عمران خان نے وزیراعظم پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

اسلام آباد: عمران خان نے پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری سے پہلے قومی ترانہ بجایا گیا، جس کے بعد کابینہ سکریٹری نے صدر مملکت سے تقریب شروع کرنےکی اجازت طلب کی۔

تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔

جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نے عمران خان سے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا۔

حلف برداری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے حلف کی دستاویز پر دستخط کیا۔

تقریب کے بعد نو منتخب وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔

[pullquote]تقریب میں شرکت کرنے والے مہمان[/pullquote]

تقریب حلف برداری میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات، 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہیروز، سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو، سابق کرکٹر وسیم اکرم اور اداکار جاوید شیخ، پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، نعیم الحق، مراد سعید، ابرار الحق اور دیگر اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور گلے بھی ملے۔

نوجوت سنگھ سدھو عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں خصوصی طور پر بھارت سے پاکستان تشریف لائے ہیں۔

حلف برداری کے بعد عمران خان وزیراعظم ہاؤس کی کالونی میں واقع ملٹری سیکریٹری کے چھوٹے مکان میں رہیں گے۔

ملک بھر میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی۔

گزشتہ روز پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کے لیے قومی اسمبلی میں ہونے والے انتخابات میں عمران خان 176 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوئے۔

[pullquote]عمران خان کے لیے 22 کا ہندسہ اہمیت کا حامل[/pullquote]

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہو چکے ہیں اور ان کی زندگی میں 22 کا ہندسہ بڑی اہمیت کا حامل رہا ہے۔

عمران خان نے پاکستان کو 1992 کا ورلڈ کپ جتوایا اور پھر 1996 میں تحریک انصاف کی بنیاد رکھی۔

عمران خان نے 18 سال کی عمر میں 1971 میں پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا اور پھر تقریباً 22 سال بعد 1992 میں پاکستان کو کرکٹ کا عالمی چیمپئن بنوایا۔

عمران خان نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد 1996 میں تحریک انصاف کی بنیاد رکھی اور پھر 22 سال کی سیاسی جدوجہد کے بعد 2018 میں ملک کے وزیراعظم منتخب ہوئے۔

عمران خان 17 اگست 2018 کو ملک کے 22 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔

اسی طرح عمران خان نے پہلی مرتبہ 2002 میں قومی اسمبلی کی نشست جیتی، اگر دیکھا جائے تو 2002 میں بھی 22 کا ہندسہ نمایاں ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے