پی ٹی آئی نے اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی اور چوہدری سرور کو گورنر پنجاب نامزد کردیا

اسلام آباد: تحریک انصاف نے اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی اور چوہدری سرور کو گورنر پنجاب نامزد کردیا ہے۔

بنی گالہ میں پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی جب کہ گورنر پنجاب کے لیے چوہدری سرور کو نامزد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری سرور اس سے قبل بھی گورنر پنجاب کے فرائض انجام دے چکے ہیں لہذا وہ گورنر کے آئینی کردار سے مکمل واقف ہیں جب کہ اسد قیصر خیبر پختونخوا اسمبلی میں اسپیکر رہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چوہدری سرور پنجاب کی سیاست سے بھی اچھی طرح واقف ہیں اور وہ پارلیمانی بورڈ کا حصہ رہ چکے ہیں جب کہ اسد قیصر بھی تمام روایات جانتے ہیں اور ان کے تمام سیاسی جماعتوں سے اچھے تعلقات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں لوگوں نے پی ٹی آئی کو بھر پور ووٹ دیا ہے اور اعتماد کیا ہے، آج پنجاب میں تحریک انصاف کو واضح اکثریت حاصل ہوچکی ہے اور ہم حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے چوہدری پرویز الہٰی کو نامزد کیا گیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے امیدوار کا اعلان چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حمایت کرنے پر تمام اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتی ہے، کل کراچی میں پیرپگارا اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی قیادت سے بھی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے غیرمشروط اور مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

[pullquote]عمران خان اور پارٹی قائدین کا شکر گزار ہوں، اسد قیصر[/pullquote]

نامزد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی بننا اعزاز کی بات ہے، عمران خان اور پارٹی قائدین کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اس پر پورا اتروں گا جب کہ پہلے بھی تمام ارکان کا خیال رکھا لہذا آئندہ بھی تمام ممبران کو ساتھ لیکر چلوں گا۔

[pullquote]قیادت نے جس اعتماد کااظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، چوہدری سرور[/pullquote]

نامزد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ قیادت نے جو ذمہ داری دی ہے احسن انداز سے نبھاؤں گا، گورنر پنجاب کی حیثیت سے آئینی منصب کی توقعات پر پورا اتروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایک بڑا صوبہ ہے، آئینی ذمہ داریوں کے زریعے عوامی خدمت کروں گا اور قیادت نے جس اعتماد کااظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے