جمعرات : 26 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]داعش کے منظم حملوں سے شامی شہر سویدا میں تقریباً ڈھائی سو ہلاکتیں[/pullquote]

جنوبی شام کے شہر سویدا میں جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے چار خودکش حملوں میں ہونے والی ہلاکتیں 246 ہو گئی ہیں۔ شامی اپوزیشن کے مبصر گروپ سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے مطابق سویدا میں ڈھائی سو کے قریب ہونے والی ہلاکتوں میں خواتین اور بچوں سمیت 135 عام شہری ہیں جبکہ بقیہ حکومت نواز فائٹرز تھے جو اپنے اپنے علاقوں کی حفاظت پر مامور تھے۔ سویدا پر کیے گئے حملے میں داعش کے چھپن جہادی بھی مارے گئے تھے۔ زیادہ تر ہلاک ہونے والوں کا تعلق ملکی اقلیت درُوز سے بتایا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں کے تابوتوں کو حکومتی جھنڈے میں لپیٹا گیا تھا۔ سویدا کا صوبہ درُوز اکثریتی آبادی پر مشتمل ہے۔

[pullquote]یونانی جنگلاتی آگ، ہلاکتیں بیاسی تک پہنچ گئیں[/pullquote]

یونانی دارالحکومت ایتھنز کے نواحی جنگلاتی علاقے میں لگی آگ کی لپیٹ میں آ کر ہونے والی ہلاکتیں بیاسی ہو گئی ہیں۔ ان کے علاوہ تقریباً تیس افراد لاپتہ ہیں اور اس باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ رضاکار اور ایمرجنسی سروسز کے ملازمین راکھ ہو جانے جنگلاتی علاقوں اور مکانات میں زندہ یا ہلاک شدگان کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ لاپتہ افراد کے رشتہ دار ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے اپنے نمونے بھی فراہم کر رہے ہیں۔ جنگلاتی آگ کے وہ شعلے جو رہائشی علاقوں کے خطرہ بن رہے تھے، اب فائربریگیڈز کے عملے نے اُن پر قابو پا لیا ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقے ماتی، رافینا، نِیا ماکری اور نیوس ووٹزاس ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا جوہری پابندیوں سے نجات کے لیے اقدامات کرے، جرمن وزیر خارجہ[/pullquote]

جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے جنوبی کوریائی دورے کے موقع پر کہا ہے کہ شمالی کوریا کو عالمی پابندیوں کے خاتمے کے لیے ضروری اقدامات کرنے ہوں گے اور اس ضمن میں جرمن حکومت تعاون فراہم کر سکتی ہے۔ ماس نے مزید کہا کہ کمیونسٹ ملک اس مناسبت سے پہل کرے اور ضرورت کے وقت اُن کا ملک تعاون پیش کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایرانی جوہری ڈیل میں جو برلن نے سیکھا ہے، وہ شمالی کوریا کو تعاون کے وقت فراہم کیا جا سکتا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ نے سیئول میں اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب کَنگ کیانگ واہا کے ساتھ ملاقات بھی کی۔

[pullquote]بحیرہ احمر کے راستے سعودی تیل کی برآمد عارضی طور پر معطل[/pullquote]

سعودی وزیر توانائی خالد الفالح کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں نے انتہائی بڑے حجم کے حامل دو سعودی آئل ٹینکروں کو بحیرہ احمر میں نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ بیان کے مطابق اس حملے میں ایک ٹینکر کو معمولی سا نقصان پہنچا۔ ریاض حکومت نے حوثی باغیوں کے حملوں کے بعد عارضی طور پر آبنائے باب المندب کی گزرگاہ کے راستے سعودی تیل کی برآمد عبوری طور پر روک دی ہے۔ سعودی حکومت کے مطابق صورت حال بہتر ہونے پر اس راستے سے تیل کی برآمد بحال کر دی جائے گی۔ حوثی ملیشیا کے ٹیلی وژن المسیرہ کے مطابق ان حملوں میں سعودی جنگی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

[pullquote]ایشیائی نوبل انعام برائے سن 2018 کا اعلان کر دیا گیا[/pullquote]

فلپائن کے رامون میگسیسے ایوارڈ، جسے ایشیائی نوبل پرائز بھی قرار دیا جاتا ہے، کے رواں برس کے چھ حق داروں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ان میں کمبوڈیا میں نسل کشی کے دور میں بچ جانے والے ایک انسانی حقوق کے کارکن یُوک چانگ، بھارت میں ذہنی مریضوں کو تحفظ فراہم کرنے والے ماہر نفسیات بھارت وتوانی، فلپائنی کمیونسٹوں کے ساتھ مذاکرات کرنے والے ہووارڈ ڈی، معذوروں سے امتیاز برتنے کے خلاف آواز بلند کرنے والا ویتنامی ووہ تھی ہوانگ ین۔ مشرقی تیمور میں غریبوں کے لیے کیئر مراکز بنانے والی شخصیت ماریا ڈی لُورڈزاور بھارت کے دیہات میں غریب طلبا کو تعلیم دینے والا معلم سونم وانگ چُوک شامل ہیں۔ میگسے سے فاؤنڈیشن کی جانب سے یہ انعام براعظم ایشیا سے تعلق رکھنے والوں افراد کو دیا جاتا ہے۔

[pullquote]ٹرمپ روحانی کو نہیں مجھے دھمکی دیں، سینیئر ایرانی جنرل[/pullquote]

ایران کے سینیئر فوجی کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی نے امریکی صدر ٹرمپ سے کہا ہے کہ وہ جنگ کی دھمکیاں تہران حکومت کو دینے کی بجائے انہیں دیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک فوجی سپاہی ہونے کے ناطے یہ اُن کا فرض ہے کہ صدر ٹرمپ کی دھمکیوں کا جواب دیں۔ ایرانی جنرل نے مزید واضح کیا کہ اگر ٹرمپ دھمکی کی زبان میں بات کرنا چاہتے ہیں تو پھر انہیں مخاطب کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وسطی ایرانی شہر ہمدان میں کیا۔ میجر جنرل سلیمانی ایرانی فوج کے طاقتور پاسدارانِ انقلاب کی خصوصی ایلیٹ دستے القدس فورس کے سربراہ ہیں۔

[pullquote]ٹرمپ اور پوٹن 2019ء میں پھر ملیں گے[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی سربراہ مملکت ولادیمیر پوٹن کے مابین اگلی ملاقات آئندہ برس ہو گی۔ یہ بات قومی سلامتی کے امریکی مشیر جان بولٹن نے وائٹ ہاؤس میں بتائی۔ ابھی گزشتہ ہفتے ہی واشنگٹن میں صدارتی دفتر نے اعلان کیا تھا کہ ٹرمپ اور پوٹن رواں برس ستمبر اور دسمبر کے درمیان کسی وقت ملیں گے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے سامنے صدر ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کا پرزور انداز میں دفاع کیا ہے۔

[pullquote]مریخ پر مائع حالت میں پانی کے ایک بڑے دریا کی نشاندہی[/pullquote]

اطالوی سائنسدانوں نے مریخ پر مائع حالت میں پانی کےایک بڑے دریا کا پتا لگایا ہے۔ سائنس نامی امریکی جریدے کے مطابق تقریباً بیس کلومیٹر طویل یہ دریا مریخ کے قطب جنوبی پر جمی برف کے ڈیڑھ کلومیٹر نیچے موجود ہے۔ محققین کو امید ہے کہ وہ اب سرخ سیارے پر زندگی کی موجودگی کے بارے میں سوالات کے جوابات تلاش کر سکیں گے۔ سائنس دانوں کے مطابق مریخ پر پانی کی موجودگی سے اب وہاں جانے یا رہنے والے خلانوردوں کو کسی حد تک آسانی ہو سکتی ہے۔ امریکی خلائی ادارہ ناسا سن 2030 میں اپنا انسان بردار خلائی مشن مریخ پر اتارنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

[pullquote]امریکا اور یورپی یونین کے مابین تجارتی تنازعے کے حل کی امید[/pullquote]

امریکا اور یورپی یونین کے مابین صنعتی شعبے میں اضافی محصولات کے تنازعے کے حل کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یورپی کمیشن کے سربراہ ژان کلود ینکر نے اس حوالے سےکئی نکات پر اتفاق رائے کا اعلان کیا ہے۔ واشنگٹن میں ہونے والی اس ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے واضح کیا کہ صنعتی مصنوعات پر اضافی ٹیکس ختم کرنے کی دو طرفہ کوششیں کی جائیں گی۔ ینکر نے بتایا کہ جب تک اس موضوع پر مذاکرات جاری رہیں گے نئے ٹیکس عائد نہیں کیے جائیں گے۔ ٹرمپ نے اسےآزادی تجارت کے حوالے سے ایک بڑا دن اور یورپی یونین سے تعلقات کے تناظر میں ایک نیا دور قرار دیا۔

[pullquote]غزہ سے اسرائیل پر پھر راکٹ داغے گئے، اسرائیلی فوج[/pullquote]

اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ غزہ سے بدھ کی رات اور جمعرات کی صبح نو راکٹ داغے گئے۔ اسرائیل دفاعی نظام نے ان راکٹوں کو غیرمؤثر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ایک فوجی بیان کے مطابق اندازہ ہے کہ کوئی اسرائیلی زخمی نہیں ہوا۔ یہ راکٹ ایک ایسے وقت پر فائر کیے گئے، جب انتہا پسند فلسطینی تنظیم حماس نے گزشتہ ہفتہ کے دن ہی فائر بندی پر اتفاق کیا تھا۔ اس فائر بندی سے ایک روز قبل گزشتہ جمعے کو ایک مسلح فلسطینی نے ایک اسرائیلی فوجی کو زخمی کر دیا تھا۔ اس کے بعد اسرائیل نے غزہ پر بڑے فضائی حملے کیے تھے، جن میں تین فلسطینی ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]افغان خفیہ ادارے کے قافلے پر خود کش حملہ، پانچ ہلاکتیں[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل میں کیے گئے ایک خود کش حملے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان میں سے ایک عام شہری تھا۔ کابل میں سکیورٹی ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آور کا ہدف ملکی خفیہ ادارے کا ایک قافلہ تھا۔ یہ حملہ کابل شہر کے پانچویں ضلع میں کیا گیا۔ زخمیوں کی تعداد چھ بتائی گئی ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اِس خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس حملے میں افغان انٹیلیجنس کے خصوصی دستوں کے درجنوں اہلکار مارے گئے۔

[pullquote]ترک پارلیمان نے انسداد دہشت گردی کے نئے قوانین کی منظوری دے دی[/pullquote]

ترک پارلیمان نے مکمل اکثریت کے ساتھ انسداد دہشت گردی کے نئے قوانین کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ان نئے قوانین کے تحت اداروں کو ویسے ہی اختیارات مل گئے ہیں، جیسے ہنگامی حالت کے نفاذ کے دوران انہیں حاصل تھے۔ اب پولیس بارہ دن تک کسی مشتبہ فرد کو حراست میں رکھ سکے گی۔ ساتھ ہی احتجاج اور اجتماع کی آزادی بھی محدود ہو گی۔ ترکی میں گزشتہ ہفتے ہی ایمرجنسی کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ ترک پارلیمان میں قدامت پسند ’اے کے پی‘ اور اس کی حلیف انتہائی قوم پرست جماعت ’ایم ایچ پی‘ کی اکثریت ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے