کرے، میں ایک مرتبہ مقامی سیاستدانوں سے بھی ملی کہ شی میلز کے لیے کوئی فلاحی ادارہ بنایا جائے تاکہ وہ مزید برائی کی طرف نہ راغب ہوں لیکن ہماری کون سنتا ہے؟‘‘

Pakistan Tänzerin Shabo

مرد ہونے کے باوجود خود کو عورت محسوس کرنے والوں کو جنوبی ایشیا میں عام طور پر ’ہیجڑے‘ کہا جاتا ہے۔ ان کا ذکر ہندوؤں کی قدیم کتابوں میں بھی ملتا ہے جبکہ سولہویں اور سترہویں صدی میں مغل دورِ حکومت کے دوران ہیجڑے قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے اور یہ زیادہ تر ذاتی ملازموں یا محافظوں کے طور پر شاہی درباروں سے وابستہ ہوتے تھے۔ تاہم آج کے ایشیا میں یہ ’تیسری جنس‘ ملازمتوں وغیرہ کے حوالے سے بھی امتیازی سلوک کا نشانہ بن رہی ہے۔

شبّو کا دکھ بھرے انداز میں کہنا تھا:’’کسی کے گھر چور پیدا ہو جائے، زانی پیدا ہو جائے، ڈکیت پیدا ہو جائے، وہ تہمت کا باعث نہیں ہے لیکن کوئی ہم جیسا پیدا ہو جائے تو خاندان کی عزت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ تم نے ہماری ناک کٹوا دی، میرا سوال ہے کہ کیا ہم انسان نہیں یا ہم اپنی مرضی سے ایسے پیدا ہوئے ہیں؟‘‘

واضح رہے کہ پاکستان ميں قريب پانچ لاکھ خواجہ سرا ہيں۔ سن 2011 ميں سپريم کورٹ نے حکومت کو يہ احکامات جاری کيے تھے کہ وہ ملک ميں بسنے والے تمام خواجہ سراؤں کو شناختی کارڈ جاری کريں اور انہيں ووٹرز کے طور پر رجسٹر کريں۔ پاکستانی معاشرے ميں اکثر اوقات خواجہ سراؤں کو جسم فروشی يا بھيک مانگنے کا راستہ اختيار کرنا پڑتا ہے۔

سماجی ماہرہن کے مطابق اگرچہ وقت کے ساتھ ساتھ خواجہ سراؤں کے ساتھ امتیازی سلوک میں کمی آ رہی ہے لیکن اس کی رفتار بہت کم ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بشکریہ DW Urdu

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے