یمن سے سعودی عرب پر شیلنگ میں بچے سمیت 3 شہری زخمی

ریاض: یمن سے سعودی عرب پر داغے گئے میزائل کے ٹکڑے لگنے سے تین شہری زخمی ہو گئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کی حکومت پر قبضہ کرنے والے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے صوبے جازان کے سرحدی ضلع العارضہ پر شیلنگ کی جس کے نتیجے میں تین نوجوان زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

جازان صوبے میں شہری دفاع کے میڈیا ترجمان یحیی عبداللہ القحطانی نے کہا ہے کہ زخمی ہونے والے دو نوجوانوں کی عمر 20 سال کے قریب ہے اور تیسرے بچے کی عمر دس سال ہے۔ تینوں نوجوان شیلنگ کے نتیجے میں زخمی ہوئے تھے اور انہیں ہتھیاروں کے ٹکڑے لگے تھے۔ شہری دفاع نے جائے وقوع کا دورہ کرکے حفاظتی اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ یمن میں جاری خانہ جنگی کے دوران حوثی باغیوں اور سعودی اتحادی افواج کے درمیان جھڑپوں میں سیکڑوں افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ ہزاروں خاندان دربدر ہوگئے ہیں۔ سعودی حکام کا دعوی ہے کہ حوثی باغی کی جانب سے سرحدی علاقوں پر داغے گئے میزائل ایرانی ساختہ ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے