یکم جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]طالبان کا امن مذاکرات کو تسلیم نہ کرنا ناقابلِ قبول ہے، امریکی اہلکار[/pullquote]

ایک اعلیٰ امریکی اہلکار نے واضح کیا ہے کہ طالبان کی جانب سے مسلسل امن مذاکرات سے پہلوتہی اور انکار ناقابل قبول ہے۔ امریکا کے پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے جنوبی و وسطی ایشیا ایلس ویلز نے طالبان کے اس انکار کو تسلیم نہ کرنے کا بیان کابل کے دورے پر دیا۔ اس بیان میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ طالبان قیادت افغانستان میں مقیم نہیں ہے اور وہی سیاسی مکالمت میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ امریکی اعلیٰ سطحی اہلکار کا بیان اس تناظر میں ہے کہ افغان طالبان پر صدر اشرف غنی کی جانب سے جامع امن مذاکرات کی پیشکش کو قبول کرنے کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔

[pullquote]جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور وزیر داخلہ کی ملاقات[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل اتوار پہلی جولائی کی شام میونخ میں اپنے قدامت پسند اتحاد میں شامل کرسچن سوشل یونین (سی ایس یو) کی قیادت سے ملاقات میں مہاجرین کے حوالے سے اُس یورپی ڈیل کو زیر بحث لائیں گی، جو حال ہی میں یورپی یونین کی سطح پر منظور کی گئی ہے۔ اگر اس دوران میرکل اس ڈیل کے حوالے سے سی ایس یو کے تحفظات و خدشات کو دور نہ کر سکیں تو ان کی سیاسی مشکلات دوچند ہو جائیں گی۔ ناقدین کے مطابق اگر وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے مہاجرین کو ملکی سرحدوں سے واپس کرنا شروع کیا تو انہی اختلافات کی وجہ سے مخلوط جرمن حکومت کے ختم ہونے کا امکان بڑھ جائے گا۔

[pullquote]میکسیکو میں بلدیاتی، پارلیمانی و صدارتی انتخابات[/pullquote]

شمالی امریکی ملک میکسیکو میں آج عوام ایک نئی پارلیمنٹ اور نئے صدر کے انتخاب کی ووٹنگ میں شریک رہی۔ پارلیمنٹ کی پانچ سو سیٹوں کے لیے چونتیس سو امیدوار میدان میں تھے۔ اس الیکشن میں سینیٹ کی ایک سو اٹھائیس نشستوں کا بھی انتخاب کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مختلف شہروں کے سولہ سو میئروں کو بھی منتخب کرنے کی ووٹنگ ہوئی۔ صدارتی الیکشن میں دارالحکومت میکسیکو سٹی کے سابق میئر اور بائیں بازو کے امیدوار آندریس مانوئل لوپیر اوراڈور کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔ تیسری مرتبہ صدارتی الیکشن میں حصہ لینے والے اوبراڈور کو قدامت پسند فلپے کالڈیرون اور حکمران پارٹی سے تعلق رکھنے والے کارلوس سالیناس کے مقابلے کا سامنا ہے۔

[pullquote]بھارت: ٹریفک حادثے میں تقریباً پچاس ہلاکتیں[/pullquote]

شمالی بھارت کے پہاڑی علاقے میں مسافروں سے بھری ہوئی ایک بس کے حادثے میں کم از کم اڑتالیس مسافر ہلاک ہو گئے ہیں۔ بس موڑ کاٹتے ہوئے پھسل گئی اور گہرائی میں بہنے والی ندی میں جا گری۔ بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بس سات سو فٹ گہرائی میں گری تھی۔ پولیس نے بتایا کہ اٹھائیس سیٹوں والی بس میں ساٹھ مسافر سوار تھے۔ سات زخمیوں کی حالت انتہائی نازک بتائی گئی ہے۔ جس وقت حادثہ ہوا، اُس وقت بارش ہو رہی تھی اور امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ گیلی سڑک پر بس کا ڈرائیور کنٹرول نہیں سنبھال سکا۔

[pullquote]مالی میں بم حملہ، دو فرانسیسی فوجی ہلاک[/pullquote]

شورش زدہ افریقی ملک مالی کے شمالی شہر گاؤ میں کیے گئے کار بم حملے میں دو فرانسیسی فوجیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ مالی فوج کے ترجمان نے اس حملے میں دس افراد کے زخمی ہونے کا بھی بتایا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق اتوار پہلی جولائی کو کیے گئے اس حملے میں زخمی ہونے والوں میں مالی کے فوجی بھی شامل ہیں۔ مالی کے دارالحکومت بماکو میں فرانسیسی فوج کی مقامی کمانڈ نے اس حملے اور اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ مالی میں فرانسیسی فوجیوں کی ہلاکت ایسے وقت پر ہوئی ہے جب فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں اس کے ہمسایہ ملک موریطانیہ کے دارالحکومت میں افریقین یونین کی سمٹ میں شریک ہیں۔

[pullquote]افغان شہر جلال آباد میں دھماکا، ایک درجن ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں ہونے والے زوردار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم ایک درجن افراد مارے گئے ہیں۔ طبی حکام نے زخمی ہونے والے بیس افراد میں سے بعض کی حالت نازک بیان کی ہے۔ یہ دھماکا اشرف غنی کے دورہٴ جلال آباد کے دوران ہوا۔ اتوار پہلی جولائی کو افغان صدر نے اس شہر میں ایک ہسپتال کا افتتاح کیا۔ صوبائی انتظامیہ کے مطابق دھماکا مخبرات چوک میں ہوا اور ارد گرد کی کئی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ ننگر ہار صوبے کے پولیس سربراہ کے مطابق دھماکا ایک خودکش بمبار کی کارروائی تھی اور اُس کا ہدف وہ بس تھی جس پر سکھ اور ہندو اقلیتوں کے افراد سوار تھے۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ اس حملے میں ان اقلیتوں کے کتنے افراد مارے گئے ہیں۔

[pullquote]جنوب مغربی شامی علاقوں پر حکومتی فورسز کا قبضہ[/pullquote]

شامی فورسز کی جانب سے بڑی عسکری کارروائی کے نتیجے میں جنوب مغربی شامی علاقوں پر قابض باغی رفتہ رفتہ پسپا ہو رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس بڑے عسکری آپریشن کی وجہ سے ایک لاکھ ساٹھ ہزار عام شہریوں کو اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے ہیں۔ باغیوں کے مطابق متعدد قصبے حکومتی فورسز سے دوبارہ واپس لیے گئے ہیں اور متعدد مقامات پر شدید لڑائی جاری ہے۔ شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق شام میں جنوب مغربی علاقے کھو دینے کے بعد باغیوں کے پاس فقط ملک کے شمال مغرب میں ترک سرحد کے قریب واقع ادلب صوبے کے علاقے باقی بچیں گے۔

[pullquote]الحدیدہ پر عسکری کارروائی روک دی، متحدہ عرب امارات[/pullquote]

متحدہ عرب امارات نے یمنی بندرگاہی علاقے الحدیدہ میں اپنی عسکری کارروائیاں روکنے کا اعلان کیا ہے۔ اماراتی وزیر ممکت برائے خارجہ امور انور قارقاش کے مطابق اس فائربندی کا مقصد اقوام متحدہ کے امدادی سامان کی ترسیل میں خلل سے بچنا ہے۔ جون کی تیرہ تاریخ کو یمن کی حکومتی فورسز نے حوثی باغیوں کے خلاف اس آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ اس دوران حکومتی فورس کا سعودی قیادت میں عرب اتحادی طیاروں کی بھی زبردست مدد دستیاب ہے۔

[pullquote]شامی سرحد کے قریب اسرائیلی ٹینک اور بھاری توپ خانہ تعینات[/pullquote]

اسرائیلی فوج کے مطابق شام میں اسرائیلی سرحد کے قرب ہونے والی بھاری جھڑپوں کے تناظر میں توپ خانہ اور ٹینک تعینات کر دیے گئے ہیں۔ اسرائیلی اقدام کی وجہ شام کے جنوبی حصوں میں شامی فورسز اور باغیوں کے درمیان ہونے والی شدید جھڑپیں ہے۔ فوجی بیان کے مطابق گولان کے پہاڑی سلسلے کے شامی حصے میں عسکری نقل و حرکت میں تیزی کے تناظر میں یہ قدم اٹھایا گیا۔ فوج نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ اسرائیل شامی تنازعے میں غیرجانب دار رہے گا۔

[pullquote]ایران میں مظاہرے، متعدد افراد زخمی[/pullquote]

ایران کے جنوب مغربی خرم شہر میں ہفتے کی شب پانی کی آلودگی کے خلاف ہونے والے احتجاج میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس موقع پر مظاہرین نے کچرہ دانوں کو آگ لگا دی اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔ مقامی گورنر نے سعودی میڈیا پر سامنے آنے والی ان رپورٹوں کو رد کیا ہے، جن میں کہا جا رہا تھا کہ پولیس کی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ بھی کی گئی۔

[pullquote]شمالی عراق میں ترک بمباری، آٹھ مشتبہ کرد جنگجو ہلاک[/pullquote]

ترک فضائیہ نے شمالی عراق میں کرد جنگجوؤں کے ٹھکانوں کا نشانہ بنایا۔ اتوار کے روز ترک فوج کی جانب سے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ شمالی عراقی علاقوں سرناک اور وان میں کی گئی ان کارروائیوں میں کم از کم آٹھ کرد جنگجو مارے گئے ہیں۔ ترک حکومت نے حالیہ کچھ عرصے کے دوران شمالی عراق میں کالعدم تنظیم کردستان ورکرز پارٹی کے باغیوں کے خلاف آپریشن میں تیزی پیدا کی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس کالعدم تنظیم کی اعلیٰ قیادت شمالی عراقی علاقے قندیل میں موجود ہے۔

[pullquote]استنبول میں ہم جنس پرستوں کا مارچ[/pullquote]

ترک شہر استنبول میں ہم جنس پرستوں کی جانب سے ایک مارچ کیا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنان کا دعویٰ ہے کہ گورنر کے دفتر کی جانب سے اس مارچ پر پابندی عائد کی گئی ہے، تاہم یہ مارچ منعقد ہو گا۔ واضح رہے کہ ترکی میں ہم جنس پرستوں نے سن 2014 میں ایک بڑا مظاہرہ کیا تھا، تاہم بعد میں حکام کی جانب سے ’سکیورٹی خدشات‘ کے پیش نظر ایسے مارچ کی اجازت نہیں دی گئی۔ گزشتہ برس بھی ہم جنس پرستوں نے مارچ کے لیے جمع ہونے کی کوشش کی تھی، تاہم پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کر کے انہیں منتشر کر دیا تھا۔

[pullquote]ضرورت پڑنے پر سعودی عرب تیل کی پیدوار بڑھانے پر آمادہ ہے، امریکا[/pullquote]

وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا ہےکہ سعودی عرب ضرورت پڑنے پر تیل کی پیدوار بڑھانے پر آمادہ ہے۔ جمعے کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی شاہ سلمان کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی تھی۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو سعودی عرب دو ملین بیرل تیل کی اضافی پیدوار شروع کر سکتا ہے۔ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں سعودی بادشاہ سے بات چیت کے حوالے سے کہا تھا کہ شاہ سلمان تیل کی پیدوار میں اضافے پر آمادہ ہیں۔

[pullquote]سرحدوں کی بندش سے متعلق میرکل کے اتحادیوں کے درمیان بات چیت[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین کی باویریا میں سسٹر پارٹی کرسچین سوشل یونین مہاجرین سے متعلق ایک نئے منصوبے پر بات چیت میں مصروف ہے۔ مبصرین کے مطابق سرحدوں کی بندش روکنے سے متعلق اس بات چیت سے میرکل کی حکومت کے مستقبل کا تعین ہو گا۔ ہفتے کے روز سی ایس یو کے سربراہ اور جرمن وزیرداخلہ ہورسٹ زیہوفر اور چانسلر انگیلا میرکل کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔ اس ملاقات کا مقصد باہمی اختلافات کو کم کرنا تھا۔ زیہوفر تارکین وطن سے متعلق ریاستی سطح پر اقدامات کے خواہاں ہیں جب کہ میرکل اس سلسلے میں یورپی حل پر زور دے رہی ہیں۔

[pullquote]بھارتی دارالحکومت میں ایک مکان سے گیارہ لاشیں برآمد[/pullquote]

بھارتی پولیس نے اتوار کے روز بتایا ہے کہ دارالحکومت نئی دہلی کے ایک نواحی گاؤں میں ایک گھر سے گیارہ افراد کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پراسرار حالات میں مارے گئے ان لوگوں میں سے بعض کے چہرے ڈھکے ہوئے تھے اور وہ چھت سے لٹک کر ہلاک ہوئے۔ ایک پولیس افسر کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ مقامی پولیس اہلکاروں کے مطابق یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا ان افراد نے خودکشی کی یا انہیں ہلاک کیا گیا۔

[pullquote]پاکستان میں افغان مہاجرین کی پاکستان بدری کی ڈیڈلائن میں توسیع[/pullquote]

پاکستانی حکومت نے ہفتے کو ملک میں مقیم افغان مہاجرین کی لازمی وطن واپسی سے متعلق دی گئی ڈیڈلائن میں توسیع کر دی۔ پاکستانی حکومت کے مطابق دو ملین افغان تارکین وطن کے ملک میں قیام کی مدت میں تین ماہ کی عبوری توسیع کی جا رہی ہے، تاہم اس بابت مستقبل کا فیصلہ 25 جولائی کو عام انتخابات کے بعد بننے والی حکومت کرے گی۔ مارچ میں بھی افغان مہاجرین کی ملک میں قیام کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔

[pullquote]الحدیدہ میں فائربندی حوثی باغیوں کے انخلا کے بعد ہو گی، منصور ہادی[/pullquote]

یمنی صدر منصور ہادی نے کہا ہے کہ الحدیدہ سے حوثی باغیوں کے انخلا تک فائربندی نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حوثی باغی الحدیدہ کے بندرگاہی شہر سے مکمل اور بلامشروط طور پر نکل جائیں۔ دوسری جانب حوثی باغیوں نے الحدیدہ کے علاقے سے نکلنے سے انکار کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے یمن مارٹن گریفِتھس نے کہا تھا کہ فریقین نے بات چیت پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ خبردار کر چکی ہے کہ الحدیدہ کے بندرگاہی علاقے میں جھڑپوں کی وجہ سے یمن میں انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی شدید متاثر ہو سکتی ہے۔

[pullquote]یونیسکو نے آٹھ ایرانی مقامات کو ورثہ قرار دے دیا[/pullquote]

یونیسکو نے ایران میں آٹھ مقامات کو عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ یونیسکو نے یہ فیصلہ بحرینی دارالحکومت میں اپنے ایک اجلاس میں کیا۔ عالمی ادارے کے مطابق یہ تاریخی مقامات ساسانی سلطنت کے دور کے ہیں اور اس کے بعد اموی خلافت نے اس سلطنت کا خاتمہ کر دیا۔ اس اضافے کے ساتھ اب مجموعی طور پر 24 ایرانی مقامات اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کی ثقافتی ورثے سے متعلق فہرست کا حصہ بن چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے