پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، وزیراعظم

راولپنڈی: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم قوم کی حمایت سے ان چیلنجز پر کامیابی سے قابو پالیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء اور مشیروں کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا، انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا جس کے بعد وزیراعظم نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم اور وزراء کو سیکیورٹی صورت حال، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کارروائیوں، کراچی آپریشن اور خوشحال بلوچستان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چینلجز کا سامنا ہے لیکن قوم کی حمایت سے ان چینلجز پر کامیابی سے قابو پائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت فوج کو اپنی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے تمام وسائل مہیا کرے گی، پاکستان کی منزل آگے بڑھنا ہے اور انشاء اللہ ہم مثبت سوچ اور دوسری اقوام سے اچھے مراسم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔

[pullquote]’پاک فوج مادر وطن کی حفاظت کے لیے قوم کی توقعات پر پورا اترے گی‘[/pullquote]

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی جی ایچ کیو آمد اور فوج کی صلاحیتوں پر اعتماد کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج مادر وطن کی حفاظت کے لیے قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر قیمت اور قربانیوں سے مادر وطن کی حفاظت کی جائے گی۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی تھی۔

[pullquote]جی ایچ کیو کا دورہ زبردست رہا، فواد چوہدری[/pullquote]

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا بھی بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ‘آج جی ایچ کیو کا دورہ زبردست رہا، وزیر اعظم اور کابینہ ارکان کو دنیا کی بہترین فوج کی کمانڈ سے ملاقات پر فخر ہے’۔

فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں مزید کہا کہ جی ایچ کیو میں تفصیلی بریفنگ انتہائی اہمیت کی حامل ہے، تمام ریاستی اداروں کے درمیان قریبی روابط اور تعاون کے ذریعے ہم پاکستان کو درپیش چینلجز سے نبردآزما ہوں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے