مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کا یوم آزادی منایا جارہا ہے

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر و قید کی زنجیروں میں جکڑے کشمیری پاکستان کا یوم آزادی منارہے ہیں۔

ہر سال کی طرح اس بار بھی کشمیریوں نے تمام تر مشکلات اور پابندیوں کے باوجود غلامی کی زنجیروں کو توڑتے ہوئے پاکستان کا جشن آزادی منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کشمیری نوجوانوں نے وادی میں جگہ جگہ سبز ہلالی پرچم لہرا دیے اور پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔

کئی مقامات پر بچوں کی پریڈ کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے جس کے دوران پاکستانی پرچم کو سلامی دی جارہی ہے۔ اس حوالے سے مقبوضہ کشمیر سے ویڈیوز بھی سامنے آرہی ہیں جن میں کشمیری بچے و نوجوان سلامی اور پریڈ کی تقریبات منعقد کررہے ہیں۔

کشمیری عوام سوشل میڈیا پر بھی پاکستانی قوم کو وڈیوز اور پیغامات کے ذریعے جشن آزادی کی مبارک باد پیش کررہے ہیں۔

https://www.youtube.com/watch?time_continue=1&v=1vlwqYePo9s

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے رہنما سید علی گیلانی نے پاکستانی قوم اور حکومت کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستحکم پاکستان مسئلہ کشمیرکےحل کیلیے ناگزیر ہے، کشمیری قوم سیاسی اور سفارتی حمایت کرنے پر پاکستان کی شکر گزار ہے اور اس کی ترقی اور امن و استحکام کے لیے دعاگو ہے، امید کرتے ہیں کہ عمران خان کی آنے والی حکومت عدل و انصاف اور مدینہ جیسی سہولیات فراہم کرے گی۔

ادھر بھارتی حکومت نے 15 اگست کو اپنے یوم آزادی سے قبل مقبوضہ کشمیر میں سخت سیکورٹی انتظامات کرتے ہوئے وادی کو چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے۔ بھارتی فوج کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے اور جگہ جگہ کشمیریوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جارہی ہے اور عزت نفس کو مجروح کیا جارہا ہے۔

پلوامہ کے علاقے کاکاپورا میں بھارتی فوج نے تلاشی آپریشن کیا جس کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔ کشمیریوں نے بھارتی فوجی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تو قابض فوج نے ان پر فائرنگ اور شیلنگ کی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔

کشمیر مسلم اکثریتی ریاست ہے اور 1947ء میں تقسیم برصغیر کے وقت کشمیریوں نے حق خود ارادیت کے تحت پاکستان کے ساتھ شامل ہونے کا فیصلہ کیا تھا تاہم بھارت نے کشمیر میں فوج داخل کرکے اس پر قبضہ کرلیا۔ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو ان کی مرضی اور حق خود ارادیت دینے کے لیے استصواب رائے کرانے کی کئی قراردادیں منظور کی ہیں تاہم آج تک ان پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ کشمیری ہرسال یوم آزادی پاکستان مناتے ہیں جبکہ بھارتی یوم آزادی پر یوم سیاہ مناتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے