آج ملک بھر میں یوم دفاع و شہداء بھرپور جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

یوم دفاع و شہداء آج ملک بھر میں جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں مختلف تقریبات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

یوم دفاع و شہداء کا آغاز نمازِ فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔

یومِ دفاع کے سلسلے میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب ہوئی، جہاں پاکستان ایئرفورس اصغر خان اکیڈمی کےکیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈز فرائض سنبھال لیے، جن میں 5 لیڈی کیڈٹس بھی شامل ہیں۔

تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل ندیم صابر تھے، جنہوں نے پرچم کشائی کی، مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانہ کی۔

گیریژن کمانڈر میجر جنرل محمد عامر نے صبح لاہور میں مزارِ اقبال پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے اس موقع پر سلامی بھی دی۔ میجر جنرل محمد عامر نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔

یوم دفاع و شہدا کے موقع پر نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بھی پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران سربراہ پاک بحریہ کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔

وائس چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل کلیم شوکت تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

ایڈمرل کلیم شوکت کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں حوصلے اور ثابت قدمی کی یاد دلاتاہے، جب پاکستانی قوم نے 1965 کی جنگ میں اپنے سےکئی گنا بڑے دشمن کا مقابلہ کیا۔

یوم دفاع و شہداء کے موقع پر کراچی کے علاقے ملیر چھاؤنی میں بھی پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران پاک فوج کےچاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔

تقریب کے دوران پاک آرمی کے زیرِ استعمال الخالد اور الضرار ٹینکوں، بکتربند گاڑیوں اور ریڈار سسٹم سمیت دیگر ہتھیاروں کی بھی نمائش کی گئی۔

یوم دفاع و شہداء کے سلسلے میں مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوگی، جس میں وزیراعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے میں افواج پاکستان کی جرأت کوسراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے