پیر : 23 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسرائیل کی جانب سے شامی سرحد پر جدید ترین میزائل شیلڈ کا استعمال[/pullquote]

اسرائیل کی جانب سے شامی سرحد کے قریب دفاعی نظام سے دو میزائل فائر کئے گئے۔ اس سے قریب ہی شامی علاقوں میں سرکاری فورسز روسی عسکری معاونت کے ذریعے باغیوں کے خلاف ایک بڑے آپریشن میں مصروف ہیں۔ اسرائیل کے مطابق فضائی دفاعی قوت کا استعمال اس وقت کیا گیا، جب شامی علاقوں سے راکٹ فضا میں بلند ہوئے۔ تاہم اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ راکٹ شام کے اندر جاری لڑائی کا حصہ تھے اور اسرائیلی علاقوں میں نہیں پہنچے۔ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو آج روسی وزیرخارجہ سیرگئی لاوروف سے ملاقات بھی کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ گولان کے پہاڑی سلسلے میں باغیوں کے خلاف شامی فورسز کی پیش قدمی کے بعد اسرائیل نے سرحد پر اپنی فورسز کو ہائی الرٹ کر رکھا ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا کے معاملے میں پیش رفت پر بہت خوش ہوں، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ معاملات اچھے انداز سے آگے بڑھ رہے ہیں، جس پر انہیں خوشی ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں ٹرمپ نے کہا ہے کہ گزشتہ نو ماہ میں شمالی کوریا کی جانب سے کوئی میزائل اور جوہری تجربہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بابت پیش رفت پر امریکا کے ساتھ ساتھ جاپان بھی خوش ہے۔ اس سے قبل امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ شمالی کوریا کے معاملے میں کوئی پیش رفت نہ ہونے پر ٹرمپ سخت برہم ہیں۔

[pullquote]کینیڈا میں شوٹنگ: دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی[/pullquote]

کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں اتوار کی رات اندھا دھند فائرنگ کے ایک واقعے میں دو افراد ہلاک ہوئے۔ پولیس سربراہ مارک سینڈرز نے بتایا کہ اس واقعے میں زخمی ہونے والی ایک لڑکی بھی انتقال کر گئی ہے۔ ان کے بقول بارہ افراد زخمی ہیں۔ پولیس نے بتایا ہے کہ انتیس سالہ حملہ آور کو بھی ہلاک کر دیا گیا ہے اور تمام پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے تفتیش کی جا رہی ہے۔ یہ واقعہ شہر کے اس مشرقی علاقے میں پیش آیا ہے، جہاں کئی مقبول ریستوان بھی واقع ہیں۔

[pullquote]اضافی محصولات کا معاملہ ، ینکر اسی ہفتے امریکا کا دورہ کر رہے ہیں[/pullquote]

یورپی کمیشن کے سربراہ ژاں کلود ینکر اسی ہفتے بدھ کو امریکا کا دورہ کر رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ینکر اس دوران امریکا کی جانب سے یورپی یونین کی مصنوعات پر اضافی محصولات کے نفاذ کے معاملے کا کوئی حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔ ینکر کے ہمراہ یورپی یونین کی کمشنر برائے تجارت سیسیلیا مالمسٹروم بھی واشنگٹن جائیں گی۔ ان کے اس دورے کو امریکا اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی جنگ سے بچنے کی آخری کوشش بھی کہا جا رہا ہے۔ اگر صدر ٹرمپ یورپی کاروں پر اضافی محصولات عائد کرتے ہیں، تو یہ بین البراعظمی تعلقات کے لیے ایک بڑا دھچکا ہو گا۔

[pullquote]کابل حملے میں ہلاک شدگان کی تعداد تیئس ہو گئی[/pullquote]
افغان دارالحکومت کے ہوائی اڈے پر کیےگئے خود کش حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر تیئس ہو گئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق ایک سو سے زائد زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔ اتوار کے روز نائب افغان صدر رشید دوستم ایک سال کی جلا وطنی کے بعد وطن واپس پہنچے تھے۔ اس موقع پر ایک خود کش بمبار نے ہوائی اڈے پر موجود دوستم کے حامیوں کو نشانہ بنایا تھا۔ تاہم اس حملے میں دوستم بالکل محفوظ رہے تھے۔

[pullquote]صومالی فوجی اڈے پر شدت پسندوں کا حملہ[/pullquote]

صومالیہ کے جنوب میں ایک فوجی اڈے پر شدت پسندوں نے ایک بڑا حملہ کیا، تاہم انہیں پسپا کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جنوبی صومالی علاقے سنگ‘ونی میں واقع ایک فوجی اڈے کو الشباب کے جنگجوؤں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا۔ مقامی حکام کے مطابق شدت پسندوں کی جانب سے ابتدا میں کاربم حملے کی کوشش کی گئی، تاہم اس حملے سے قبل ہی سکیورٹی فورسز نے کار کی شناخت کر کے بم کو تباہ کر دیا۔ اس کے بعد شدت پسندوں نے فوجی اڈے پر دھاوا بولا، تاہم دس حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا، جب کہ باقی پسپا ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب شدت پسند تنظیم الشباب کا دعویٰ ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے اس فوجی اڈے میں داخل ہو کر 27 فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

[pullquote]ایران کی جارحیت کے خلاف امریکی موقف کی تائید کرتا ہوں، نیتن یاہو[/pullquote]

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایران کو سخت جواب دینے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پذیرائی کی ہے۔ نیتن یاہو نے کہا کہ وہ ایرانی جارحانہ رویے کے خلاف ٹرمپ اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے موقف کی تائید کرتے ہیں۔ ان کے بقول کئی برسوں سے عالمی طاقتیں تہران حکومت کی ناز برداری کرتی رہی ہیں۔ نیتن یاہو کے مطابق انہیں خوشی ہے کہ اب امریکا اس غلطی کو درست کر رہا ہے۔ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ امریکا کو دوبارہ کبھی دھمکی دی گئی تو تہران کو وہ نتائج بھگتنے پڑیں گے جن کا سامنا تاریخ میں چند ایک ہی نے کیا ہو گا۔

[pullquote]عراق: اربیل کی ایک سرکاری عمارت پر حملہ[/pullquote]

شمالی عراقی شہر اربیل میں ایک سرکاری عمارت پر مسلح افراد نے حملہ کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق تمام حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کی تعداد کتنی تھی۔ اس واقعے میں متعدد پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ نیم خود مختار عراقی خطے کردستان کے نائب گورنر طاہر عبداللہ نے بتایا کہ حملہ آوروں نے متعدد افراد کو یرغمال بھی بنایا تھا۔ عراق میں کردستان کے حالات سب سے زیادہ مستحکم سمجھے جاتے ہیں اور اس علاقے میں اس طرح کے حملے کم ہی رونما ہوتے ہیں۔

[pullquote]بھارت: واٹس ایپ پر افواہوں کے بعد ایک خاتون کو ہلاک کر دیا گیا[/pullquote]

بھارت میں واٹس ایپ پر بچے اغوا کرنے کی افواہوں کے بعد ایک خاتون کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ بھارتی شہر سنگراؤلی کے پولیس سربراہ ریاض اقبال نے بتایا کہ ہلاک کی جانے والی خاتون کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ ان کے بقول اس واقعے سے تعلق کے شبے میں نو افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔ واٹس ایپ نے گزشتہ روز ہی جعلی پیغامات کی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔ بھارت میں گزشتہ دو ماہ کے دوران واٹس ایپ پر گردش کرنے والی ایسی افواہوں کی وجہ سے بیس سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔

[pullquote]صوبہ باویریا میں دائیں بازو کی عوامیت پسندی کے خلاف مظاہرہ[/pullquote]

جرمن صوبہ باویریا میں دائیں بازو کی عوامیت پسندی کے خلاف ایک مظاہرے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مقامی ذرائع کے مطابق اس دوران مظاہرین نے صوبےکی حکمران جماعت کرسچن سوشل یونین ( سی ایس یو) کی مہاجرین سے متعلق پالیسیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ منتظمین نے بتایا کہ ’نفرت کی ترغیت کے خاتمے اور خوف کی سیاست کے خلاف متحد‘ کے عنوان سے اس احتجاج میں اٹھارہ ہزار کے لگ بھگ لوگ شریک تھے۔ اتوار کو اس مظاہرے سے قبل بھی سی ایس یو نے اپنے موقف کا دفاع کیا تھا۔

[pullquote]چین کی سری لنکا کو خطیر مالی امداد کی پیشکش[/pullquote]

چینی صدر شی جن پنگ نے سری لنکا کو دو سو پچانوے ملین ڈالر کی مالی امداد کی تازہ پیشکش کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ رقوم سری لنکا میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی جائیں گی۔ بیجنگ کی طرف سے یہ تازہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب چین اس جنوب ایشیائی ملک میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش میں ہے۔ ماضی میں بھی چین سری لنکا میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر چکا ہے۔

[pullquote]صومالیہ میں الشباب کا حملہ، ’ستائیس فوجی ہلاک‘[/pullquote]

صومالیہ میں انتہا پسند گروپ الشباب کی ایک کارروائی کے نتیجے میں ستائیس فوجی مارے گئے ہیں۔ مقامی حکام نے پیر کے دن بتایا کہ جنگجوؤں نے جنوبی علاقے میں واقع ایک فوجی بیس پر کار سے خود کش بم حملہ کیا، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ اس شدت پسند گروہ نے دعویٰ کیا ہے کہ بم دھماکے کے بعد چھاؤنی پر حملہ کیا گیا اور ستائیس فوجیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ مزید کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کی وجہ سے متعدد فوجی فرار بھی ہو گئے۔ الشباب نامی گروہ اس افریقی ملک میں ماضی میں بھی حملے کرتا رہا ہے۔

[pullquote]امریکی صدر کا حسن روحانی کو انتباہ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایرانی ہم منصب حسن روحانی کو خبردار کیا ہے کہ اگر تہران نے امریکا کو دھمکانے کی کوشش کی تو اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں ایرانی صدر کی دھمکی کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکا مزید دھمکیاں برادشت نہیں کرے گا۔ حسن روحانی نے کہا تھا کہ اگر امریکا نے ایران کے ساتھ جنگ کی تو وہ ’تمام جنگوں کی ماں‘ ہو گی۔ حالیہ عرصے میں ایران اور امریکا کے مابین کشیدگی میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوا ہے۔

[pullquote]میسوت اوزل نے جرمن ٹیم کو خیرباد کہہ دیا[/pullquote]

جرمن فٹ بال اسٹار میسوت اوزل نے قومی فٹ بال ٹیم سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔ اوزل نے ایک بیان میں کہا کہ انہیں ان کے ترک پس منظر کی وجہ سے ’نسل پرستی اور بے عزتی‘ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ان کے بقول عالمی کپ مقابلوں میں جرمنی کی شکست کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے انہیں ’قربانی کا بکرا‘ نہ بنایا جائے۔ ترک صدر ایردوآن سے ملاقات اور ورلڈ کپ سے جرمن ٹیم کے ابتدائی مرحلے ہی میں اخراج پر اوزل کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ فٹ بال کی دنیا میں حالیہ عرصے کے دوران کسی بھی کھلاڑی نے نسل پرستی کے حوالے سے اتنا زیادہ سخت بیان جاری نہیں کیا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی فائرنگ سے مقبوضہ مغربی اردن میں ٹین ایجر فلسطینی ہلاک[/pullquote]

اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹین ایجر فلسطینی کو ہلاک کر دیا ہے۔ فلسطینی طبی ذرائع نے پیر کے دن بتایا کہ گزشتہ رات اسرائیلی فوج نے کارروائی کی اور جھڑپیں شروع ہونے کے بعد پندرہ سالہ ارکان مظہر کو سینے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ یہ واقعہ بيت الحم میں واقع الدہیشہ مہاجر کیمپ کے قریب رونما ہوا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز نے اس کیمپ میں چھپے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جو دہشت گردی میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

[pullquote]جاپان میں شدید گرمی کی لہر، نیا ریکارڈ بن گیا[/pullquote]

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ پیر کے دن درجہ حرارت 41.1 تک چلا گیا، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ جاپان کے کئی شہروں میں سن 1886 کے بعد اس مرتبہ سب سے زیادہ گرمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ حالیہ موسم گرما میں ایشیا کے دیگر ممالک میں بھی شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ اس صورتحال میں طبی حکام نے خبردار کیا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے