عسکری پارک حادثہ: بولٹ ٹوٹنے اور گراریاں سلپ ہونے سے جھولا گرا، تحقیقاتی رپورٹ

کراچی: عسکری پارک میں جھولا گرنے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے جس میں جھولا گرنے کی وجہ بولٹ ٹوٹنے سے اس کی گراریاں سلپ ہونا بتائی گئی ہے۔

گزشتہ روز کراچی کے عسکری پارک میں جھولا گرنےکا واقعہ پیش آیا جس میں ایک لڑکی جاں بحق ہوئی اور کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔

گورنر سندھ محمد زبیر نے واقعے کا نوٹس لے کر کمشنر اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کی تھی۔

واقعے کی کرائم سین انویسٹی گیشن ٹیم نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی جس میں بتایا گیا ہےکہ جھولا چلنے کے دوران مين بولٹ ٹوٹ گیا جس سے اس کی گراریاں سلپ ہوئیں اور اس کے باعث جھولا گرا۔

ترجمان کمشنر کراچی نےبتایا کہ عسکری پارک میں جھولا گرنے سے ایک لڑکی جاں بحق ہوئی، واقعے کے 10 زخمی جناح، 3 سول اور 2 نجی اسپتال منتقل کیے گئے تھے، 15 زخمیوں کو طبی امداد دینے کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے جب کہ ایک زخمی جناح اور ایک سول اسپتال میں زیر علاج ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ میجر (ر) اعظم سلیمان نے صوبے بھر کے پارکوں کے جھولے تین روز کے لیے بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں، اس دوران تکنیکی انسپیکشن کے بعد جھولوں کو کھولا جائے گا۔

دوسری جانب بلدیاتی اداروں نے پارک کی ملکیت سے انکار کردیا ہے۔

ضلعی شرقی کے ڈسٹرکٹ میونسپل کمشنر اختر شیخ کا کہنا ہےکہ عسکری پارک ہماری ملکیت نہیں ہے جب کہ میونسپل کمشن ڈاکٹر سیف الرحمان نےبھی ملکیت سے انکار کیا ہے۔

کے ایم سی لینڈ ذرائع کا کہنا ہےکہ عسکری پارک 2004 میں کے ایم سی سے لے لیا گیا تھا، 2004 میں پرانی سبزی منڈی یہاں سے سپر ہائی وے منتقل ہوئی تھی، اس سے پہلے پارک کی جگہ کے ایم سی کی ملکیت تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے