غیر ضروری طور پر التوا مانگنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کو دس ہزار روپے جرمانہ کردیا،

نوازشریف ،مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا معطلی درخواستوں میں غیر ضروری طور پر التوا مانگنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کو دس ہزار روپے جرمانہ کردیا،

عدالت نے نیب کو ہفتے کی شام تک پیروائز کمنٹ جمع کرانے اور کاپیاں درخواست گزار کے وکیل کو فراہم کرنے کا حکم دیدیا ۔

جسٹس میاں گل نے ریمارکس دئیے کہ نیب کا رویہ ناشائستہ اور التوا کی درخواست روایت کیخلاف ہے ۔۔۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ ملزمان کی سزا معطلی کی درخواستوں پر جسٹس اطہر من اللہ اور میاں گل حسن پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے سماعت کی،

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر نے بتایا کہ ہم نے پیراوائز کمنٹس جمع کرانے کیلئے ایک درخواست دائر کی ہے پہلے اس پر فیصلہ کرلیا جائے، جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ آپ کی درخواست ابھی ہم تک نہیں پہنچی اس لیے آپ دلائل شروع کریں

سردار مظفر نے کہا کہ مجھے پراسیکیوٹر جنرل نیب کی طرف سے یہی ہدایت ملی ہیں اگر عدالت مجھے پیراوائز کمنٹ جمع کرانے کیلئے مہلت نہیں دیتی تو میں کیس سے علیحدہ ہوجاتا ہوں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ خلاف روایت اور چالاکی پر مبنی ہدایت ہیں، ہم نے پہلے کہہ دیا تھا کہ آپ جمعرات کو اپنے دلائل مکمل کرلیں،

ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب حیدر علی اور جہانزیب بھراوانہ نے عدالت کو یقین دلایا کہ نیب پیر کو اپنے دلائل مکمل کرلے گا،

خواجہ حارث نے موقف اپنایا کہ فریقین کو نوٹس جاری ہوئے ایک مہینہ گزر چکا ہے، نیب کا حالیہ رویہ صرف تاخیری حربہ ہے،

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ خواجہ صاحب آپ کو معلوم ہے کہ سزا اگر 7یا 10 سال ہو تو معطلی کی درخواست اتنی جلدی سننے کی روایت موجود نہیں ہے، یہ آپ کا کنسرن تھا تو ہم نے معاملہ ٹیک اپ کرلیا،

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ ڈی جی نیب کو طلب کرلیا جائے تاکہ وہ کوئی واضح بیان دے سکیں، ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب جہانزیب بھروانہ نے کہا کہ ڈی جی صاحب ایک اور کیس کے معاملے میں لارجر بینچ کے سامنے پیش ہورہے ہیں۔

جسٹس میاں گل نے نیب پراسیکیوشن سے استفسار کیا کہ اگر سماعت ملتوی کرنے کی درخواست منظور کربھی لی جائے تو آرڈر شیٹ میں کیا لکھیں، جسٹس اطہر من اللہ نے سردار مظفر سے استفسار کیا کہ کیا نیب کو آپ پر اعتبار نہیں؟

خواجہ حارث نے کہا کہ چیئرمین نیب اور پراسیکیوٹر جنرل کا رویہ ناقابل اعتبار ہے یہ بات آرڈر شیٹ میں لکھی جانی چاہیے، عدالت نے نیب کی التوا کی درخواست جرمانے کے ساتھ منظور کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے