’ایف اے ٹی ایف‘گرے لسٹ سےنکلنے میں پاکستان کی مدد کو تیار ہیں،سفیریورپی یونین

پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوئز کاؤٹن کا کہنا ہے کہ یورپی یونین فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے پاکستان کی مدد کو تیار ہے۔

جین فرانکوئز کاؤٹن نے عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ملاقات میں جین فرانکوئز کاؤٹن کا کہنا تھا کہ یورپی یونین تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ کام کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور سیکیورٹی، معیشت، جی پی ایس، تعلیم اور دیہی ترقی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک – ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر یورپی یونین کو کوئی اعتراض نہیں بلکہ وہ پاکستان میں ترقی و استحکام کی خواہاں ہے۔

یورپی یونین کے سفیر کا کہنا تھا کہ رکن ممالک سے پاکستان کے لیے سرمایہ کاری حاصل کرنے میں بھی نومنتخب حکومت کی معاونت کریں گے، جبکہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے بھی پاکستان کی مدد کو تیار ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے یورپی یونین کی سفیر کی پاکستان میں ترقی و استحکام کی خواہش کا خیر مقدم کیا۔

ملاقات میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور ڈاکٹر شہزاد وسیم بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد سے ترکی، بھارت اور افغانستان کے سربراہان کی جانب سے عمران خان کو فون پر مبارکباد دی جاچکی ہے، جبکہ چین، جاپان، سعودی عرب اور برطانیہ کے سفیر بھی عمران خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کر چکے ہیں۔

گزشتہ روز اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کی رہائش گاہ بنی گالا میں ملاقات کی تھی۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے عمران خان کو ٹیلی فون کرکے انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد دی تھی اور کہا تھا کہ بھارت، پاکستان سے تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہے تاہم معاملات آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

بھارت کی وزارت خارجہ نے بھی اس حوالے سے بیان جاری کیا تھا کہ نریندر مودی نے عمران خان سے ٹیلی فونک گفتگو میں امید کا اظہار کیا کہ حالیہ انتخابات سے پاکستان میں جمہوریت کی جڑی مضبوط ہوں گی۔

29 جولائی کو افغانستان کے صدر اشرف غنی نے بھی پی ٹی آئی چیئرمین کو عام انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے افغانستان کے دورے کی دعوت دی تھی۔

اشرف غنی کا کہنا تھا کہ عمران خان، افغانستان میں نہایت مقبول اور نوجوانوں کے ہیرو ہیں اور ان کی مقبولیت کے باعث افغانستان میں کرکٹ کو بھی فروغ ملا ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی عمران خان کو عام انتخابات میں کامیابی پر فون کرکے مبارک باد دی تھی۔

ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں کی جانب سے بھرپور گرم جوشی کا مظاہرہ کیا گیا اور پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات کے ایک نئے دور کے آغاز پر بھی اتفاق کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 25 جولائی کے عام انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کی جس کے بعد خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ نئی منتخب حکومت سفارتی سطح پر بھی تبدیلیاں لائے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے