ہفتہ : 28 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]مِڈوائف کے تربیتی مرکز پر عسکریت پسندوں کا حملہ[/pullquote]

افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں واقع ایک خواتین کے بنیادی صحت کے تربیتی مرکز پر عسکریت پسندوں نے حملہ کیا ہے۔ اس حملے میں دس اففراد کے لاپتہ اور تین زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حملے کے وقت مرکز میں کُل سڑسٹھ تربیت حاصل کرنے والی خواتین اور دوسرا عملہ موجود تھا۔ حملے کے بعد حملہ آوروں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا بھی تبادلہ بھی جاری رہا۔ صوبائی گورنر کے ترجمان نے ستاون افراد کو مرکز سے نکالنے کا بتایا ہے۔ اِس حملے کی کسی جہادی گروپ نے ذمہ داری بھی قبول نہیں کی ہے۔ افغان صوبے ننگرہار میں طالبان کے علاوہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ بھی فعال ہے۔

[pullquote]جلاوطن کاتالان لیڈر بیلجیم روانہ ہو گئے[/pullquote]

اسپین کے سیاسی عدم استحکام کے شکار علاقے کاتالونیا کے علیحدگی پسند لیڈر کارلیس پوج ڈیمونٹ جرمنی کو خیرباد کہتے ہوئے اپنی اگلی منزل بیلجیم کے لیے روانہ ہو گئے۔ اُن کی روانگی ایک جرمن عدالت کی جانب سے اُنہیں ہسپانوی تحویل میں نہ دینے کے فیصلے کے بعد آئی ہے۔ انہوں نے روانگی کے وقت کاتالونیا کے موجودہ صدرکِم ٹوررا کے ہمراہ ایک پریس کانفرس سے بھی خطاب کیا۔ پوج ڈیمونٹ نے اس موقع پر کہا کہ وہ براعظم یورپ کے آخری کونے تک پہنچ کر کاتالونیا کے انصاف پر مبنی حق کا دفاع کریں گے۔

[pullquote]سابق آرمینیائی صدر کی گرفتاری کے وارنٹ جاری[/pullquote]

آرمینیا کی ایک عدالت نے سابق صدر رابرٹ کوچاریان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ آرمینیائی پراسیکیوٹر آفس نے یہ وارنٹ گرفتاری سن 2008 کے صدارتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کے تناظر میں حاصل کیے ہیں۔ عدالت نے سابق صدر کی گرفتاری کے حق میں فیصلہ رات گئے جاری رہنے والی سماعت کے بعد دیا۔ سابق صدر کے وکیل کے مطابق عدالتی کارروائی شروع ہونے تک کوچاریان مقید رکھے جائیں گے۔ سابق صدر پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی اتحادی اور سابق صدر سارکیسیان کی کامیابی کے لیے دھاندلی کی تھی۔ الزامات ثابت ہونے کی صورت میں انہیں پندرہ برس تک کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

[pullquote]جرمنی: میونخ ہوائی اڈے کو عبوری طور پر بند کر کے کھول دیا گیا[/pullquote]

جرمن شہر میونخ کے انٹرنیشنل ہوائی اڈے کو ایک عورت کی طرف سے سکیورٹی زون کو عبور کرنے پر بند کر دیا گیا تھا۔ تاہم ایئرپورٹ پانچ گھنٹے تک بند رکھنے کے بعد اب دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ میونخ کی فیڈرل پولیس کے مطابق ہوائی اڈے کے بعض حصوں کو جزوی طور پر بند کیا گیا تھا۔ اس سکیورٹی مسئلے کی وجہ سے پروازوں میں تاخیر اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ میونخ ایئر پورٹ کا ٹرمینل دو بغیر کسی بندش کے چالُو رہا۔ سکیورٹی زون کو بغیر کلیرنس عبور کرنے والی خاتون کی شناخت کے بارے میں کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔

[pullquote]مصری عدالت نے 75 افراد کو موت کی سزا سنا دی[/pullquote]

مصر کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایک عدالت نے 75 افراد کو موت کی سزا سنا دی ہے۔ ان میں کالعدم اخوان المسلمون کی اعلیٰ سطحی اراکین بھی شامل ہیں۔ ان کو سن 2013 میں ایک دھرنے میں شرکت کرنے کے جرم میں سزائے موت کا حکم سنایا گیا ہے۔ عدالت نے اتنی بڑی تعداد میں دی گئی موت کی سزا پر ملکی مفتیٴ اعظم کی رائے طلب کی ہے۔ دھرنے میں ملوث ملزمان کی تعداد 739 تھی۔ ان میں تحلیل شدہ مذہبی و سیاسی تنظیم اخوان المسلمون کے سپریم لیڈر محمد بدیع بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب حکومتی اخبار الاحرام کے مطابق رواں برس آٹھ ستمبر کو چھ سو سے زائد افراد کی سزائے موت پر عمل کیے جانے کا امکان ہے۔

[pullquote]بھارت میں بس حادثہ، تیس سے زائد ہلاکتیں[/pullquote]

بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں ایک بس کے گہری کھائی میں گرنے کے واقعے میں کم از کم تینتیس افراد کے ہلاک ہونے کا بتایا گیا ہے۔ پولیس نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔ بس پر کُل چونتیس مسافر سوار تھے اور ایک مسافر نے گرتی بس میں سے چھلانگ لگا کر جان بچائی۔ اسی جان بچانے والے شخص نے اپنی دیپالی زرعی یونیورسٹی کو حادثے کے بارے میں اطلاع دی۔ حادثہ مہاراشٹر کے پہاڑی ضلع رائے گڑھ میں ہوا۔ بس پر ریاستی زرعی یونیورسٹی کے ملازمین نجی طور پر تفریح کے لیے پہاڑی مقام کی طرف جا رہے تھے۔ حادثے کی تفتیش اور امدادای کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

[pullquote]جنسی زیادتی کا الزام، امریکی کیتھولک کارڈینل نے استعفیٰ دے دیا[/pullquote]

پوپ فرانسس نے امریکی کارڈینل تھیوڈور مک کیریک کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔ امریکی کارڈینل کو ایک ٹین ایجر کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام کا سامنا ہے۔ مک کیریک واشنگٹن کے سینیئر پادری بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے مبینہ طور پر سن 1970 کی دہائی کے اوائل میں نیویارک میں بحیثیت ایک پادری کے ایک ٹین ایجر کے ساتھ زیادتی کا ارتکاب کیا تھا۔ امریکی کارڈینل کی عمر اٹھاسی برس ہے اور وہ امریکی کیتھولک حلقے میں انتہائی معتبر خیال کیے جاتے ہیں۔

[pullquote]تیونسی جج نے بن لادن کے مبینہ باڈی گارڈ کو رہا کر دیا[/pullquote]

جرمنی سے ڈی پورٹ ہونے والے القاعدہ کے مقتول لیڈر اسامہ بن لادن کے مبینہ باڈی گارڈ کو ایک تیونسی عدالت نے رہا کر دیا ہے۔ اس شخص کی شناخت سیمع اے سے کی جاتی ہے اور اسے رواں ماہ کے اوائل میں جرمن حکام نے ملک بدر کیا تھا۔ تیونسی حکام نے اسے وصول کرتے ہی پندرہ ایام کے لیے مقید کر دیا تھا۔ عدالت نے تفتیشی عمل مکمل ہوتے ہی سمیع اے کو رہا کرنے کا حکم صادر کیا ہے۔ تیونس کے حکومتی ترجمان کے مطابق بن لادن کا مبینہ باڈی گارڈ تیونس کی حدود سے باہر نہیں جا سکے گا۔ اُدھر جرمن شہر گیلزن کرشن کی عدالت نے سمیع اے کی ملک بدری کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے اُسے فورآ واپس لانے کی ہدایت کی ہے۔

[pullquote]عراق میں مظاہروں کے نئے سلسلے کی شروعات[/pullquote]

عراقی دارالحکومت بغداد سمیت ملک کے جنوبی شہروں میں سیاسی قیادت اور کرپشن کے خلاف ہزاروں لوگوں نے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی۔ بغداد کے تحریر اسکوائر میں مظاہرین نے اپنے لیڈروں کے خلاف پرزور نعرے بازی کرتے ہوئے انہیں بد دیانت اور چور کے القابات سے نوازا۔ یہ مظاہرین کرپشن کی مخالفت کے علاوہ ملک میں ایرانی موجودگی کے خلاف بھی نعرے بازی کرتے رہے۔ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں کم از کم چودہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ عراق کو بڑھتی بیروزگاری، بجلی کی کمی، ریاستی انتظامات اور پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

[pullquote]کوموروز جزائر میں دستوری ریفرنڈم پرسوں پیر کو ہو گا[/pullquote]

بحر ہند کی مسلمان جزیرہ ریاست جزر القمر یا کوموروز میں پرتشدد سیاسی حالات کے پس منظر دستوری ریفرنڈم کا انعقاد پیر کو ہو گا۔ موجودہ صدرغزالی عثمانی ملکی دستور میں ترمیم کے حق میں ہیں اور اس کی مخالفت میں جاری سیاسی بے چینی کو روکنے کے لیے انہوں نے شدید پابندیوں کا نفاذ کر رکھا ہے۔ ناقدین کا خیال ہے کہ صدر عثمانی سن 2021 تک اقتدار پر قابض رہنا چاہتے ہیں۔ سن 2001 کے دستور کے تحت ہر پانچ برس کے بعد صدر کا منصب تین بڑے جزائر سے منتخب شدہ نائب صدور میں سے کسی ایک کو تفویض کر دیا جاتا ہے۔ صدر عثمانی ریفرنڈم میں کامیابی کے بعد اس دستوری شق کو بھی ختم کرنا چاہتے ہیں۔

[pullquote]ٹرمپ انتظامیہ نے ’عرب نیٹو‘ کی بحالی کی کوششیں شروع کر دی[/pullquote]

ایرانی اثر و رسوخ کو محدود کرنے کے لیے رواں برس چھ خلیجی ریاستوں کے ساتھ مصر اور اردن کے رہنما امریکی میزبانی میں ہونے والی ایک سمٹ میں شرکت کریں گے۔ امریکی اتحادی عرب ممالک کا یہ دو روزہ سربراہ اجلاس واشنگٹن میں رواں برس بارہ اور تیرہ اکتوبر کو ہو گا۔ امریکی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ فی الحال سمٹ کے لیے تقریباً وسط اکتوبر یہ تاریخیں عبوری طور پر طے کی گئی ہیں اور ان میں ردوبدل کا امکان ہے۔ اس سمٹ کی امریکی اور عرب حکام نے تصدیق کر دی ہے۔ یہ سمٹ مڈل ایسٹ اسٹریٹیجک الائنس کے بینر تلے ہو گی۔ اس الائنس کو ’عرب نیٹو‘ کا نام بھی دیا گیا ہے۔

[pullquote]ایتھنز کے نواح کی آگ، ذمہ داری یونانی وزیراعظم نے قبول کر لی[/pullquote]

یونان کے وزیراعظم الیکسس سپراس نے دارالحکومت ایتھنز کے نواحی علاقوں میں لگنے والی شدید آگ کی سیاسی و اخلاقی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ عدم انتظامات کی وجہ سے سپراس کو سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چھان بین کی جائے کہ مقررہ حکام نے کیا آگ کو روکنے کے مناسب انتظامات کر رکھے تھے۔ ایتھنز کے نواح میں لگنے والی اس آگ کی لپیٹ میں آ کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد ستاسی تک پہنچ چکی ہے اور ابھی جلی ہوئی جگہوں میں ملبہ ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس آگ سے شدید متاثرہ مقامات میں ماتی اور رافینا شامل ہیں۔

[pullquote]شمالی کیلیفورنیا کی جنگلاتی آگ بے قابو ہوتی ہوئی[/pullquote]

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی حصے کے جنگلاتی علاقے میں لگنے والی شدید آگ مسلسل پھیل رہی ہے۔ تقریباً تین لاکھ ایکڑ پر پھیلا جنگل جل چکا ہے۔ ابھی تک فائربریگیڈز کے کئی اراکین اس پھیلاؤ کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس آگ سے اب تک پانچ سو عمارتیں جل چکی ہیں۔ آگ کیلیفورنیا کے حسین مناظر کے مقام شاستا ٹرینیٹی کے لیے بھی خطرہ بن چکی ہے۔ تقریباً نوے ہزار لوگوں کے شہر ریڈنگ کو بھی آگ نے گھیر لیا ہے۔ ریڈنگ کے بازار اور گلیاں ویران ہو کر رہ گئے ہیں۔ تیز ہواوں کی وجہ آگ کے بگولے بلند ہونا شروع ہو گئے ہیں اور اگر یہ آگے بڑھنے لگے تو صورت حال سنگین ہو سکتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے