پیر:09 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برطانوی وزیر خارجہ نے استعفیٰ دے دیا[/pullquote]
برطانیہ کے وزیر خارجہ بورس جانسن اپنے منصب سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ برطانوی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جانسن کے مستعفی ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ اُن کی جگہ پر نیا وزیر خارجہ جلد ہی مقرر کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم ٹریزا مے نے جانسن کی بطور وزیر خارجہ خدمات کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔ بریگزٹ کے وزیر ڈیوڈ ڈیوس کے مستعفی ہونے کے بعد بورس جانسن کے استعفے کو حیران کن قرار دیا گیا ہے۔

[pullquote]مائیک پومپیو غیر اعلانیہ دورے پر افغانستان پہنچ گئے[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو پیر نو جولائی کو غیر اعلانیہ دوہرے پر افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے ہیں۔ وہ گزشتہ روز جاپان کا دورہ ختم کر کے ویتنام پہنچے تھے۔ پومپیو ویتنامی دارالحکومت سے براہ راست کابل آئے ہیں۔ کابل میں قیام کے دوران انہوں نے افغان صدر اشرف غنی اور حکومت کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ان ملاقاتوں کے بعد رپورٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے پومپیو نے کہا کہ امریکا افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکراتی عمل کی حمایت کرے گا بلکہ ان کا اہتمام کرنے کے علاوہ ان کا حصہ بننے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔

[pullquote]بریگزٹ کا معاملہ وزراء کے استعفے سے ختم نہیں ہو گا، ڈونلڈ ٹسک[/pullquote]

یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹُسک نے کہا ہے کہ بریگزٹ سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کا خاتمہ برطانوی وزراء کے استعفوں سے ممکن نہیں ہے۔ ٹُسک نے برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن کے مستعفی ہونے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مزید کہا کہ سیاستدانوں کا آنا جانا ایک معمول کا عمل ہے لیکن کئی ایک رخصت ہوتے وقت اپنے لوگوں کے لیے مشکلات چھوڑ جاتے ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے ڈیوڈ ڈیوس کے مستعفی ہونے پر کہا تھا کہ بریگزٹ کا مسئلہ ابھی بھی اپنے حل سے بہت دور ہے اور یہ افسوسناک ہے کہ ڈیوس کے استعفے کے ساتھ بریگزٹ کا معاملہ ختم نہیں ہوا ہے۔

[pullquote]نیٹو میں شمولیت کے مذاکرات کا امکان موجود ہے، مقدونیہ کے وزیر خارجہ[/pullquote]

مقدونیہ کی وزیر خارجہ نکولا دیمیتروف نے کہا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران مغربی دفاعی اتحاد کی سمٹ کے موقع پر اُن کے ملک کی اس اتحاد میں شمولیت کے مذاکرات شروع کرنے کی منظوری دی جا سکتی ہے۔ اتحاد کے سیکرٹری جنرل اسٹولٹن برگ چند روز قبل عندیہ دے چکے ہیں کہ جولائی میں ہونے والی سمٹ میں مقدونیہ کو رکنیت دینے کے مذاکراتی عمل کی منظوری ممکن ہے۔ مغربی دفاعی اتحاد کی دو روزہ سمٹ گیارہ جولائی سے برسلز میں شروع ہو گی۔ اس سمٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شرکت کر رہے ہیں۔

[pullquote]غزہ کے ساتھ سرحدی گزرگاہ بند کر دی جائے گی، اسرائیل[/pullquote]

اسرائیلی حکومت نے غزہ کے ساتھ قائم مرکزی بارڈر کراسنگ کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سرحدی گزر گاہ کی بندش کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے تاہم یہ ضرور واضح کیا کہ اس مناسبت سے مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ ان کے بقول اس بارے میں تفصیلات وقت کے ساتھ ساتھ سامنے لائی جائیں گی۔ ایسا کہا گیا ہے کہ حکومت غزہ کی انتہا پسند تنظیم حماس کے خلاف کریک ڈاؤن کرنا چاہتی ہے۔ اس گزرگاہ کا نام کرم ابوسالم یا کیرم شالوم ہے۔

[pullquote]یورپی پارلیمنٹ کے سربراہ لیبیا کے دورے پر[/pullquote]

یورپی پارلیمان کے صدر انتونیو تجانی لیبیا کے دارالحکومت پہنچ گئے ہیں۔ تجانی نے طرابلس پہنچنے پر کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کو بلیک لسٹ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ غیر قانونی ہجرت کے عمل میں شامل جرائم پیشہ تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن ایک انتہائی مشکل مرحلہ ہو گا لیکن ایسے تادیبی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ یہ امر اہم ہے کہ افریقی مہاجرین کی مسلسل آمد نے یورپی یونین کو شدید پریشان کر رکھا ہے۔

[pullquote]جاپانی وزیر اعظم آبے کا طویل غیر ملکی دورہ منسوخ[/pullquote]

جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے نے ملک میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں کم از کم سو شہریوں کی ہلاکت کے بعد اپنا چار ملکی دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ مقامی میڈیا نے پیر کے روز بتایا کہ ان ہلاکتوں کی وجہ بننے والی شدید بارشیں اب تک پچھلے کئی ریکارڈ توڑ چکی ہیں۔ وزیر اعظم آبے کے دفتر نے فوری طور پر اس دورے کی منسوخی کی تصدیق نہیں کی۔ آبے کو پرسوں بدھ کے دن سے ایک طویل غیر ملکی دورے پر روانہ ہونا تھا، جس دوران انہیں بیلجیم، فرانس، سعودی عرب اور مصر جانا تھا۔

[pullquote]نئی دہلی میں طالبہ کا گینگ ریپ، قتل: تینوں مجرموں کی سزائے موت برقرار[/pullquote]

بھارتی سپریم کورٹ نے سن 2012 میں نئی دہلی میں میڈیکل کی ایک طالبہ کے گینگ ریپ اور قتل کے جرم میں تین مجرموں کو سنائی گئی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے۔ اس ریپ اور قتل کے بعد پورے بھارت میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔ ان مجرموں کو دہلی ہائی کورٹ نے سزائے موت سنائی تھی، جس کے خلاف دائر کی گئی اپیل بھی اب ملکی سپریم کورٹ کے ایک بینچ نے مسترد کر دی ہے۔ عدالت عظمیٰ کے اس تین رکنی بینچ کی سربراہی بھارتی چیف جسٹس دیپک مشرا کر رہے تھے۔

[pullquote]ایتھوپیا اور اریٹریا کے مابین جنگ ختم ہو گئی[/pullquote]

افریقی ہمسایہ ممالک ایتھوپیا اور اریٹریا کے مابین جنگ ختم ہو گئی ہے۔ اریٹریا کے وزیر اطلاعات گَیبرے مَیسکل نے پیر کے روز بتایا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے ایک ایسے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس میں جنگ کے خاتمے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس ڈیل کو ممکن بنانے کے لیے ایتھوپیا کے وزیر اعظم آبی احمد اور اریٹریا کے صدر ایَفک وَیرکی کی ایک سربراہی ملاقات کل اتوار کو ہوئی تھی۔ اس معاہدے کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش پیر کی شام ادیس ابابا میں ملکی وزیر اعظم سے ملاقات کر رہے ہیں۔

[pullquote]آسٹریا نے پانچ روز کے لیے اپنی سرحدوں کی نگرانی شروع کر دی[/pullquote]

آسٹریا نے آج پیر کے دن سے ملک کے مغربی حصے میں جرمنی اور اٹلی کے ساتھ اپنی سرحدوں پر مسافروں کی چیکنگ شروع کر دی ہے۔ یہ پانچ روزہ سرحدی نگرانی یورپی یونین کی ایک آئندہ سمٹ کے تناظر میں شروع کی گئی ہے۔ آسٹریا نے یکم جولائی سے چھ ماہ کے لیے یورپی یونین کی صدارت سنبھالی تھی۔ حکام کے مطابق اس نگرانی کا ویانا کی اس حالیہ دھمکی سے کوئی تعلق نہیں، جس میں کہا گیا تھا کہ غیر ملکی تارکین وطن کے داخلے کو روکنے کے لیے آسٹریا اپنی جنوبی سرحدوں کو بند بھی کر سکتا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں مارے گئے امریکی فوجی کی شناخت ظاہر کر دی گئی[/pullquote]

امریکی محکمہ دفاع نے افغانستان کے جنوبی صوبے اروزگان میں ہفتے کے روز ایک حملے میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجی کی شناخت ظاہر کر دی ہے۔ پینٹاگون کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ فوجی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والا کارپورل جوزف ماسیئل تھا، جو ضلع ترین کوٹ میں ایک افغان سکیورٹی اہلکار کی فائرنگ کے نتیجے میں مارا گیا۔ اس واقعے میں، جس کی چھان بین جاری ہے، دو امریکی فوجی زخمی بھی ہو گئے تھے۔ افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کی موجودہ تعداد چودہ ہزار کے قریب ہے۔

[pullquote]رومانیہ کے صدر نے بالآخر متنازعہ پراسیکیوٹر کو برطرف کر دیا[/pullquote]

رومانیہ کے صدر کلاؤس یوہانِس نے آج پیر کے روز انسداد بدعنوانی کے دفتر کی متنازعہ چیف پراسیکیوٹر لاؤرا کَودرُوتا کووَیسی کو بالآخر ان کے عہدے سے برطرف کر دیا۔ صدر یوہانِس کافی عرصے سے اس خاتون اہلکار کو برطرف کرنے سے ہچکچا رہے تھے۔ بخاریسٹ میں بائیں بازو کی ملکی حکومت کووَیسی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے لیے مسلسل کوشاں تھی۔ مئی میں رومانیہ کی آئینی عدالت نے ملک کے اینٹی کرپشن پراسیکیوٹرز آفس کی اس سربراہ کی برطرفی کا حکم دیا تھا، جو اب صدر یوہانِس نے بالآخر تسلیم کر لیا۔

[pullquote]بریگزٹ امور کے نگران برطانوی وزیر ڈیوڈ ڈیوس مستعفی[/pullquote]

برطانوی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق بریگزٹ امور کے نگران وزیر ڈیوڈ ڈیوس اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ ڈیوس نے اپنے استعفے کا اعلان لندن میں ملکی کابینہ کے اس فیصلے کے دو روز بعد کیا کہ برطانیہ یورپی یونین سے اپنے اخراج کے بعد بھی اس بلاک کے ساتھ اپنے قریبی اقتصادی روابط قائم رکھے گا۔ ڈیوڈ ڈیوس کو بریگزٹ کے حوالے سے ایک سخت گیر سوچ کا حامل سیاستدان تصور کیا جاتا ہے اور وہ اس بارے میں وزیر اعظم ٹریزا مے کے موقف کی مخالف کرتے ہوئے ماضی قریب میں کئی بار اپنی ذمے داریوں سے مستعفی ہو جانے کی دھمکی دے چکے تھے۔

[pullquote]روس کا درعا کے نواح سے ایک ہزار شامیوں کے انخلاء کا پروگرام[/pullquote]

روسی فوج جنوب مغربی شام میں ایک ایسے علاقے سے ایک ہزار شہریو‌ں کے انخلاء کا پروگرام بنا رہی ہے، جہاں کشیدگی میں کمی پر جنگی فریقین کے مابین اتفاق رائے ہو چکا ہے۔ شام میں مصالحت کے لیے قائم روسی مرکز نے پیر کے روز بتایا کہ ان شامی باشندوں کا انخلاء درعا شہر کے نواح سے انسانی بنیادوں پر بنائی گئی ایک محفوظ راہداری کے ذریعے عمل میں آئے گا۔ روسی نیوز ایجنسی انٹرفیکس کے مطابق ان شامی باشندوں کو اس علاقے سے شمالی شام کے صوبے ادلب پہنچا دیا جائے گا۔

[pullquote]میرکل حکومت میں سیاسی پناہ سے متعلق بحث، جرمن صدر کی طرف سے تنقید[/pullquote]

وفاقی جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر نے چانسلر انگیلا میرکل کی قیادت میں مخلوط حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کی طرف سے سیاسی پناہ سے متعلق پالیسی پر کی جانے والی بحث اور اس کے طریقہ کار پر تنقید کی ہے۔ جرمن صدر نے سیاستدانوں سے مطالبہ کیا کہ انہیں عام شہریوں کے دیگر مسائل، مثلاﹰ پینشن اور بیماری کی صورت میں طبی دیکھ بھال جیسے امور پر فوری توجہ دینا چاہیے۔ جرمن صدر نے یہ بات ملکی نشریاتی ادارے زیڈ ڈی ایف کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔ شٹائن مائر نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حفاظت پسندانہ اقتصادی پالیسیوں کے پیش نظر یورپ پر یہ واضح ہونا چاہیے کہ مستقبل میں اس پر عائد ہونے والی ذمے داریاں آج سے کہیں زیادہ ہوں گی۔

[pullquote]برازیل کے سابق صدر لولا ڈی سلوا جیل میں ہی رہیں گے[/pullquote]

برازیل کی ایک اپیل کورٹ نے زیر حراست سابق صدر لولا ڈی سلوا کی رہائی کا حکم منسوخ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق سربراہ مملکت کو جیل میں ہی رہنا چاہیے۔ اس فیصلے کی وجہ یہ بتائی گئی کہ اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ کوئی جج جنوری میں اپیل کورٹ کی طرف سے سنائے گئے متفقہ فیصلے کو تبدیل کرنے کی کوشش کرے۔ برازیل کی ایک اعلیٰ اپیل کورٹ کے چیف جسٹس نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ لولا ڈی سلوا جیل میں ہی رہیں گے۔ قبل ازیں اسی عدالت کے ایک جج نے حکم دیا تھا کہ سابق صدر کو فوراﹰ رہا کر دیا جائے۔ لولا ڈی سلوا کو کرپشن اور منی لانڈرنگ کے جرم میں طویل مدت کی سزائے قید سنائی گئی تھی۔

[pullquote]جنوبی افریقہ کے سابق صدر زوما کے بیٹے پر بھی فرد جرم عائد[/pullquote]

جنوبی افریقہ کے سابق صدر جیکب زوما کے بیٹے دُودُوزانے زوما پر بھی بدعنوانی کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ یہ بات ان کے وکیل نے پیر کے روز بتائی۔ ان کے والد اور سابق صدر جیکب زوما کو بھی اپنے خلاف کرپشن کے متعدد الزامات کا سامنا ہے۔ دُودُوزانے کو گزشتہ جمعے کے روز اس وقت جوہانسبرگ کے ہوائی اڈے سے گرفتار کیا گیا تھا، جب وہ اپنے ایک بھائی کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے وطن لوٹے تھے۔ کرپشن کا جو مقدمہ ان کی گرفتاری کی وجہ بنا، وہ دو ہزار سولہ میں دائر کیا گیا تھا۔

[pullquote]پانچ مرتبہ اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے لیجنڈری جرمن گھڑسوار انتقال کر گئے[/pullquote]

جرمنی کے لیجنڈری گھڑ سوار ہانس گُنٹر وِنکلر اکانوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ جرمن ہارس رائیڈرز فیڈریشن کے مطابق وِنکلر کا انتقال اتوار اور پیر کی درمیانی شب اچانک حرکت قلب بند ہو جانے سے ہوا۔ وِنکلر گھڑ سواری کے کھیل میں اولمپک مقابلوں کی تاریخ کے کامیاب ترین کھلاڑی سمجھے جاتے تھے۔ انہوں نے مجموعی طور پر سونے کے پانچ، چاندی کا ایک اور کانسی کا ایک تمغہ جیتا تھا۔ سن 1954 اور 1955 میں انہوں نے دو مرتبہ عالمی چیمپئن شپ بھی جیتی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے