منگل : 03 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کو گرفتار کر لیا گیا[/pullquote]

ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کو بدعنوانی کے الزامات کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق رزاق کو بدعنوانی کے خلاف چھان بین کرنے والے ملکی ادارے کے تفتیش کاروں نے آج قبل از دوپہر ان کے گھر سے حراست میں لیا۔ نجیب رزاق کو 1MDBنامی سرکاری سرمایہ کاری فنڈ سے رقوم کی مبینہ چوری اور منی لانڈرنگ کے الزامات کا سامنا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کے ایک سابق معاون کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ نجیب رزاق کے خلاف مبینہ بدعنوانی کی چھان بین اس وقت بھی جاری تھی، جب وہ اقتدار میں تھے۔

[pullquote]شمالی کوریا کی مثبت تبدیلیوں پر صرف جعلی خبریں پھیلانے والے پریشان ہیں، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں جاری ہیں۔ امریکی صدر کی ایک ٹوئیٹ کے مطابق پورے ایشیا میں سنسنی پھیلی ہوئی ہے تاہم صرف جعلی خبریں پھیلانے والے شکایات کر رہے ہیں۔ ان کے بقول گزشتہ آٹھ ماہ سے شمالی کوریا نے کوئی میزائل یا جوہری تجربہ نہیں کیا۔ ٹرمپ کی یہ ٹوئیٹ ایک ایسے وقت پر سامنے آئی ہے، جب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو پانچ جولائی کو شمالی کوریا جا رہے ہیں۔ ان کے اس دورے کا مقصد جزیرہ نما کوریا کو ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لینا ہے۔

[pullquote]اپوزیشن کی ریلی پر حملے کی منصوبہ بندی کا الزام بے بنیاد، جواد ظریف[/pullquote]

ایران نے فرانس میں ایک ایرانی اپوزیشن گروپ کی ریلی پر حملے کی منصوبہ بندی میں اپنے ملوث ہونے سے متعلق الزام کو مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے مطابق یہ بات کتنی آسان ہے کہ جیسے ہی ایرانی صدر حسن روحانی اپنا دورہ یورپ شروع کر رہے ہیں، ایک مبینہ ایرانی حملے کے منصوبہ ساز بھی فوراﹰ ہی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ ظریف کے بقول ایران اس طرح کی کسی بھی سازش کو بے نقاب کرنے کے لیے ہر سطح پر مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ گزشتہ روز فرانس میں ایک ایرانی نژاد جوڑے کو ایک ایرانی اپوزیشن گروپ کی ریلی میں بم دھماکا کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔

[pullquote]سی ڈی یو اور سی ایس یو مہاجرین کے موضوع پر متفق[/pullquote]

جرمن مخلوط حکومت میں شامل کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) اور کرسچن سوشل یونین (سی ایس یو) کے مابین مہاجرین کے مسئلے پر مصالحت ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس اتفاق رائے کے بعد ایسے تارکین وطن، جن کی طرف سے دائر کردہ پناہ کی درخواستوں پر فیصلے یورپی یونین کے رکن دیگر ممالک کی ذمےداری ہیں، انہیں جرمنی آنے سے روک دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جرمنی کی آسٹریا کے ساتھ سرحد پر ایسے ’عبوری مراکز‘ بھی قائم کیے جائیں گے، جہاں سے پناہ کے متلاشی تارکین وطن کو واپس بھیجا جا سکے گا۔ چانسلر انگیلا میرکل نے اس اتفاق رائے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]الرقہ میں اجتماعی قبروں کی تلاش میں بین الاقوامی برادری تعاون کرے، ایچ آر ڈبلیو[/pullquote]

ہیومن رائٹس واچ نے بین الاقوامی برادری سے شامی شہر الرقہ میں اجتماعی قبروں کی تلاش میں مدد کی درخواست کی ہے۔ انسانی حقوق کی اس تنظیم سے منسلک پریانکا موٹاپارتھی کے مطابق الرقہ میں اس طرح کی کم از کم نو قبریں ہیں۔ ان کے بقول ہر قبر میں درجنوں افراد دفن ہیں۔ موٹاپارتھی نے مزید کہا کہ بغیر تکنیکی تعاون کے یہ کام ممکن نہیں۔ اسلامک اسٹیٹ کے دہشت گردوں نے جون 2014ء سے اکتوبر 2017ء تک اس شہر میں سرعام لوگوں کو ہلاک کیا۔ مقامی افراد کے مطابق الرقہ کی آزادی کی کارروائیوں میں بھی ہزاروں عام شہری مارے گئے ہیں۔

[pullquote]تھائی لینڈ: نوجوانوں اور فٹ بال کوچ کو باہر نکالنے میں وقت لگے گا[/pullquote]

تھائی لینڈ میں ايک غار میں پھنسے بارہ لڑکوں اور ان کے فٹ بال کوچ کو باہر نکالنے میں ابھی مزید وقت درکار ہے۔ تھائی حکام کے مطابق اس سلسلے میں تیاریاں جاری ہیں تاکہ تمام افراد کو بحفاظت باہر نکالا جا سکے۔ شدید بارشوں کی وجہ سے غار میں پانی بھرا ہوا ہے۔ حکام کے بقول ان نوجوانوں کے پاس مناسب مقدار میں اشیاء خرد و نوش موجود ہیں، جو کم از کم چاہ ماہ تک کے لیے کافی ہوں گی۔ یہ گروپ تیئس جون کو غار میں لاپتہ ہو گیا تھا اور گزشتہ روز ہی انہیں تلاش کیا گیا ہے۔

[pullquote]اٹلی لیبیا کے کوسٹ گارڈز کو مزید بحری جہاز دے گا[/pullquote]

اٹلی نے لیبیا کے ساحلی محافظوں کو مفت بحری جہاز اور آلات دینے کا اعلان کیا ہے۔ اطالوی حکام کے مطابق یہ ساز و سامان لیبیا کو اس لیے دیا جا رہا ہے تاکہ وہ غیر قانونی ترک وطن کو روکنے کے لیے اپنی صلاحیتیں بہتر بنا سکے۔ روم حکومت کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب لیبیا کے ساحلوں کے قریب گزشتہ روز ہی ایک کشتی ڈوب جانے کے باعث 63 تارکین وطن لاپتہ ہو گئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس کشتی پر سو سے زائد مہاجرین سوار تھے اور لائف جیکٹیں پہنے ہوئے صرف 41 افراد کو بچایا جا سکا۔

[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ کی عالمی تجارتی ادارے پر تنقید[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی تجارتی تنظیم ( ڈبلیو ٹی او) سے اپنا طریقہ کار تبدیل کرنے کا کہا ہے۔ ٹرمپ نے گزشتہ شب کہا کہ اس ادارے نے امریکا کے ساتھ بہت برا سلوک کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ ڈبلیو ٹی او نے اگر اپنی یہ روش برقرار رکھی تو امریکا کو کچھ کرنا پڑے گا۔ اس تناظر میں ٹرمپ نے تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس تنظیم کی رکنیت ختم کیے جانے کی خبروں کو بھی مسترد کیا۔ ٹرمپ اسی ہفتے چین پر سخت تجارتی جرمانے عائد کرنے کا اعلان کرنے والے ہیں۔

[pullquote]جرمنی: اگلے برس دفاعی بجٹ میں اضافہ ہو گا[/pullquote]

جرمن فوج کو 2019ء میں پہلے سے مختص بجٹ سے نمایاں طور پر زیادہ رقم مہیا کی جائے گی۔ مقامی خبر رساں اداروں نے بتایا کہ اگلے برس کے وفاقی بجٹ کے لیے تیار کردہ ایک مسودے کے مطابق دفاعی بجٹ 42.9 ارب یورو ہو گا۔ یہ رواں برس کے مقابلے میں چار ارب زیادہ ہے جبکہ 2019ء کے لیے پہلے سے مختص بجٹ سے 675 ملین یورو زائد ہے۔ وزیر دفاع ارزُولا فان ڈیئر لائن دفاعی اخراجات کو ناکافی قرار دے چکی ہیں۔ جرمن فوج کو جدید سامان حرب نہ ہونے کی وجہ سے بھی تنقید کا سامنا رہا ہے۔

[pullquote]یوآخم لوو جرمن فٹ بال ٹیم کے کوچ رہیں گے، جرمن فٹ بال ایسوسی ایشن[/pullquote]

جرمن فٹ بال فیڈریشن نے تصدیق کر دی ہے کہ قومی ٹیم کے کوچ کے طور پر یوآخم لوو اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ اس موقع لوو نے کہا کہ وہ ٹیم کے ساتھ بات چیت کریں گے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ایک نئی ابتداء کی جائے گی۔ لوو 2022ء میں قطر میں ہونے والے عالمی کپ تک ٹیم کو تربیت دیتے رہیں گے۔ روس میں جاری ورلڈ کپ کے پہلے ہی مرحلے میں جرمن ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھی۔ دفاعی چیمپئن کی اس تاریخی شکست پر لوو کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لوو کے مستعفی ہو جانے کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔

[pullquote]پومپیو اسی ہفتے شمالی کوریا کا دورہ کریں گے[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اسی ہفتے شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کی ایک ترجمان نے بتایا کہ اس ملاقات اور مذاکرات کا مقصدجزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے شروع کی گئی کوششوں کا جائزہ لینا ہے۔ ترجمان کے بقول پومپیو ممکنہ طور پر پانچ جولائی کو کم جونگ اُن اور اُن کی ٹیم سے پیونگ یانگ میں ملیں گے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ شمالی کوریا کے حالات میں مثبت تبدیلی آئی ہے اور گزشتہ آٹھ ماہ سے کوئی نیا میزائل تجربہ نہیں کیا گیا۔ پومپیو ہفتے کے روز شمالی کوریا سے جاپان کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔

[pullquote]فٹ بال عالمی کپ، بیلجیم اور برازیل اگلے مرحلے میں[/pullquote]

فٹ بال کے عالمی کپ میں بیلجیم اور برازیل کواٹر فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ گزشتہ شب بیلجیم نے میچ کے آخری لمحات میں گول کرتے ہوئے جاپان کو تین دو سے شکست دے دی۔ اس طرح ایشیا سے تعلق رکھنے والی آخری ٹیم بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔ اس سے قبل کھیلے گئےمیچ میں برازیل نے میکسیکو کو دو صفر سے ہرا دیا تھا۔ اب جمعے کو برازیل اور بلیجیم ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے۔ آج سویڈن سوئٹزرلینڈ سے جبکہ کولمبیا انگلینڈ سے کھیل رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے