وزارت عظمیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی آج دن 2 بجے تک جمع کرائے جاسکیں گے

اسلام آباد: ملک کے 19ویں وزیراعظم کا انتخاب کل عمل میں لایا جائے گا جس کے لیے کاغذات نامزدگی آج دن 2 بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق وزارت عظمیٰ کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی دو بجے تک وصول کیے جائیں گے جس کے بعد تین بجے تک جانچ پڑتال کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ہدایت کی ہے کہ امیداروں کے جانچ پڑتال کے وقت امیدوار یا تجویز یا تائید کنندگان کا موجود ہونا لازمی ہے۔

وزیراعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی شام ساڑھے 3 بجے شروع ہوگا جس کے دوران ایوان کی تقسیم سے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

ہر امیدوار کے لیے قومی اسمبلی ہال میں ایک ایک لابی مختص ہوگی، جو رکن جس امیدوار کو ووٹ دینا چاہے گا اس لابی میں چلا جائے گا جس کے بعد اراکین کی گنتی کے بعد اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار ملک کا نیا وزیراعظم ہوگا۔

342 کے ایوان میں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کسی بھی امیدوار کو 172 ووٹ لینا ہوں گے اگر 172 کی اکثریت نہ ملے تو ایوان کے اکثریتی ارکان سے انتخاب ہوگا۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے لیے عمران خان اور ہم خیال جماعتوں ( ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم ایم اے اور اے این پی) کے مشترکہ امیدوار شہباز شریف کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے