جمعرات : 12 جولائی 2012 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]چین، جبوتی میں فری ٹریڈ زون بنانے سے گریز کرے، دبئی[/pullquote]

خلیجی ریاست دبئی نے چین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ قرن افریقہ کے ملک جبوتی میں انٹرنیشنل فری ٹریڈ زون قائم کرنے سے اجتناب کرے۔ بصورتِ دیگر اُس کو بین الاقوامی قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دبئی کے مطابق جس مقام پر یہ ٹریڈ زون تعمیر کیا جا رہا ہے، وہ متنازعہ ٹرمینل ہے۔ یہ انتباہ براعظم افریقہ میں قائم کیے جانے والے سب سے بڑے فری ٹریڈ زون کے پہلے مرحلے کے شروع ہونے پر سامنے آیا ہے۔ جبوتی نے حال ہی میں دبئی کے ساتھ بین الاقوامی تجارت کے ایک خصوصی معاہدے میں دی جانے والی رعایت کو ختم کیا تھا۔ جبوتی اور دبئی پورٹ کے ساتھ معاہدہ رواں برس فروری میں پچاس برس جاری رہنے کے بعد ختم ہوا تھا۔

[pullquote]امریکی اتحادی ایران پر پابندیوں کے نفاذ میں مدد کریں، امریکی وزیر خارجہ[/pullquote]

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے اتحادی ممالک سے کہا ہے کہ وہ ایران پر امریکی پابندیوں کے نفاذ میں اس لیے مدد کریں کیونکہ تہران حکومت اقوام متحدہ کی قرارداد کے منافی مشرق وسطیٰ میں اسلحے کی فروخت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی کے ساتھ ہونے والی ملاقات سے قبل کہا کہ ایران کے لیے مالی معاونت کا سلسلہ پراکسی جنگ اور دہشت گردی کے فروغ کے تناظر میں ختم کرنا بہت ضروری ہے۔ پومپیو کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے دو روزہ سربراہ اجلاس میں شریک تھے۔

[pullquote]بہترین روسی امریکی معاہدہ دنیا سے جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ ہو سکتا ہے، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ جس بہترین معاہدے کی خواہش کر سکتے ہیں، وہ ایک ایسا معاہدہ ہو سکتا ہے، جس کے ذریعے دنیا جوہری ہتھیاروں سے پاک ہو جائے۔ یہ بات انہوں نے برسلز میں نیٹو سمٹ کے موقع پر کہی۔ اس سوال کے جواب میں کہ ان کی روسی صدر سے ملاقات کا بہترین نتیجہ کیا ہو سکتا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا، ’’ایک ایسی دنیا، جس میں کوئی جوہری ہتھیار، کوئی مسائل، کوئی تنازعات نہ ہوں۔‘‘ ٹرمپ ولادیمیر پوٹن سے آئندہ پیر کے روز ہیلسنکی میں ملاقات کریں گے۔

[pullquote]ٹرمپ نے نیٹو اتحادیوں کو دفاعی بجٹ میں اضافے پر مجبور کر دیا[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو میں امریکا کے اتحادیوں کو ان کے قوی دفاعی اخراجات میں اضافے پر مجبور کر دیا۔ بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں نیٹو کی دو روزہ سمٹ کے دوسرے روز ٹرمپ نے کہا کہ تنظیم کے رکن ممالک اپنے اپنے دفاعی اخراجات میں اضافے پر رضامند ہو گئے ہیں۔ اس سمٹ میں دفاعی بجٹ سے متعلق رکن ملکوں کی رائے منقسم تھی۔ ٹرمپ نے جمعرات کے روز کہا کہ یہ اتفاق رائے اس وقت ممکن ہوا، جب انہوں نے اپنے بار بار کے مطالبات سے امریکی اتحادیوں کو بحرانی مذاکرات پر مجبور کر دیا۔ یہ شرح ہر ملک کی مجموعی قومی پیداوار کے دو فیصد کے برابر ہو گی۔

[pullquote]افغان فوج پر طالبان کا حملہ، کئی ہلاک[/pullquote]

افغان سکیورٹی ذرائع کے مطابق طالبان نے ملکی فوج پر حملہ کر کے کم از کم چالیس فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شمالی افغان صوبے قندوز کے ضلع دشتِ آرچی میں فوجی ٹھکانوں پر کیے جانے والے اس بڑے حملے کے بعد لڑائی جاری ہے۔ افغان وزارت دفاع کے ترجمان محمد ردمانش نے بھاری جانی نقصان کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ طالبان کو بھی ایک بڑے جانی نقصان کا سامنا ہے۔ ہلاکتوں کی حتمی تعداد کے حوالے سے متضاد اطلاعات ہیں۔ وزارت دفاع کے ترجمان نے ہلاکتوں کی تعداد پندرہ سے بیس کے درمیان بتائی ہے جب کہ افغان سکیورٹی فورسز کے مطابق ہلاک شدگان چالیس سے بھی زائد ہے۔

[pullquote]بریگزٹ کے بعد یورپی برطانوی تعلقات: وزیر اعظم مے نے ’وائٹ بک‘ جاری کر دی[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے بریگزٹ کے بعد برطانیہ اور یورپی یونین کے باہمی تعلقات کے بارے میں اپنی حکومتی ترجیحات پر مشتمل ’وائٹ بک‘ کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ ان پالیسی نکات میں مستقبل میں اشیاء کی آزادانہ تجارت کا ارادہ بھی شامل ہے، جس پر مے کی قدامت پسند جماعت کے کئی رہنماؤں نے غصے کا اظہار کیا ہے۔ یہ پالیسی دستاویز اٹھانوے صفحات پر مشتمل ہے اور اسی بارے میں وزیر اعظم سے اختلافات کی وجہ سے گزشتہ دنوں دو برطانوی وزراء مستعفی بھی ہو گئے تھے۔ اس دستاویز کو برطانیہ کی خارجہ اور تجارتی پالیسی میں گزشتہ کئی عشروں کے دوران آنے والی سب سے بڑی تبدیلی بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]جنوبی سوڈان میں عبوری حکومت کی مدت میں مزید تین سال کی توسیع[/pullquote]

جنوبی سوڈان میں اراکین پارلیمان نے آج جمعرات کے روز صدر سَلوا کیر کی قیادت میں عبوری حکومت کی مدت میں مزید تین سال کی توسیع کر دی۔ جوبا سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ پیش رفت ممکنہ طور پر اس ملک میں قیام امن کی کوششوں کو نقصان پہنچائے گی۔ اس بارے میں ایک مسودہ قانون کی پارلیمان نے متفقہ رائے سے منظوری دے دی۔ اس بل کو قانون بنانے کے لیے صدر سَلوا کیر کے دستخط ابھی باقی ہیں۔ جنوبی سوڈان میں گزشتہ چار سال سے خانہ جنگی جاری ہے۔

[pullquote]چینی امریکی تجارتی تنازعہ: واشنگٹن سے کوئی رابطہ نہیں، بیجنگ[/pullquote]

چینی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ بیجنگ کا امریکا کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تنازعے میں باہمی مذاکرات کی ممکنہ بحالی کے لیے تاحال کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ وزارت تجارت کے ترجمان نے ایک بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ چین امریکا کے ساتھ کوئی تجارتی جنگ نہیں چاہتا۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ بیجنگ واشنگٹن کے ساتھ ایسی کسی جنگ سے خائف بھی نہیں ہے اور ضروری ہوا تو یہ لڑی بھی جائے گی۔ امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ نے اسی ہفتے چینی درآمدات پر قریب دو سو ارب ڈالر کے اضافی محصولات بھی عائد کر دیے تھے۔

[pullquote]روسی صدر کی خامنہ ای کے اعلیٰ مشیر سے ملاقات[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے اعلیٰ ترین مشیر علی اکبر ولایتی سے آج جمعرات کو ماسکو میں ایک ملاقات کی۔ روسی خبر رساں اداروں نے اس ملاقات کی کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔ ولایتی نے کل بدھ کے روز کہا تھا کہ ایران کے روس کے ساتھ سٹریٹیجک تعلقات انتہائی اہم ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ وہ روسی صدر کو ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای اور صدر حسن روحانی کے پیغامات پہنچائیں گے۔ ایران اس وقت اپنے خلاف بحال کی گئی امریکی پابندیوں کے اثرات کو کم سے کم رکھنے کی کوشش میں ہے۔

[pullquote]جرمن وزیر داخلہ کا افغان شہری کی خود کشی پر اظہار افسوس[/pullquote]

جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ جرمنی سے حال ہی میں ملک بدر کیے گئے ایک افغان تارک وطن نے افغانستان میں خود کشی کر لی۔ ساتھ ہی زیہوفر نے کہا کہ وہ گزشتہ روز دیے گئے اپنے ایک بیان پر شرمندہ نہیں ہیں۔ بدھ کے روز زیہوفر نے کہا تھا کہ اسی دن ،جس روز ان کی انہترویں سالگرہ تھی، جرمنی سے انہتر افغان تارکین وطن کو ملک بدر کر دیا گیا۔ اپوزیشن جماعتوں نے وزیر داخلہ کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے، جسے انہوں نے مسترد کر دیا ہے۔

[pullquote]جرمن صوبے باویریا کا اپنی سرحدی پولیس کے قیام کا فیصلہ[/pullquote]

جنوبی جرمن صوبے باویریا کی پارلیمان نے اس ریاست کی اپنی ایک سرحدی پولیس کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ ساتھ ہی اس بارے میں ایک قرارداد بھی منظور کر لی گئی کہ باویریا سیاسی پناہ اور تارکین وطن کی ملک بدری سے متعلق اپنا ایک صوبائی رابطہ دفتر بھی قائم کرے گا۔ نئی باویرین بارڈر پولیس کے اختیارات سے متعلق تفصیلات اسی ہفتے باویریا اور وفاقی حکومت کے مابین ہونے والے مذاکرات میں طے کر لی جائیں گی۔ یہ نئی پولیس اگست میں کام کرنا شروع کر دے گی اور اس کی نفری قریب ایک ہزار ہو گی۔ باویریا میں تارکین وطن کو سیاسی پناہ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ آئندہ بھی جرمنی کا وفاقی دفتر برائے مہاجرین اور ترک وطن ہی کیا کرے گا۔

[pullquote]اٹلی میں فیئٹ کے کارکن رونالڈو کی ٹرانسفر کے خلاف ہڑتال کے خواہش مند[/pullquote]

اطالوی کارساز ادارے فیئٹ کے کارکنوں میں پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی اسپین میں ریئل میڈرڈ سے اٹلی میں یُووَینٹوس ٹیورین منتقلی پر شدید غصہ پایا جاتا ہے۔ کارکنوں کی ٹریڈ یونین یو ایس بی کے مطابق یہ بات قابل قبول نہیں کہ اس ٹرانسفر کے لیے سینکڑوں ملین یورو خرچ کیے جائیں۔ یونین نے کہا ہے کہ کارکنوں کی طرف سے سالہا سال تک بے تحاشا مالی قربانیاں دیے جانے کے بعد دستیاب وسائل اس طرح خرچ نہیں کیے جانا چاہییں۔ اطالوی فٹبال کلب یُووَینٹوس ٹیورین کا کنٹرول اَگنَیلی خاندان کے پاس ہے، جو فیئٹ کے حصص کا سب سے بڑا مالک بھی ہے۔ ٹریڈ یونین کے مطابق رونالڈو کی ٹرانسفر پر ساڑھے تین سو ملین سے چار سو ملین یورو تک لاگت آئے گی۔

[pullquote]کروشیا پہلی بار فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں[/pullquote]

روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ مقابلوں میں کروشیا کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی ہے، جہاں اتوار کے روز اس کا مقابلہ فرانس سے ہو گا۔ یہ پہلا موقع ہو گا کہ کروشیا فٹبال کی کسی عالمی چیمپئن شپ کا فائنل کھیلے گا۔ ماسکو میں بدھ کی رات کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں کروشیا نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ منگل کی رات کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں فرانس بیلجیم کو ہرا کر پہلے ہی فائنل میں پہنچ گیا تھا۔

[pullquote]نیٹو رکن ممالک دفاع کے لیے دو فیصد بجٹ کے ہدف پر قائم[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے رکن ممالک اپنے اس ہدف پر قائم ہیں کہ سن دو ہزار چوبیس تک وہ اپنی اپنی سالانہ مجموعی قومی پیداوار کا دو فیصد حصہ دفاع پر خرچ کریں گے۔ یہ اتفاق رائے برسلز میں جاری اس تنظیم کی دو روزہ سمٹ میں ہوا، جو آج جمعرات کو ختم ہو رہی ہے۔ سمٹ میں شریک سربراہان مملکت و حکومت نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ سابق یوگوسلاویہ کی ریاست مقدونیہ کو نیٹو کی رکنیت کے لیے مذاکرات کی دعوت دی جائے گی۔ کانفرنس کے پہلے روز امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے برلن حکومت پر اس وجہ سے تنقید بھی کی گئی کہ جرمنی روسی تیل اور گیس کی درآمدات پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔ چانسلر میرکل نے اس تنقید کو رد کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی اپنی سیاست میں آزاد ہے اور اپنے فیصلے خود کرتا ہے۔

[pullquote]جرمن شہر اشٹٹ گارٹ میں اگلے سال سے ڈیزل گاڑیوں پر پابندی[/pullquote]

جرمنی کے جنوبی شہر اشٹٹ گارٹ میں اگلے سال یکم جنوری سے زہریلی گیسوں کے اخراج کے حوالے سے ’یورو فور‘ یا اس سے بھی برے معیار کے ڈیزل انجنوں والی گاڑیاں چلانے پر پابندی ہو گی۔ مقصد اس جرمن شہر کی فضا میں آلودگی کم کرنا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی صوبے باڈن ورٹمبرگ میں حکمران مخلوط حکومت نے کیا۔ فی الحال صوبائی دارالحکومت اشٹٹ گارٹ میں ’یورو فائیو‘ کیٹیگری اور اس سے بعد کے ماڈلز کی ڈیزل انجن گاڑیاں چلانے پر پابندی نہیں لگائی گئی۔

[pullquote]بریگزٹ مذاکرات کی راہ میں ابھی تک رکاوٹیں ہیں، یورپی مندوب اعلیٰ[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے بریگزٹ سے متعلق آج جمعرات کو اپنی ان پالیسی تفصیلات کا اعلان کرنے والی ہیں، جنہیں ’وائٹ بک‘ کا نام دیا جا رہا ہے۔ اس میں وہ یہ واضح کریں گی کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے آئندہ اخراج سے متعلق مذاکرات میں لندن کے سیاسی اہداف کیا ہیں۔ اسی دوران بریگزٹ مذاکرات میں یورپی یونین کے مندوب اعلیٰ میشل بارنیئر نے اس بات چیت کی ممکنہ ناکامی کے خلاف خبردار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مکالمت کی راہ میں تاحال کئی رکاوٹیں موجود ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے