منگل : 19 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شامی باغی گولان کا قریبی علاقہ چھوڑنے پر آمادہ[/pullquote]

شامی باغیوں نے اسرائیلی سرحد کے قریب گولان کے پہاڑی سلسلے میں واقع ایک حساس علاقہ خالی کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ باغی ہتھیار ڈال کر یہ علاقہ بشارالاسد کی فورسز کے حوالے کرنے پر تیار ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل ایک ڈیل کے ذریعے اس علاقے سے ہزاروں عام شہری نکل گئے تھے۔ باغیوں کے ساتھ ان دونوں معاہدوں کے لیے مذاکرات روس نے کیے ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ اس سے قبل مذاکرات اور عسکری قوت کے ذریعے شامی فورسز نے درعا کے علاقے کا قریب 90 فیصد حصہ اپنے قبضے میں لیا تھا۔ درعا ہی شام کو وہ پہلا علاقہ تھا، جہاں سن 2011 میں بشارالاسد کی حکومت کے خلاف مظاہروں کا آغاز ہوا تھا۔

[pullquote]اسرائیلی حملے میں ایک فلسطینی ہلاک[/pullquote]

غزہ پٹی میں جمعرات کے روز ہونے والے ایک اسرائیلی فضائی حملے میں ایک فلسطینی شہری ہلاک ہو گیا ہے۔ غزہ کی وزارت صحت نے بھی فلسطینی شہری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ اس سے قبل اسرائیل نے کہا تھا کہ اس کے ایک طیارے نے فائربموں کے حامل غبارے غزہ پٹی کی فضا میں چھوڑے۔ ادھر رفاہ کے علاقے میں دیگر تین افراد اسی اسرائیلی حملے میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے فلسطینی کے اہل خانہ کے مطابق یہ فلسطینی حماس کے زیرانتظام غزہ پٹی میں سرحدی پولیس اہلکار کے بہ طور کام کرتا تھا۔

[pullquote]پوٹن سے دوسری ملاقات کا منتظر ہوں، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے دوسری ملاقات کے منتظر ہیں۔ انہوں میں امریکا میں خود پر ہونے والی تنقید کو رد کرتے ہوئے کہا کہ پوٹن سے ملاقات انتہائی کامیاب رہی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں جمعرات کے روز ٹرمپ نے لکھا کہ وہ پوٹن کے ساتھ دوسری ملاقات چاہتے ہیں، تاکہ پہلی ملاقات میں طے کردہ امور پر عمل درآمد کا آغاز ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پوٹن کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے مشرق وسطیٰ، جوہری پھیلاؤ، سائبر حملوں، تجارت، یوکرائن اور شمالی کوریا سمیت متعدد اہم امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

[pullquote]افغان طالبان اور ’اسلامک اسٹیٹ‘ میں جھڑپیں جاری، سو سے زائد ہلاکتیں[/pullquote]

افغانستان کےشمالی صوبے جوزجان میں طالبان اور ’اسلامک اسٹیٹ‘ میں ہونے والی جھڑپوں کا سلسلہ گزشتہ تین ایام کے دوران وقفے وقفے سے جاری ہے۔ ان جھڑپوں میں فریقین کے 120 سے زائد جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان ہلاکتوں میں 72 طالبان اور 52 ’اسلامک اسٹیٹ‘ سے تعلق رکھتے ہیں۔ دونوں عسکری تنظیموں کے درمیان یہ جھڑپیں درزاب اور قُوش تپ اضلاع میں ہو رہی ہیں۔ ان مقامات پر حالات ابھی بھی کشیدہ بتائے گئے ہیں۔ جوزجان کے گورنر کے ترجمان نے زخمیوں کی تعداد ایک سو سے زائد بتائی ہے۔ ان جھڑپوں کی وجہ طالبان کی جانب سے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے ٹھکانے پر دس روز قبل کیا گیا حملہ تھا۔

[pullquote]برلن میں ایک ہی خاندان کی کئی جائیدادیں ضبط[/pullquote]

برلن میں پولیس نے ایک ہی خاندان کی ملکیت 77 مکانات قبضے میں لے لیے ہیں۔ جمعرات کے روز جرمن پراسیکیوٹرز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس خاندان کا تعلق مبینہ طور پر منظم جرائم پیشہ گروہ سے ہے۔ اطلاعات ہیں اس خاندان کی اس جائیداد کی مجموعی مالیت دس ملین یورو کے قریب تھی۔ بتایا گیا ہے کہ قبضے میں لی گئی جائیداد میں فلیٹ، مکانات اور پلاٹ وغیرہ شامل ہیں۔ استغاثہ کے مطابق یہ جرائم پیشہ نیٹ ورک اکتوبر 2014 میں ایک بینک ڈکیتی میں ملوث ہونے کی وجہ سے پولیس کی نگاہوں میں آیا تھا۔

[pullquote]مہاجرت پر نیا عالمی معاہدہ دنیا کے لیے ’خطرہ’ ہے، ہنگری[/pullquote]

امریکا کے ساتھ ساتھ اب ہنگری نے بھی عالمی سطح پر مہاجرت کے حوالے سے اقوام متحدہ کے معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ عالمی ادارے کے باقی تمام رکن ممالک نے اس معاہدے پر دسمبر میں دستخط کیے جانے کی منظوری دے دی ہے۔ ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سیارتو نے گلوبل مائیگریشن پر اقوام متحدہ کے نئے متفقہ معاہدے کو ’دنیا کے لیے خطرہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ اُن کے ملک کے مفادات کے خلاف ہے۔ امریکا اس معاہدے سے گزشتہ برس ہی یہ کہتے ہوئے باہر نکل گیا تھا کہ یہ معاہدہ امریکی امیگریشن اور مہاجرین کے حوالے سے پالیسیوں سے متصادم ہے۔

[pullquote]یمنی تنازعے میں فرانس کی مصالحتی کوششیں[/pullquote]

یمن کے لیے مقرر فرانسیسی صدر کے خصوصی ایلچی کرسٹیان ٹسیٹو (Christian Testot) نے ایران نواز حوثی ملیشیا کے لیڈروں سے ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات حوثی ملیشیا کے زیر کنٹرول دارالحکومت صنعاء میں ہوئی۔ فرانس یمنی تنازعے میں انسانی ہمدردی کی کوششوں پر زیادہ توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ اسی تنازعے میں اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب مارٹن گریفتھس بھی فریقین کو الحدیدہ میں کسی بھی بڑی لڑائی سے دور رکھنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب حوثی ملیشیا کو بندرگاہی شہر الحدیدہ میں سعودی عسکری اتحاد کے زمینی کارروائی کی شدت کا سامنا ہے اور یہ شدت کسی بھی بڑے حملے کی صورت میں سامنے آ سکتی ہے۔

[pullquote]ترکی میں نافذ دو سالہ ایمرجنسی ختم ہو گئی[/pullquote]

ترک حکومت نے دو برس قبل نافذ کی جانے والی ہنگامی حالت میں مزید توسیع نہیں کی۔ ملک میں ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ دو سال قبل بیس جولائی کو ناکام فوجی بغاوت کے بعد کیا گیا تھا۔ ابتداء میں اس ہنگامی حالت کا نفاذ فقط تین ماہ کے لیے کیا گیا تھا لیکن اس میں تسلسل کے ساتھ سات مرتبہ توسیع کی گئی۔ ترکی میں ایمرجنسی کی مدت بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میں ختم ہوئی اور اس میں توسیع کی قرارداد پارلیمنٹ میں پیش نہیں کی گئی۔ ایمرجنسی کی دو سالہ مدت کے دوران ایردوآن حکومت نے اپنے مخالفین کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رکھا۔

[pullquote]بحیرہ روم میں مہاجرین کی کشتی غرق، انیس ڈوب گئے[/pullquote]

بحیرہ روم میں غیر قانونی مہاجرین سے لدی ہوئی کشتی کی غرقابی کے ایک واقعے میں انیس تارکین وطن ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ تیس مہاجرین لاپتہ ہیں۔ ایک سو سے زائد ایسے غیرقانونی مہاجرین کو ترک کوسٹ گارڈز نے بچا لیا ہے۔ کشتی پر ڈیڑھ سو غیر قانونی مہاجرین سوار تھے اور اُن کا تعلق شام سے بتایا گیا ہے۔ کشتی ڈوبنے کا واقعہ قبرص کی شمال ساحلی پٹی سے تیس کلومیٹر کی مسافت پر کھلے سمندر میں رونما ہوا۔ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

[pullquote]اریٹیریا کے ساتھ سرحدی تنازعے کو حل کیا جائے، جبوتی کی درخواست[/pullquote]

قرنِ افریقہ کے ملک جبوتی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش سے درخواست کی ہے کہ وہ اریٹیریا کے ساتھ پائے جانے والے سرحدی تنازعے کو حل کرنے میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کریں۔ جبوتی نے اپنے سرحدی تنازعے کو اُسی انداز میں حل کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے، جس طرح اریٹیریا اور ایتھوپیا نے اقوام متحدہ کے سرحدی کمیشن کے فیصلے کو تسلیم کر کے کیا ہے۔ ایتھوپیا نے اریٹیریا کے ساتھ تقریباً بیس برسوں بعد اپنے سرحدی معاملات کو رفع دفع کیا ہے۔ جبوتی حکومت کی جانب سے ایک خط عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل کو پیش کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی پارلیمنٹ نے قوم پرستانہ ریاست کا متنازعہ قانون منظور کر لیا[/pullquote]

جمعرات انیس جولائی کو اسرائیلی پارلیمنٹ نے اُس قرارداد کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت اسرائیل کو ’یہودیوں کی قومی ریاست‘ قرار دے دیا گیا ہے۔ اس قانون کے تحت اِس ملک کی بڑی عربی زبان کا درجہ کم تر کر دیا گیا ہے۔ قانون کے تحت اسے اب ’’خصوصی اسٹیٹس‘‘ دیا گیا ہے۔ اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ میں پیش کردہ دستوری قرارداد کے حق میں 62 اور مخالفت میں 55 ووٹ ڈالے گئے۔ وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے اس قرارداد کی منظوری کو صیہونیت یا زائنزم کی تاریخ کا ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔ یہ قانون اسرائیل میں بنیادی قانون کی حیثیت کا حامل ہو گا اور دستوری نظام کی اساس بھی ہو گا۔

[pullquote]بھارت: بلڈنگ گرنے کے حادثے میں نو ہلاکتیں[/pullquote]

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے نواح میں ایک رہائشی عمارت کے گرنے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد نو تک پہنچ گئی ہے۔ گری ہوئی عمارت کے ملبے میں سے مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔ چھ منزلہ عمارت اپنی ساتھ والی عمارت پر گر گئی تھی۔ کئی افراد ابھی بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ دبے ہوئے افراد کی تلاش کا سلسلہ چوبیس سے زائد گھنٹوں سے جاری ہے۔ بدھ اٹھارہ جولائی کو پانچ افراد کی لاشیں ڈھونڈ لی گئی تھیں۔ اس کے بعد مزید چار نعشوں کو ملبے تلے سے نکالا گیا۔ عمارت میں ناقص مواد استعمال کرنے کے جرم میں چار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور دیگر بیس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

[pullquote]پوپ کو چاہیے تھا کہ مجرم قرار دیے گئے پادری کو برخاست کرتے، آسٹریلوی وزیراعظم[/pullquote]

آسٹریلیا کے وزیراعظم میلکم ٹرنبُل نے کیتھولک پوپ فرانسس سے کہا ہے کہ انہیں اُس آسٹریلوی سینیئر پادری کو اُن کے منصب سے فارغ کر دینا چاہیے تھا، جسے جنسی جرائم کے ارتکاب پر بارہ برس کی قید سنائی گئی ہے۔ آسٹریلیا کے آرچ بشپ فلپ ولسن کو سن 1970 کی دہائی میں بچوں کے جنسی استحصال پر رواں مہینے کے اوائل میں عدالت نے مصدقہ شہادتوں کی بنیاد پر سزا سنائی تھی۔ ایڈیلیڈ شہر کے سڑسٹھ سالہ سابق آرچ بشپ ولسن اپنے فرائض سے دستبردار ہو چکے ہیں اور انہوں نے سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔ وہ اس وقت ضمانت پر ہیں اور اُن کی اپیل پر عدالتی سماعت اگست میں ہو گی۔

[pullquote]شمال مغربی شامی علاقے سے ہزاروں افراد کا انخلاء[/pullquote]

شامی اپوزیشن کے مبصر گروپ سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے بتایا ہے کہ شمال مغربی شام کے دو دیہات میں سے ہزاروں عام شہریوں کو جمعرات انیس جولائی کی صبح حلب کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔ ان افراد کو اُن دو دیہات میں سے منتقل کیا گیا ہے، جنہیں سنی باغیوں نے اپنے گھیرے میں کئی ایام سے لے رکھا ہے۔ شیعہ آبادی کے حامل دیہات الفواع اور کیفاریہ سے ایک ڈیل کے تحت تمام شہریوں کو منتقل کیا گیا ہے۔ حکومتی ٹیلی وژن چینل الاخباریہ نے بھی سات ہزار کے قریب شہریوں کی 121 بسوں کے ذریعے حلب کی جانب منتقلی کی تصدیق کی ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا میں ہر دس میں سے ایک انسان غلامی پر مجبور ہے، رپورٹ[/pullquote]

جدید غلامی کے عالمی انڈیکس کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ اس انڈیکس کے مطابق کمیونسٹ ملک شمالی کوریا میں ہر دس میں سے ایک شخص جدید غلامی کے شکنجے میں جکڑا ہوا ہے۔ شمالی کوریا کے بارے میں یہ رپورٹ پچاس منحرفین کی فراہم کردہ معلومات پر مبنی ہے۔ ایسے افراد سے بغیر اُجرت جبری مشقت لی جاتی ہے اور ان میں بچے اور بالغ بھی شامل ہیں۔ اریٹیریا، برونڈی، سینٹرل افریقن ریپبلک اور افغانستان اس انڈیکس کے پہلے دس ممالک میں شامل ہیں۔ یہ رپورٹ ایک انٹرنیشنل غیرسرکاری تنظیم واک فری فاؤنڈیشن نے جاری کی ہے۔

[pullquote]جاپانی حکومت شام میں مغوی صحافی کو رہا کروائے، رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز[/pullquote]

عالمی سطح پر صحافیوں کے حقوق کی ترجمانی کرنے والی بین الاقوامی تنظیم رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے جاپان کی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ شام میں اغوا کیے گئے جاپانی صحافی کو رہا کروانے کی کوششوں میں مزید شدت پیدا کرے۔ جون سن 2015 سے شام میں اغوا کیے گئے صحافی جُمپئی یاسودا کی ایک ویڈیو رواں مہینے کے اوائل میں سامنے آئی تھی اور اندازہ لگایا گیا تھا کہ وہ ابھی زندہ ہیں۔ رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کے مطابق اغواکاروں سے رابطہ پیدا کرنے والے شامی شہری کے مطابق یاسودا کی صحت بہت خراب ہو چکی ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ صحافی کو مغوی بنانے والوں کے ساتھ رابطہ استوار ہوا ہے لیکن یاسودا کی رہائی کا ابھی امکان نہیں ہے۔

[pullquote]کمبوڈیا میں شدید بارشیں، ہزاروں شہری متاثر[/pullquote]

کمبوڈیا میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور سارے ملک کے ندی، نالوں اور دریاؤں میں سیلابی صورت حال پیدا ہو چکی ہے۔ تمام پانچوں صوبوں کے درمیان نقل و حمل کے راستے تقریباً منقطع ہو کر رہ گئے ہیں۔ کمبوڈیائی حکومت ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ ملک کے سب سے بڑے دریا میکانگ میں اگلے دو سے تین ایام کے بعد سیلابی پانی گزرنے کے بعد صورت حال بہتر ہونا شروع ہو جائے گی۔ حکومت نے کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ موسمیاتی ادارے کے مطابق شدید بارشوں سے ساحلی و پہاڑی علاقے شدید طور متاثر ہوں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے