مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ہڑتال، کئی حریت رہنما گرفتار

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی بربریت اور معصوم کشمیری نوجوانوں کی ماورائے عدالت قتل کے خلاف حریت قیادت کی کال پر آج شٹرڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔

کشمیر میڈیا سیل کے مطابق حریت پسند رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کی اپیل پر وادی میں مکمل ہڑتال کی جارہی ہے جس کے باعث تمام تعلیمی ادارے بند اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں جب کہ ذرائع آمد و رفت نہ ہونے کی وجہ سے شاہراہیں سنسان ہیں اور وادی کے مختلف علاقوں میں مظاہرہوں کا سلسلہ جاری ہے جسے روکنے کے لیے قابض بھارتی فوج نے اہم مقامات پر نفری بڑھا دی گئی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ضلع کلگام میں قابض بھارتی فوج کے جعلی مقابلے میں تین نوجوانوں کی شہادت یر کی جارہی ہے۔ تینوں کشمیری طالب علموں کو بھارتی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد ماورائے عدالت قتل کردیا تھا اور لاشیں ویران جگہ پر پھینک دی تھیں جب کہ صرف مئی میں 50 کے قریب کشمیریوں کو شہید کیا گیا تھا۔
یہ خبر بھی پڑھیں : بھارتی فوج نے 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا

حریت قیادت نے بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو ہراساں کرنے کے لیے بھارتی فوج نے وادی میں آپریشن آل آؤٹ دوبارہ شروع کردیا ہے جس کا مقصد کشمیر کے لوگوں کا قتل عام کرنا اور تحریک آزادی کشمیر کو طاقت سے دبانے کی ناکام کوشش کرنا ہے۔ قابض فورسز مزاحمت کرنے والوں پر پیلٹ اور گولیاں برسا رہی ہے اور گھروں کو بارودی مواد سے تباہ کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب قابض بھارتی فوج نے حریت رہنما یاسین ملک سمیت کئی افراد کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ کئی اضلاع میں انٹر نیٹ اور موبائل فون سروس معطل کردی گئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے