منیٰ میں بھگدڑ سے جاں بحق حاجیوں کی تعداد800 ہوگئی، 863زخمی

رمی جمرات

منیٰ …….منیٰ میں رمی جمرات کے موقع پر بھگدڑ مچنے سے کچل کر اور دم گھٹ کر شہید ہونے والے حاجیوں کی تعداد 800 ہوگئی جبکہ واقعے میں 863 حجاج زخمی ہیں۔سعودی عرب میں اس سال حج کے موقع پر یہ دوسرا بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔

ایک عرب ٹی وی کے مطابق حاجی رمی جمرات (شیطان کو کنکریاں مارنے )میں مصروف تھے کہ گرمی کی شدت سےلوگ بے ہوش ہوکر گرے اور ان کے اوپر لوگ چلتے گئے اور یوں بھگدڑ مچ گئی۔ حادثے کے فوری بعد انتظامیہ نے ریڈ الرٹ جاری کردیا اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔

حادثے کے زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثہ جس جگہ پیش آیا، وہاں زیادہ ترالجزائرکےشہری موجود تھے۔ اطلاعات ہیں کہ حادثے کا شکار ہونے والوں میں زیادہ تر معمر افراد شامل ہیں۔

منیٰ میں رمی کے موقع پر بھگدڑ سے شہید ہونے والوں میں ایک پاکستانی بھی شامل ہے، عارف شہید کا تعلق لاہور سے ہے اور ان کی اہلیہ نے سعودی عرب سے فون کرکے اپنے خاندان کو ان کی شہادت کی اطلاع دی ہے ۔

رواں سال حج کے موقع پریہ دوسرا بڑاسانحہ ہے، اس سے قبل 11ستمبر کومکہ میں تعمیراتی کام کیلئے نصب کرین صفا اور مروا کے درمیان گرنے سے 111افراد شہید اور 238زخمی ہوئے تھے۔

حادثے کے متاثرین میں مزید کتنے پاکستانی شامل ہیں اس کے لیے سعودی عرب میں موجود پاکستانی حج ڈائرکٹر ابوعاکف معلومات حاصل کررہے ہیں۔

دوسری طرف پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی سعودی عرب کا ہیلپ لائن نمبر جاری کردیا ہے، پاکستانی حاجیوں سے متعلق معلومات فون نمبر 00966125277537پر رابطہ کرکے حاصل کی جاسکتی ہیں۔

سعودی حکام کے مطابق منیٰ میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق مختلف قومیتوں سے ہے، زخمیوں کو منیٰ کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرادیا گيا ہے اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔

منیٰ میں حاجیوں کو حادثہ پیش آنے پر وزیراعظم نواز شریف اور صدر مملکت ممنون حسین نے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے