مستونگ دھماکے کے خود کش بمبار کی شناخت ہوگئی

بلوچستان کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مستونگ حملے میں ملوث خود کش بمبار کی شناخت کرلی۔

ڈپٹی انسپیکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورائیہ نے یہ بات حملے کی تحقیقات کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔

واضح رہے کہ 13 جولائی کو بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے امیدوار سراج رئیسانی کی جانب سے منعقدہ کارنر میٹنگ میں بم دھماکے سے سراج رئیسانی سمیت 128 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ حملہ 2014 میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں ہونے والے حملے کے بعد ملک میں سب سے خوفناک حملہ ثابت ہوا تھا۔

ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ حملے میں ملوث خود کش بمبار کی شناخت حفیظ نواز کے نام سے کی گئی ہے، جو ٹھٹہ سے 33 کلومیٹر کی مسافت پر واقع میر پور ساکرو کا رہنے والا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ خودکش بمبار کے بھائی اور بہن کو 2 سال قبل افغانستان منتقل کردیا گیا تھا۔

سینیئر افسر نے تحقیقات میں کراچی سی ٹی ڈی کے تعاون کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ تاحال دھماکے کے سہولت کاروں کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ سہولت کار مقامی بھی ہوسکتے ہیں۔

اعتزاز احمد گورائیہ نے انکشاف کیا کہ حملہ آور کارنر اجلاس میں چوتھی صف میں موجود تھا تاہم اس نے خود کو دھماکے سے اڑانے سے قبل اسٹیج کے قریب آنے کی کوشش کی تھی۔

تحقیقات کے حوالے سے مزید بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس کو جائے وقوع سے خود کش بمبار کا ہاتھ ملا جس کے بعد فنگر پرنٹس کے ذریعے حملہ آور کی شناخت کی گئی تھی۔

ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ فارنزک ٹیم نے جائے وقوع سے نمونے حاصل کرلیے ہیں اور ان کی رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے