پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے مطلوبہ تعداد موجود ہے، ترجمان پی ٹی آئی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان نعیم الحق کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی کے پاس پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ تعداد موجود ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق نے ایک مرتبہ پھر اس بات کو دہرایا ہے کہ مرکز اور پنجاب میں حکومت بنانے کا حق رکھتی ہے۔

نعیم الحق نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا اور صوبہ پنجاب کے وزراء اعلیٰ کے ناموں کے لیے مشاورت کی جارہی ہے اور جلد ہی ان کا اعلان کردیا جائے گا جس کے بعد اُمید کی جارہی ہے کہ قومی اسمبلی کے بعد صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس بھی طلب کرلیے جائیں گے۔

گورنر سندھ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں نعیم الحق نے کہا کہ ’میں بتانا چاہتا ہوں کہ پی ٹی آئی کے کسی بھی اجلاس میں گورنر سندھ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے‘۔

چوہدری پرویز الہی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انہیں مسلم لیگ (ق) کی قیات کے عمران خان یا کسی اور رہنما سے ملاقات کی معلومات نہیں ہیں لیکن جیسے ہی انہیں کچھ معلوم ہوگا تو میڈیا کو آگاہ کردیں گے۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ پنجاب کا وزیراعلیٰ تحریک انصاف سے ہوگا، انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات میں شکست کھانے والے منفی سیاست کررہے ہیں۔

انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ کا نام لے کر کہا کہ ’مولانا فضل الرحمٰن بڑی پارٹیوں کی طرح ذمہ داری کا مظاہرہ کریں‘ اور شکست تسلیم کریں۔

پی ٹی آئی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان صدر اشرف غنی نے عمران خان کو فون کرکے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور ساتھ ہی انہوں نے عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد افغانستان کے دورے کی دعوت دی۔

نعیم الحق نے کہا کہ عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد دورہ افغانستان پر اتفاق کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے