اسلام آباد ہائیکورٹ کا زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے اور ان پر عائد سفری پابندیاں ختم کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

زلفی بخاری نے نام بلیک لسٹ میں ڈالنے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا جس پر فریقین وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کردہ فیصلہ جسٹس عامر فاروق نے آج سنایا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں حکم دیا کہ زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالا جائے اور ان پر لگائی گئی سفری پابندیاں بھی ختم کی جائیں۔

یاد رہے کہ 12 جون کو زلفی بخاری عمران خان کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جارہے تھے جہاں امیگریشن حکام نے ان کا نام بلیک لسٹ میں ہونے کے باعث انہیں بیرون ملک سفر کرنے سے روک دیا تھا تاہم کچھ دیر بعد ہی ان کا نام بلیک لسٹ سے نکال دیا گیا تھا۔

معاملہ سامنے آنے پر نگران وزیرداخلہ اعظم خان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے زلفی بخاری کا نام فائل دیکھنے کے بعد بلیک لسٹ سے نکالا تاہم اس حوالے سے عمران خان سمیت کسی نے بھی انہیں فون نہیں کیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی استدعا کی تھی جب کہ وزارت داخلہ نے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی بجائے بلیک لسٹ میں ڈال دیا تھا جس کے خلاف انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے