بدھ : 08 اگست 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایرانی پارلیمان نے ملکی وزیر محنت کو برطرف کر دیا[/pullquote]

ایرانی پارلیمان نے بدھ آٹھ اگست کو صدر حسن روحانی کی کابینہ کے رکن اور ملکی وزیر محنت علی ربی پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔ پارلیمانی اسپیکر علی لاریجانی کے مطابق اس موضوع پر رائے شماری میں پارلیمنٹ کے 243 اراکین میں سے 129 نے علی ربی کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ سخت نظریات کے حامل اراکین علی ربی کو موجودہ اقتصادی مسائل کے دوران بدانتظامی کا مرتکب قرار دیتے ہیں۔ پارلیمنٹ میں اس کامیابی کو سخت عقیدے کے حامل اراکین کی بڑی فتح سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ صدر روحانی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ برطرف کیے گئے وزیر کا ملکی معاشی بحران سے براہ راست کوئی تعلق نہیں ہے۔ علی ربی رواں برس مارچ میں ایسی ہی ایک قرارداد میں اپنی برطرفی سے بچ گئے تھے۔

[pullquote]سعودی عرب کے کینیڈا کے خلاف اقدامات جاری[/pullquote]

سعودی عرب نے کینیڈا میں اپنے شہریوں کے علاج کے تمام پروگرامز کو روک دیا ہے۔ بدھ کے دن بتایا گیا کہ کینیڈا میں زیر علاج تمام سعودی باشندوں کو کینیڈا سے باہر دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ ریاض حکومت نے رواں ہفتے ہی اعلان کیا تھا کہ کینیڈا کے ساتھ نئے معاہدوں اور سرمایہ کاری کے منصوبہ جات کو منجمد کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی سعودی عرب سے کینیڈین سفیر کو بھی بیدخل کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔ ان سعودی اقدامات کی وجہ بظاہر کینیڈا کا وہ مطالبہ بنا ہے، جس میں سعودی عرب پر زور دیا گیا تھا کہ وہ انسانی حقوق کے کارکنان کو رہا کر دے۔

[pullquote]ایران سائبر حملے کر سکتا ہے، امریکی ماہرین[/pullquote]

امریکی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایران کی طرف سے سائبر حملے کیے جا سکتے ہیں۔ سائبر سکیورٹی اور انٹیلی جنس ماہرین کے مطابق واشنگٹن کی طرف سے ایران پر پابندیوں کی بحالی کے بعد ایسے امکانات ہیں کہ ایران امریکا کو سائبر حملوں کا نشانہ بنائے گا۔ تاہم ایران ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ تہران کا کہنا ہے کہ البتہ امریکا اسے یک طرفہ طور پر نشانہ بنا رہا ہے۔ عالمی جوہری ڈیل سے امریکی دستبرداری کے بعد سے ان دونوں ممالک میں کشیدگی ایک مرتبہ پھر بڑھ چکی ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 131 ہو گئی[/pullquote]

انڈونیشیا میں زلزلے کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 131 ہو گئی ہے۔ حکام نے بدھ کے دن بتایا کہ اس قدرتی آفت کی وجہ سے بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اتوار کے دن سیاحتی مقام لومبوک میں 6.9 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس نے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلائی۔ بتایا گیا ہے کہ امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے اور مالی نقصان کا درست اندازہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

[pullquote]بھارتی حکومت کا بے سہارا اور یتیم بچوں کے مراکز کے معائنے کا فیصلہ[/pullquote]

بھارتی میں خواتین اور بچوں کی بہبود کی ملکی وزیر مانیکا گاندھی نے حکم دیا ہے کہ پورے ملک میں نو ہزار کے قریب شیلٹر ہاؤسز کا جامع معائنہ کیا جائے۔ ان شیلٹر ہاؤسز میں یتیم اور بے سہارا بچوں اور بچیوں کو پناہ دی جاتی ہے۔ مانیکا گاندھی کے اس حکم کی بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹوں نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ بھارتی ریاست بہار کے شہر مظفر پور میں سرکاری رقوم سے چلنے والے ایسے ہی ایک شیلٹر ہاؤس میں تقریباً تین درجن نابالغ بچیوں کے جنسی استحصال کے واقعے نے پورے ملک میں ہلچل پیدا کر رکھی ہے۔ تمام شیلٹر ہاؤسز کے معائنے کا حکم اسی واقعے کے منظر عام پر آنے کا نتیجہ ہے۔

[pullquote]سابق ملائیشیائی وزیر اعظم رزاق نے الزامات مسترد کر دیے[/pullquote]

ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق نے بدعنوانی کے نئے الزامات کو بھی مسترد کر دیا ہے۔ کوالالمپور کی ایک عدالت نے کرپشن کی متعدد دفعات کے تحت رزاق پر باقاعدہ فرد جرم عائد کر دی ہے۔ عدالت کو بتایا گیا ہے کہ رزاق 4.5 بلین ڈالر کی خرد برد میں ملوث ہوئے۔ نجیب پر یہ الزام بھی ہے کہ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں طاقت کا ناجائز استعمال کیا۔ وہ سن دو ہزار نو سے لے کر رواں برس جولائی تک ملکی وزیر اعظم کے منصب پر فائز رہے تھے۔ اگر ان پر یہ الزامات ثابت ہو گئے تو انہیں پندرہ برس کی سزائے قید سنائی جا سکتی ہے۔

[pullquote]آسٹریلیا کی ایک پوری ریاست سرکاری طور پر قحط زدہ قرار[/pullquote]

آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کو قحط زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔ بدھ کے دن حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں برس انتہائی خشک موسم کے باعث اس ریاست پر بہت زیادہ منفی اثر پڑا اور اس وجہ سے پوری ریاست کو ہی سرکاری طور پر قحط زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔ نیو ساؤتھ ویلز ملک میں زراعت کے حوالے سے بھی ایک اہم ریاست ہے۔ اس ریاست کا رقبہ پاکستان سے بھی زیادہ ہے جبکہ آسٹریلیا میں یہ گنجان آباد ترین ریاست قرار دی جاتی ہے۔

[pullquote]کشیدگی ختم کرنے کی کوشش، ترک وفد امریکا کا دورہ کرے گا[/pullquote]

ترکی کا ایک وفد رواں ہفتے امریکا کا دورہ کرے گا، جو ان دونوں نیٹو رکن ریاستوں کے مابین پائے جانے والے اختلافات کو ختم کرنے کی کوشش کرے گا۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے اس ترک وفد کی امریکا آمد کی تصدیق کی ہے لیکن اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ آیا نائب ترک وزیر خارجہ کی قیادت میں امریکا کا دورہ کرنے والا یہ وفد امریکی حکام سے سرکاری طور پر بھی ملاقاتیں کرے گا۔ ترکی میں امریکی پادری اینڈریو برونسن کی گرفتاری پر وائٹ ہاؤس نالاں ہے اور اس باعث ان دونوں ممالک میں کشیدگی پیدا ہو چکی ہے۔

[pullquote]بھارت عالمی سطح پر تیز ترین ترقی کرتی ایک اہم معیشت[/pullquote]

عالمی مالیاتی فنڈ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران بھی بھارت نے دنیا کی تیز ترین ترقی کرتی ہوئی ایک معیشت کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔ رواں مالی سال کے دوران بھارتی قومی مجموعی پیداوار میں ترقی کا اندازہ 7.3 فیصد لگایا گیا ہے جبکہ ایشیا کی اس تیسری بڑی معیشت کی گزشتہ برس اس ترقی کی شرح 7.5 فیصد رہی تھی۔ اس عالمی جائزے کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے لیے ایک خوش کن پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ آئندہ برس اس ملک میں الیکشن منعقد ہونا ہیں۔

[pullquote]قاتلانہ حملہ اپوزیشن رہنما بورگیس نے کروایا، صدر مادورو[/pullquote]

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے الزام عائد کیا ہے کہ ان پر قاتلانہ حملہ اپوزیشن رہنما خولیو بورگیس نے کرایا تھا۔ گزشتہ ویک اینڈ پر منعقد ہونے والی ایک فوجی پریڈ میں مادورو پر مبینہ ڈرون حملے کیے گئے تھے، جن میں وہ محفوظ رہے تھے۔ مادورو کے مطابق ان حملوں کی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس سازش میں قومی اسمبلی کے رکن اور مقبول اپوزیشن رہنما بورگیس ملوث ہیں۔ تاہم بورگیس نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ انہیں گزشتہ برس ہی یورپی یونین کے سخاروف پرائز برائے انسانی حقوق سے نوازا گیا تھا۔

[pullquote]ایران میں گیس دھماکا، تین افراد ہلاک[/pullquote]

ایرانی دارالحکومت میں واقع ایک اسپورٹس کمپلکس میں ہونے والے ایک دھماکے کے نتیجے میں تین افراد مارے گئے ہیں۔ سرکاری میڈیا کے مطابق تہران کے اسپورٹس کمپلیکس میں یہ دھماکا گیس کا ایک سلینڈر پھٹنے کی وجہ سے ہوا۔ مغربی ممالک کی پابندیوں اور اقتصادی مسائل کی وجہ سے ایران کا انفراسٹریکچر پرانا ہے، جس کی وجہ سے وہاں اس طرح کے حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ گزشتہ ماہ بھی تہران میں دو مختلف واقعات میں زہریلی گیس کے اخراج کی وجہ سے پانچ افراد مارے گئے تھے۔

[pullquote]اوہائیو میں سپیشل الیکشن، ٹرمپ کی بالڈرسن کو مبارکباد[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوہائیو میں الیکشن جیتنے پر ری پبلکن سیاستدان ٹورائے بالڈرسن کو مبارکباد دے دی ہے جبکہ نشریاتی اداروں کے مطابق اس سپیشل الیکشن میں ری پبلکن اور ڈیموکریٹس کے مابین مقابلہ سخت ہے۔ سی این این کے مطابق بالڈرسن کو اس وقت صرف دو ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔ الیکشن سے قبل کرائے گئے عوامی جائزوں کے مطابق بالڈرسن کو اپنے ڈیموکریٹ حریف ڈینی او کورنر پر معمولی برتری حاصل تھی۔ امریکا میں مڈ ٹرم الیکشن نومبر میں ہوں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے