مولانا، بتائیں اب اعتزازکو کیسے بٹھاوں،آپ کو الیکشن لڑناتھا تو پہلے بتاتے

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے صدر مملکت کے انتخاب کیلئے اپوزیشن کے متفقہ امیدوار کے لیے آصف علی زرداری سے ملاقات کی تاہم آصف زرداری نے انہیں کوئی حتمی جواب نہیں دیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے اس حوالے سے بتایا کہ صدارتی انتخاب کے لیے متفقہ امیدوار کے حوالے سے پیپلزپارٹی کو راضی کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے ملاقات کی۔

فرحت اللہ بابر کے مطابق مولانا فضل الرحمان اوردیگر اکابرین زرداری ہاؤس تشریف لائے، سابق صدر نے مولانا فضل الرحمان کا مؤقف سن لیا ہے تاہم حتمی فیصلہ آج پیپلز پارٹی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ہوگا۔

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کی درخواست کو رکھا جائے گا اور صدارتی انتخاب سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

فرحت اللہ بابر نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری سے اپنے لیے حمایت مانگی، آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو کہا کہ اس وقت وہ ان کی حمایت کی پوزیشن میں نہیں۔

اس حوالے سے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن برقرار رہیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے اعتزاز احسن کو دستبردار کروانے کی درخواست کی، فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سوا ساری اپوزیشن جماعتیں میرے ساتھ ہیں، اعتزاز احسن کے نام پر اتفاق رائے کیلیے خلوص نیت سے کام کیا لیکن اعتزاز احسن کے نام پر اپوزیشن میں اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں خورشید شاہ ، فرحت اللہ بابر، مولانا عبدالغفور حیدری اور اکرم درانی بھی شریک تھے۔

[pullquote]آصف زرداری سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات کی اندرونی کہانی[/pullquote]

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے مشترکہ صدارتی امیدوار پر اتفاق کے امکانات معدوم ہونے لگے ہیں اور آصف علی زرداری سے ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے خود کو متحدہ اپوزیشن کا امیدوار قرار دیا۔

آصف زرداری کی پارٹی رہنماؤں کو صدارتی انتخاب کیلئے دیگر جماعتوں سے رابطے کی ہدایت

ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ ‘مولانا صاحب بتائیں اب اعتزاز احسن کو کیسے بٹھا دوں، اگر آپ کو الیکشن لڑنا ہی تھا تو پہلے بتادیتے، آپ کے مطالبے پر اکیلے جواب دینا آسان کام نہیں’۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ ‘پارٹی کا اجلاس بلا کر اس معالے پر بحث کراتے ہیں لیکن مجھے کوئی امید نظر نہیں آتی’۔

پیپلزپارٹی نے صدارتی انتخاب کے حوالے سے پارٹی کا اجلاس منگل کی شام پانچ بجے طلب کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد مشترکہ صدارتی امیدوار لانے میں ناکام رہا ہے جس کے بعد پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے امیدوار مولانا فضل الرحمان نے صدر کا انتخاب لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔

تحریک انصاف کے نامزد امیدوار ڈاکٹر عارف علوی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔ 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہوچکا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے