سندھ و خیبرپختونخوا اسمبلی میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج کیا جائیگا

کراچی/پشاور: سندھ اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج عمل میں لایا جائے گا جب کہ پنجاب اسمبلی کے اراکین آج حلف اٹھائیں گے۔

سندھ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب شوآف ہینڈ کے ذریعے ہوگا، پیپلز پارٹی کی جانب سے اسپیکر کے لیے آغا سراج درانی اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے ریحانہ لغاری امیدوار ہیں جب کہ متحدہ اپوزیشن کی طرف سے اسپیکر کے لیے جاوید حنیف اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے رابیعہ اظفر امیدوار ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب بھی آج عمل میں لایا جائے گا جس کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار مشتاق غنی کا مقابلہ اپوزیشن کے لائق محمد خان سے ہوگا جو اسپیکر کے امیدوار ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا کے لیے محمود جان کا مقابلہ اپوزیشن کے جمشید مہمند سے ہوگا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی 124 ارکان پر مشتمل ہے جس میں سے 112 ارکان ووٹ کا استعمال کریں گے، اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 75ہے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں 7 نشستیں خالی کردی گئی ہیں جس میں سے 6 نشستیں پی ٹی آئی کی تھیں جب کہ 3 حلقوں پر ابھی انتخابات ہونے ہیں، پی ٹی آئی کی 2 خواتین کی مخصوص نشستیں بھی خالی ہیں۔

دوسری جانب پنجاب اسمبلی کا اجلاس بھی آج ہونے جا رہا ہے جس کے دوران نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔

پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 175 جب کہ مسلم لیگ (ن) 162، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کے اراکین کی تعداد 10،10 ہے۔

پنجاب اسمبلی کی 7 نشستیں ارکان کے قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے باعث خالی ہیں جب کہ تین حلقوں میں نتیجہ زیر التوا اور 3 میں الیکشن روکے گئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے