ہفتہ : 21 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ویت نام میں سیلابی صورت حال، دس افراد ہلاک[/pullquote]

ویت نامی حکام کے مطابق وسطی اور شمالی حصوں میں سمندری طوفان کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش کی زد میں آ کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد دس ہو گئی ہے۔ ان ہلاکتوں کے علاوہ گیارہ دیگر افراد لاپتہ ہیں۔ انیس جولائی کی رات کو ویت نام کو رواں برس کے تیسرے سمندری طوفان سون ٹِن کا بھی سامنا رہا ہے۔ اس طوفان نے تھان ہوا اور ناگھ اَن صوبوں کے انتظامی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کے علاوہ کھڑی فصلوں کو بھی تباہ کیا ہے۔ چار ہزار مکانات بھی تباہ ہوئے ہیں۔

[pullquote]ارتریا نے ایتھوپیا کے لیے اپنے سفیر کا اعلان کر دیا[/pullquote]

افریقی ملک ارتریا نے ہمسایہ ملک ایتھوپیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے قیام کے بعد اپنے پہلے سفیر کی تعیناتی کر دی ہے۔ موجودہ وزیر تعلیم کو ایتھوپیا میں سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ تقریباً بیس برسوں کے بعد ان دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی تنازعے کا خاتمہ ہوا ہے۔ حال ہی میں ارتریا کے صدر اور ایتھوپیا کے وزیراعظم کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ بھی رہا ہے۔ ایتھوپیا کے اصلاحات پسند وزیراعظم ابی احمد کی جانب سے اقوام متحدہ کے باؤنڈری کمیشن کے فیصلے کو قبول کرنے کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی ختم ہوئی۔

[pullquote]مشرقی یوکرائن میں ریفرنڈم، امریکا نے پوٹن کی تجویز مسترد کر دی[/pullquote]

وائٹ ہاؤس نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی اُس تجویز کو مسترد کر دیا ہے، جس میں مشرقی یوکرائن کے تنازعے کے حل کے لیے ریفرنڈم کو تجویز کیا گیا تھا۔ روس کے امریکا میں متعین سفیر اناطولی انتونوف نے کہا ہے کہ ہیلسنکی میں دونوں صدور کی ملاقات میں مشرقی یوکرائن میں ریفرنڈم کے انعقاد کی تجویز پر گفتگو کی گئی تھی۔ امریکی صدر کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرائن کے درمیان طے شدہ سمجھوتے میں مشرقی یوکرائن کے تنازعے کے حل کے حوالے سے ریفرنڈم کے انعقاد کی کوئی شق موجود نہیں ہے۔ ترجمان کے مطابق ایسے کسی ریفرنڈم کے انعقاد اور نتائج جائز تسلیم نہییں کیے جائیں گے۔

[pullquote]طالبان کے حملوں کا سلسلہ جاری، مزید ایک درجن ہلاکتیں[/pullquote]

افغان حکومت کے سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ جنوب مشرقی صوبے غزنی میں طالبان عسکریت پسندوں کے ساتھ ہونے والی لڑائی میں کم از کم بارہ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ غزنی کی صوبائی کونسل کے رکن عَصمت جمرادوَل کے مطابق طالبان شدت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان چھ گھنٹے تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں بیس دیگر اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ یہ جھڑپ غزنی کے ضلغ قلعہ باغ پر قبضے کی کوشش کے دوران ہوئی۔ افغان سکیورٹی فورسز نے قلعہ باغ پر طالبان کے قبضے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

[pullquote]امریکا سے مذاکرات فاش غلطی ہوں گے، خامنہ ای[/pullquote]

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران کے امریکا کے ساتھ مذاکرات سنگین غلطی ہوں گے کیونکہ واشنگٹن حکومت ناقابلِ اعتبار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکیوں کے لکھے ہوئے الفاظ پر بھی یقین کرنا مشکل ہے چہ جائیکہ کے امریکی حکومت کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں۔ ایران کے سپریم لیڈر نے یہ الفاظ ایرانی وزارت خارجہ کے اہلکاروں کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران کہے۔ یہ بیان سپریم لیڈر کی ویب سائٹ پر بھی جاری کیا گیا ہے۔

[pullquote]جی ٹوئنٹی کے وزرائے خزانہ کا اجلاس اکیس جولائی سے شروع ہو گا[/pullquote]

ترقی یافتہ اور ترقی پذیر اقوام کے گروپ جی ٹوئنٹی کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے سربراہان کا دو روزہ اجلاس آج ہفتے اکیس جولائی سے ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں شروع ہو گا۔ اس اجلاس میں مجموعی طور پر مختلف ممالک اور اداروں کے پچپن مندوبین شریک ہو رہے ہیں۔ ورلڈ بینک اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے سربراہان بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اُدھر امریکی وزیر خزانہ نے واضح کیا ہے کہ وہ دیگر ممالک کے وزرائے خزانہ کے خدشات کا بھرپور جواب دیں گے۔ جی ٹوئنٹی کے وزرائے خزانہ کا اجلاس ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب امریکی صدر نے چین اور یورپی یونین پر کرنسیوں کی قدر اور شرح سود کم رکھنے پر تنقید کی ہے۔

[pullquote]چینی صدر کا متحدہ عرب امارات کا دورہ ختم[/pullquote]

چین کے صدر شی جن پنگ نے خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات کا تین روز دورہ ہفتہ اکیس جولائی کو مکمل کر لیا ہے۔ اس دورے کے اختتام پر متحدہ عرب مارات نے کہا ہے کہ دونوں ملک جامع اسٹریٹیجک پارٹنرشپ قائم کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ اماراتی نیوز ایجنسی WAM کے مطابق دونوں ملکوں نے تمام شعبہ ہائے زندگی میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ چینی صدر نے اس دورے کے دوران اعلیٰ اماراتی لیڈروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ اس دورے کے اختتام پر جاری ہونے والے بیان میں واضح کیا گیا کہ دونوں ممالک سیاست، اقتصادیات، تیل و گیس اور سلامتی کے امور میں وسیع تعاون کو فروغ دیں گے۔ وہ اپنے دورے کی اگلی منزل سینیگال پہنچ گئے ہیں۔

[pullquote]یورپی یونین کے اہم رہنما ینکر اگلے بدھ کو ٹرمپ سے ملاقات کریں گے[/pullquote]

یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر اگلے ہفتے کے دوران بدھ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے واشنگٹن میں ملاقات کریں گے۔ وہ اس ملاقات میں کوشش کریں گے کہ یورپی یونین اور امریکا کے درمیان کسی قسم کی تجارتی جنگ کا آغاز نہ ہو سکے۔ رواں برس جون میں امریکی صدر نے یورپی یونین کی ایلومینیم اور فولاد کی ایکسپورٹ پر اضافی محصولات کا نفاذ کر دیا ہے۔ اس کے جواب میں یونین نے بھی جوابی اقدامات کرتے ہوئے امریکی مصنوعات پر تین بلین ڈالر کے مساوی خصوصی ٹیکس لگائے ہیں۔ ینکر امریکی دارالحکومت میں قیام کے دوران ایک خصوصی لیکچر بھی دیں گے اور اس کا موضوع یورپی یونین اور امریکی تعلقات ہیں۔

[pullquote]امریکا: جھیل میں ڈوبنے والوں کی تعداد سترہ تک پہنچ گئی[/pullquote]

امریکا میں ایک جھیل میں ڈوب کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد سترہ بتائی گئی ہے۔ ان سترہ میں سے نو کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ یہ افراد ریاست میسوری کے شہربرانسن کے نواح میں واقع جھیل ٹیبل راک میں کشتی کی سیر پر تھے کہ انہیں اچانک اونچی لہروں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے میں بچ جانے والی خاتون ٹیا کولمین نے بتایا کہ اُس کے مختلف گیارہ رشتہ دار پکنک کے لیے آئے ہوئے تھے اور اُن میں سے نو ڈوب گئے۔ ہلاک شدگان میں چار بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی پر لائف جیکٹس بھی موجود نہیں تھیں۔

[pullquote]مصری صدر نے اپنا سوڈانی دورہ مکمل کر لیا[/pullquote]

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے اپنا سوڈان کا دو روزہ دورہ مکمل کر لیا ہے۔ اس دورے کے دوران السیسی نے سوڈانی صدر عمر البشیر سے ملاقات میں دوطرفہ امور پر تفصیل کے ساتھ بات چیت کی۔ دونوں ملکوں کے لیڈروں نے اپنے اختلافات کو ختم کرنے کے علاوہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ اپنے دورے کے پہلے دن دونوں صدور نے خرطوم میں ایک پریس کانفرنس میں بھی شرکت کی۔ اسی پریس کانفرنس میں صدر عمر البشیر نے کہا کہ مصر اور سوڈان نے عدم اتفاق کی وجہ سے کئی سال ضائع کر دیے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ مصر حالیہ عرصے میں اپنے جنوبی ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات میں گرم جوشی نہیں رکھتا ہے۔

[pullquote]فلسطینی تنظیم حماس کا اسرائیل کے ساتھ فائربندی پر اتفاق[/pullquote]

حماس کے ترجمان فواز برہوم نے کہا ہے کہ حماس تنظیم نے مصر اور اقوام متحدہ کی معاونت سے فائربندی پر اتفاق کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس وقت غزہ کی صورت حال پرسکون ہے۔ اسرائیل کی جانب سے شدید عسکری کارروائیوں کے بعد غزہ پٹی کی منتظم تنظیم حماس نے اسرائیل کے ساتھ فائربندی پر اتفاق کیا ہے۔ تشدد کی اس تازہ لہر میں ایک اسرائیلی فوجی اور چار فلسطینی ہلاک ہوئے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کی ایک ترجمان نے کہا کہ وہ سیاسی امور پر گفت گو نہیں کر سکتیں، تاہم غزہ پر حملے روک دیے گئے ہیں۔ اسرائیل نے بیس جولائی کوغزہ کے ساٹھ سے زائد مختلف مقامات کو ٹارگٹ کیا تھا۔

[pullquote]جرمنی: بس میں چاقو سے حملے کرنے والا گرفتار[/pullquote]

شمالی جرمن شہر لیوبک کے قریب ایک بس میں مسافروں پر چاقو کے ذریعے حملہ آور ہونے والے مبینہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ لیوبک کی چیف پراسیکیوٹر اُولا ہِنگسٹ نے بتایا کہ چلتی بس میں حملہ آور نے اچانک چاقو نکال کر مسافروں پر وار شروع کر دیے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گرفتار ہونے والے کی عمر 34 برس اور وہ ایرانی نژاد جرمن شہری ہے۔ شمالی جرمن ریاست شلیسوِگ ہولشٹائن کے وزیرداخلہ ہانس ژوآخم گروٹے کے مطابق اس واقعے میں چھ افراد چاقو کے وار سے زخمی ہوئے، جب کہ دیگر تین کو دیگر چوٹیں آئیں۔ اس حملہ آور نے بس ڈرائیور کو بھی مکے مارے تھے۔ ریاستی وزیر داخلہ کے مطابق اس واقعے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ مقامی چیف پراسیکیوٹر ہِنگسٹ کے مطابق اس واقعہ کی تفتیش جاری ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے