انگلینڈ کو کمزور نہیں سمجھیں گے، وقار

 

۔ — فائل فوٹو

لاہور: کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیز فاتح انگلینڈ کے خلاف اگلے مہینے ہونے والی’ہوم‘ سیریز کے حوالے سے پر اعتماد ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 13 اکتوبر سے ابو ظہبی میں شروع ہو گا اور میزبان ٹیم اس مرتبہ بھی تین سال پہلے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کی تاریخ دہرانا چاہتی ہے۔

تین سال پہلے کی طرح اس مرتبہ بھی انگلینڈ ٹیم پاکستان سیریز سے قبل ایشیز جیتی ہے۔

تاہم، سابق فاسٹ باؤلر وقار نے کہا کہ ان کی ٹیم ٹیسٹ فارمیٹ میں تسلسل کے ساتھ پرفارم کر رہی ہے اور آئی سی سی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر موجود انگلینڈ کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔

وقار نے لاہور میں جاری تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا کو بتایا ’حال ہی میں ہم نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلی اور اس کے نتائج کو سامنے رکھتے ہوئےمجھے یہ کہنے میں عار نہیں کہ ہم ایک اچھی ٹیسٹ ٹیم ہیں‘۔

پاکستان نے اپنی آخری چار ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا کو 1-2، بنگلہ دیش کو0-1 اور آسٹریلیا 0-2 سے شکست جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف 1-1 ڈرا سیریز کھیلی تھی۔

’تقریباً پچھلے ایک سال میں ہماری بیٹنگ نے اچھا پرفارم کیا ، بلکہ اس سے پہلے ہم نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف بھی اچھا کھیلا۔ تاہم، ہم انگلینڈ کوکمزور نہیں سمجھیں گے اور اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم اُسی جوش کے ساتھ کھیلیں‘۔

وقار نے ایشیز جیتنے والی انگلینڈ ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف 22 وکٹیں حاصل کرنے والے لیگ سپنر یاسر شاہ آئندہ سیریز میں اہم کردار ادا کریں گے۔

2014 کے اواخر میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے یاسر شاہ تیزی سے اوپر آئے اور اس وقت وہ ٹیسٹ باؤلر رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے قبل پاکستان 27 ستمبر سے 5 اکتوبر کے درمیان زمبابوے کا دورہ کرتے ہوئے دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچ کھیلے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے