جمہوریت کی خاطر دھاندلی زدہ ایوان میں آنے کا فیصلہ کیا، بلاول بھٹو

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی خاطر دھاندلی کے باوجود ایوان میں آنے کا فیصلہ کیا ہے اسپیکر سے مطالبہ کرتا ہوں کہ کمیشن تشکیل دے کر انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کی جائیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ بڑی جماعتوں نے جو تماشا کیا ہے عوام اس تماشے کو پسند نہیں کرتے، اس انتخاب میں عوام کا پیسہ خرچ ہوا ہمیں عوام کو مایوس نہیں کرنا چاہیے، یہ احتجاج دونوں جانب سے ہوا میری درخواست ہے کہ اسپیکر آئندہ اجلاسوں میں اپوزیشن اور حکومت کو آرڈر میں لائیں گے، امید ہے اسپیکر تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر اس ہاؤس کی عزت کو مزید بڑھائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ الیکشن دھاندلی زدہ تھے جس میں میڈیا کا بلیک آؤٹ رہا، نتائج تین دن تک سامنے نہ آئے، پری پول رگنگ اور آفٹر پول رگنگ کی گئی، فارم 45 نہ دیا گیا، آر ٹی ایس سسٹم نے کام نہ کیا یہ عمل الیکشن کے نتائج پر سوالیہ نشان پیدا کرتا ہے تاہم اس کے باوجود پیپلز پارٹی نے جمہوری عمل کو جاری رکھا اور ایوان میں آنے کا فیصلہ کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوریت کی خاطر ہم نے دھاندلی زدہ الیکشن پر سمجھوتہ کیا، میں تمام اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ دھاندلی کے باوجود جمہوری عمل کو چلنے دیا جائے لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ ہم خاموش رہیں گے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کی جائیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے پاکستان کو تنہا کیا جارہا ہے حالانکہ پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں بے شمار قربانیاں دیں، ہمیں امید ہے نئی حکومت بہتر خارجہ پالیسی کے ذریعے پاکستان کا موقف بہتر طریقے سے دنیا کے سامنے پیش کرے گی اور پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام اپنے مسائل کے حل کے لیے منتخب وزیر اعظم کی طرف دیکھ رہی ہے، عمران خان کسی مخصوص جماعت کے نہیں ہر جماعت اور ہر پاکستانی کے وزیر اعظم ہیں امید ہے کہ وہ عدم برداشت کو فروغ دیتے ہوئے انتہا پسندی کا کلچر ختم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر عمران خان نے آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کو اپنا مقصد بنایا تو پیپلز پارٹی ان کے ساتھ تعاون کرے گی۔

دریں اثنا انہوں نے پشاور حملے، مستونگ حملے، الیکشن والے دن کوئٹہ میں حملے اور دیگر حملوں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے