ہفتہ : 14 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سعودی عرب نے حوثی ملیشیا کے میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا[/pullquote]

سعودی سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ ہفتہ چودہ جولائی کو یمن کے حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے گئے ایک میزائل کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا ہے۔ اس بیلسٹک میزائل کو سعودی دفاعی نظام سے یمنی سرحد کے اندر ہی ضائع کیا گیا۔ سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ بیلسٹک میزائل شمالی یمنی صوبے صعدہ سے داغا گیا تھا۔ اس میزائل کا ہدف سعودی شہر نجران تھا۔ ایران نواز حوثی ملیشیا پہلے بھی سعودی سرزمین کی جانب متعدد مرتبہ بیلسٹک میزائل داغ چکے ہیں۔ ان میزائلوں کی اکثریت کو سعودی دفاعی نظام نے فضا ہی ضائع کردیا تھا۔

[pullquote]ایران میں کروڑوں افراد انٹرنیٹ پر پابندی کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، اٹارنی جنرل[/pullquote]

ایران کے اٹارنی جنرل عبدالصمد خرم آبادی نے کہا ہے کہ ملک میں تیس ملین سے زائد افراد انٹرنیٹ پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ افراد کئی ایسے طریقوں سے آگاہ ہیں، جن سے پابندی کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ملکی نیوز ایجنسی ISNA کو بتایا کہ ایسی خلاف ورزیوں کو کسی بھی صورت برداشت اور قبول نہیں کیا جائے گا۔ اٹارنی جنرل نے ایسے افراد پر واضح کیا کہ وہ حکومتی حکم کو نظرانداز کرنے کے سلسلے کو ختم کریں۔ انہوں نے پابندی پر عمل درآمد نہ ہونے کی ذمہ داری ملکی وزارت نشریات پر بھی عائد کی ہے۔

[pullquote]دوسرے ممالک ریسکیو کیے گئے مہاجرین کو پناہ دیں، اطالوی وزیراعظم[/pullquote]

اٹلی کے وزیراعظم جُوزیپے کونٹے نے کہا ہے کہ اُن کے کوسٹ گارڈز نے بحیرہ روم میں سے ساڑھے چار سو کے قریب غیرقانونی مہاجرین کو بچایا ضرور ہے لیکن انہیں دوسرے ممالک پناہ دیں۔ ان مہاجرین کو اطالوی ساحلی محافظوں کے امدادی بحری جہاز نے اطالوی جزیرے لینوسا کے قریب بحیرہ روم سے ریسکیو کیا تھا۔ اٹلی کے وزیر داخلہ نے ان مہاجرین کو اپنے ملک کی سرزمین پر اترنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ اٹلی کی موجودہ قدامت پسند حکومت کے وزیر داخلہ ماتیو سالوینی بحیرہ روم میں مہاجرین کو بچانے کی کارروائی میں مصروف انسانی ہمدردی کی غیرسرکاری تنظیموں کو بھی اپنی سرزمین سے دور رکھنے کی کوشش میں ہیں۔

[pullquote]اریٹیریا کے صدر ایتھوپیائی دارالحکومت پہنچ گئے[/pullquote]

افریقی ملک اریٹیریا کے صدر ایسیاس اَفویرکی اپنے ہمسایہ ملک ایتھوپا کے دارالحکومت ادیس آبابا پہنچ گئے ہیں۔ اریٹیریا کی آزادی کے بائیس برسوں کے بعد صدر اَفویرکی پہلی مرتبہ ادیس آبابا پہنچے ہیں۔ ایئرپورٹ پر اُن کا استقبال ایتھوپیا کے اصلاحات پسند وزیراعظم ابی احمد نے کیا۔ احمد نے بھی اریٹیریا کا دورہ گزشتہ ویک اینڈ پر کیا تھا۔ اریٹیریا کے صدر کے پرجوش خیرمقدم پر وزیراعظم احمد نے اپنی عوام کو پرزور الفاظ میں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس استقبال پر وہ فخر محسوس کرتے ہیں۔ ایتھوپیا کے وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سرحدی کمیشن کے فیصلے کو تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور اسی باعث دونوں ملکوں کے درمیان خوشگوار تعلقات کی ابتدا ہوئی ہے۔

[pullquote]جنوبی عراق میں حکومت مخالف مظاہروں میں مزید دو افراد ہلاک[/pullquote]

عراق میں بیروزگاری اور بدعنوانی کے خلاف جاری مظاہروں میں مزید دو افراد مارے گئے ہیں۔ یہ مظاہرے عراقی دارالحکومت اور بندرگاہی شہر بصرہ کے گردونواح تک پھیل چکے ہیں۔ دونوں ہلاکتیں ایران کے ساتھ جڑے سرحدی صوبے میسان میں ہوئی ہیں۔ صوبائی دارالحکومت عمارا میں دونوں افراد نامعلوم افراد کی گولیوں کا نشانہ بنے۔ میسان میں ہونے والے مظاہروں کے دوران سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں۔ گزشتہ اتوار کو بصرہ میں بھی مظاہرے کے دوران ایک شخص کی ہلاکت کے بعد احتجاج میں شدت پیدا ہو چکی ہے۔ بغداد حکومت نے ملکی فوج کو چوکس رہنے کا حکم جاری کیا ہے۔ اس دوران عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے بصرہ کا بھی دورہ کیا ہے۔

[pullquote]عسکریت پسندوں نے مزید گیارہ افغان فوجی ہلاک کر دیے[/pullquote]

افغان حکام کے مطابق عسکریت پسندوں نے حملہ کر کے کم از کم گیارہ فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ حملہ مغربی صوبے فرح میں قائم چیک پوسٹ پر کیا گیا۔ فرح صوبے کے ضلع بالا بلُوک میں چیک پوسٹ پر حملے کے بعد عسکریت پسندوں اور فوجیوں کے درمیان شروع ہونے والی لڑائی میں نو عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے اور تیرہ کے زخمی ہونے کی تصدیق صوبائی گورنر کے ترجمان نے کی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ چیک پوسٹ پر حملہ کرنے والے عسکریت پسند ایک بڑی تعداد میں تھے۔ دوسری جانب ہلمند صوبے کی ایک چوکی پر ایک خودکش کار بم حملہ کیا گیا ہے۔ اس حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور گیارہ فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

[pullquote]امریکا عالمی برادری میں شدید تنہائی کا شکار ہو چکا ہے، ایرانی صدر[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا عالمی برادری میں شدید تنہائی کا شکار ہو چکا ہے۔ روحانی کے بقول ایران پر پابندیاں عائد کرنےکے معاملے میں امریکا اس قدر الگ تھگ ہو کر رہ گیا ہے، جس کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔ آج ہفتے کو ٹیلی وژن سے نشر کیے گئے اپنے ایک خطاب میں ایرانی صدر نے مزید کہا کہ اس غیر قانونی اقدام کی وجہ سے امریکا کے اتحادی بھی اس سے دور چلے گئے ہیں۔ روحانی کا یہ بیان ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ برطانیہ کے موقع پر کیے جانے والے احتجاجی مظاہروں کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔

[pullquote]جرمن وزیر خارجہ کا ٹرمپ سے بین الاقوامی نظام کے لیے مزید احترام کا مطالبہ[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بین الاقوامی نظام کے لیے مزید احترام کا مطالبہ کیا ہے۔ برسلز میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سربراہ اجلاس کے بعد ماس نے دفاعی اخراجات کو مجموعی قومی پیداوار کا چار فیصد تک کرنے کے ٹرمپ کے مطالبے پر تنقید کی۔ ان کے بقول عسکری شعبے پر اخراجات بڑھانے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ دنیا زیادہ محفوظ ہو جائے گی۔ ماس نے کہا کہ فوجی اخراجات بڑھانے سے زیادہ اہم بین الاقوامی قوانین و ضابطوں کا احترام ہے۔

[pullquote]مہاجرین سے بھرا جہاز، اٹلی اور مالٹا کے مابین پھر تنازعہ[/pullquote]

اٹلی اور مالٹا کے مابین مہاجرین کو بچانے والے ایک جہاز کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے کہا ہے کہ وہ اس جہاز کو کسی اطالوی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اس وقت یہ جہاز مالٹا اور اطالوی جزیرے لامپےڈوسا کے درمیان بین الاقوامی پانیوں میں موجود ہے۔ دوسری جانب والیٹا میں حکام کا کہنا ہے کہ یہ جہاز مالٹا سے زیادہ اٹلی کے قریب ہے۔ اس جہاز پر پناہ کے متلاشی چار سو زائد تارکین وطن سوار ہیں۔

[pullquote]عراق فوج کو چوکنا رہنے کا حکم[/pullquote]

عراقی حکومت نے ملکی فوج کو چوکنا رہنے کا حکم دیا ہے۔ بغداد حکام نے بتایا کہ حکومت کی ناقص کارکردگی اور بدعنوانی کے خلاف گزشتہ پانچ دنوں سے جاری مظاہروں کے تناظر میں فوج کے ایک ڈویژن کو بصرہ بھیج دیا گیا ہے۔ حکام کا ڈر ہے کہ کہیں احتجاج کا یہ سلسلہ ملک بھر میں نہ پھیل جائے۔ جمعے کے دن نجف میں مظاہرین نے ہوائی اڈے کی عمارت میں داخل کر فضائی آمد و رفت میں خلل ڈال دیا تھا۔ عراقی شیعہ روحانی رہنما آیت اللہ علی سیستانی نے مظاہرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]ترک وطن سے متعلق پہلا عالمی معاہدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ترک وطن کے ایک عالمگیر معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اس عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے اسے ایک تاریخی موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ 193 میں سے 192 ممالک نے اس دستاویز کی توثیق کی ہے۔ ان کے بقول انہیں امید ہے کہ امریکا بھی اس معاہدے کی حمایت کرے گا۔ اس معاہدے کا مقصد محفوظ اور منظم طریقے سے ترک وطن کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ انسانوں کی اسمگلنگ پر قابو پانا بھی ہے۔ اس معاہدے کے ذریعے دنیا کے قریب 200 ممالک نے بین الریاستی سطح پر تعاون میں اضافے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی فضائیہ کے حماس کے ٹھکانوں پر حملے[/pullquote]

اسرائیلی فضائیہ نے آج ہفتے کی صبح غزہ پٹی میں حماس کے مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق اس فضائی کارروائی کے دوران حماس کے ایک ایسے مرکز کو نشانہ بنایا گیا، جسے حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ اس کے علاوہ ایک سرنگ کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ ادھر گزشتہ روز غزہ کی سرحد پر اسرائیل مخالف مظاہروں کے دوران ایک پندرہ سالہ فلسطینی نوجوان ہلاک ہو گیا تھا۔ طبی ذرائع نے بتایا کہ دو سو سے زائد فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔

[pullquote]فرانک سِناترا کی پہلی بیوی نینسی سِناترا کا انتقال[/pullquote]

ماضی کے معروف امریکی اداکار اور گلوکار فرانک سِناترا کی پہلی اہلیہ نینسی سِناترا کا جمعے کی شب انتقال ہو گیا۔ نینسی سِناترا نام ہی کی ان کی 78 سالہ بیٹی نے بتایا کہ ان کی والدہ کا انتقال کیلی فورنیا میں بیورلی ہلز میں واقع ان کے گھر پر ہوا۔ نیسنی سِناترا کی عمر ایک سو ایک برس تھی۔ فرانک اور نینسی کی شادی بارہ سال تک چلی تھی اور ان کی تین بچے تھے۔ انیس سو اکاون میں طلاق کے بعد بھی یہ دونوں ایک دوسرے کے انتہائی قریب رہے تھے۔ فرانک سِناترا کا انتقال 1988ء میں 82 برس کی عمر میں ہوا تھا۔

[pullquote]نوواک جوکووچ ومبلڈن کے فائنل میں[/pullquote]

سربیا سے تعلق رکھنے والے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے ٹینس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ومبلڈن کے فائنل میچ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ جوکووچ نے اس چیمپئن شپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ہسپانوی کھلاڑی رفائل ندال کو پانچ سیٹ کے طویل میچ میں شکست دے دی۔ اب وہ فائنل میچ میں اتوار پندرہ جولائی کو جنوبی افریقی کھلاڑی کیون اینڈرسن کا مقابلہ کریں گے۔ جوکووچ اور ندال کے درمیان سیمی فائنل کا میچ سوا پانچ گھنٹے تک جاری رہا۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ پومپیو کا پہلا دورہ میکسیکو[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے میکسیکو کے صدر اینریکے پینیا نیتو سے ملاقات کی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق اس موقع پر صدر پینیا نیتو نے امریکی حکام کی جانب سےسرحد پر تارکین وطن کے خاندانوں کے علیحدہ علیحدہ کر دیے گئے ارکان کے دوبارہ فوری ملاپ کا مطالبہ کیا۔ ان کے بقول اس مسئلے کا ایک ایسا حل تلاش کیا جائے، جس میں بچوں کی بہبود اور ان کے حقوق کو مرکزی اہمیت حاصل ہو۔ پومپیو کے ہمراہ ایک وفد بھی میکسیکو پہنچا ہے۔ اس دوران ترک وطن، تجارت اور سلامتی جیسے موضوعات پر بات چیت کی جا رہی ہے۔ پومپیو کا یہ پہلا دورہ میکسیکو ہے۔

[pullquote]ترکی: ناکام فوجی بغاوت کے بعد لگائی گئی ایمرجنسی کا خاتمہ اگلے ہفتے[/pullquote]

ترکی میں 2016ء میں نافذ کی جانے والی ہنگامی حالت اگلے ہفتے ختم کر دی جائے گی۔ صدارتی ترجمان ابراہیم کالِن کے مطابق صدر رجب طیب ایردوآن اٹھارہ جولائی کو اس ایمرجنسی کی مدت میں مزید توسیع نہیں کریں گے۔ اس ایمرجنسی کے دوران سرکاری اداروں سے ایک لاکھ دس ہزار سے زائد ملازمین کو نوکریوں سے نکالا گیا جبکہ ہزارہا دیگر معطل کر دیے گئے۔ اسی طرح تیرہ سو سے زائد تنظیموں اور فاؤنڈیشنز کو بھی بند کر دیا گیا۔ ابراہیم کالِن کے بقول ملک میں ہنگامی حالت کے خاتمے کے بعد بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ پہلے کی طرح جاری رہے گی۔

[pullquote]برطانیہ: اعصابی زہر نوویچوک سے بھری بوتل برآمد[/pullquote]

برطانوی پولیس نے اعصابی زہر نوویچوک سے بھری ایک بوتل قبضے میں لے لی ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بتایا کہ یہ بوتل ایمزبری کے رہائشی اس جوڑے کے گھر سے برآمد ہوئی ہے، جسے گزشتہ ہفتے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ آدمی کی حالت بدستور نازک ہے جبکہ اس کی شریک حیات کا اس اعصابی زہر کی وجہ سے انتقال ہو چکا ہے۔ پولیس یہ معلوم کرنے کی کوشش میں ہے کہ یہ بوتل اس گھر میں کیسے پہنچی۔ ساتھ ہی یہ حتمی چھان بین بھی جاری ہے کہ آیا یہ وہی زہر ہے، جس کے ساتھ سابق روسی جاسوس اسکرپل اور ان کی بیٹی پر مارچ میں حملہ کیا گیا تھا۔

[pullquote]بن لادن کے سابق محافظ کو واپس جرمنی لایا جائے، جرمن عدالت[/pullquote]

اسامہ بن لادن کے سابق محافظ ’سمیع اے‘ کو جرمنی واپس لایا جائے گا۔ جرمنی کی ایک انتظامی عدالت نے القاعدہ کے سربراہ کے سابق محافظ کو تیونس سے واپس جرمنی لانے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے سمیع کی ملک بدری کو بنیادی آئین کے تقاضوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اس ملک بدری کے خلاف عدالتی فیصلہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا تھا، جب سمیع کو بذریعہ ہوائی جہاز تیونس بھیجا جا چکا تھا۔ اس فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بن لادن کے اس سابق محافظ کو تیونس میں تشدد کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے