ہم وفا لکھتے رہے وہ جفا پڑھتے رہے

امریکہ کے وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان کو شدت پسندوں کے خلاف ’ڈو مور‘ یعنی ’مزید کام‘ کا کہا یا نہیں یہ معاملہ بھی پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی غلط فہمی کا شکار ہو گیا ہے۔

مائیک پومپیو کے پاکستان میں چند گھنٹے قیام اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کے بعد پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکہ نے اس بار پاکستان سے ’ڈو مور‘ کا مطالبہ نہیں کیا۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان سے روانہ ہوتے ہی اپنے جہاز سے بیان جاری کیا کہ انھوں نے پاکستانی حکام پر شدت پسندوں کے خلاف ٹھوس اور مستقل بنیادوں پر کارروائیاں کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

پاکستان کے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف تو ایسا ہی سمجھتے ہیں۔

’یہ کوئی نیا مطالبہ نہیں ہے۔ امریکی حکام کافی عرصے سے اور کافی سخت لہجے میں یہی بات کر رہے ہیں۔ جب ستمبر میں میری امریکی حکام سے ملاقاتیں ہوئیں تھیں تو بھی اسی قسم کی باتیں ہو رہی تھیں۔ ایسے کوئی شواہد نہیں ہیں کہ امریکہ نے اپنی پالیسی میں تبدیلی کر لی ہو۔‘

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستانی دفتر خارجہ میں بہت تجربہ کار لوگ ہیں اور یہ ممکن نہیں ہے کہ انھیں یہ پیغام سمجھنے میں غلطی ہوئی ہو۔

انھوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ اس سارے معاملے کو سمجھنے کی کوشش کرے تاکہ اس طرح کی غلط فہمی دوبارہ نہ ہو۔

لیکن ایسا دو بار نہیں تین بار ہو چکا ہے کہ سفارتی سطح پر آنے والے پیغامات یا تبادلۂ خیال کو حکومتِ پاکستان نے غلط معنی پہنا دیے ہوں۔

وفاقی کابینہ کے حلف اٹھانے کے فوراً بعد شاہ محمود قریشی نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ انڈین وزیر اعظم نے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کے نام مبارکباد کے پیغام میں انھیں مذاکرات بحال کرنے کی دعوت دی ہے تاہم انڈین حکومت نے فوراً کہہ دیا کہ پاکستانی وزیراعظم کے نام تہنیتی پیغام میں ایسا کچھ نہیں تھا۔

پھر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی عمران خان کو فون کیا۔ اس کال کے بعد امریکی دفتر خارجہ نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خاتمے پر بات کی تاہم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا۔

امریکی حکام اپنے بیان پر قائم رہے بلکہ میڈیا کی اطلاعات کے مطابق اس فون کال کا مسودہ پاکستانی وزیر خارجہ کو بھیجا گیا جس کے بعد پاکستان کے دفتر خارجہ نے اس معاملے پر ’مٹی ڈالنے‘ کی درخواست کی۔

ایک ایسی فون کال بھی سفارتی غلط فہمی کا باعث بنی جو آئی ہی نہیں تھی۔

عمران خان ملک کے ’چوٹی‘ کے ٹی وی میزبانوں کے ساتھ تبادلۂ خیال میں مصروف تھے کہ انھیں سیکریٹری خارجہ نے بتایا کہ فرانسیسی صدر ان سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ان سے کہیں آدھے گھنٹے بعد فون کریں۔ آدھے گھنٹے بعد جوں ہی سیکریٹری خارجہ کمرے میں داخل ہوئیں وزیر اعظم نے بآواز بلند دریافت کیا، پھر فرانسیسی کا فون ہے کیا؟ کہنے والے کہتے ہیں کہ اس پر ہلکا سا قہقہ بھی بلند ہوا۔

یہ ساری روداد جب ان میں سے بعض اینکر پرسنز نے سوشل میڈیا پر جاری کی تو اگلے دن فرانسیسی سفارت خانے نے ان اطلاعات کو ’جعلی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی صدر نے تو عمران خان کو کال کی ہی نہیں۔ وہ تو فرانسیسی سفارت خانے کے اہلکار وزیراعظم سے معلوم کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ فراسنسیسی صدر کے ساتھ فون پر بات کرنے کے لیے کون سا وقت مناسب رہے گا؟

یہ تو خیر معاملہ تھا پیغامات یا فون کالز کا لیکن امریکی وزیر خارجہ کے بدھ کے مختصر دورۂ پاکستان میں دونوں ممالک کے درمیان سب سے اہم نکتے یعنی ’ڈو مور‘ کے معاملے پر کیا بات ہوئی اس بارے میں پاکستانی قوم شام تک منتظر رہی کہ دیکھیں اس بار بھی امریکہ کی جانب سے شدت پسندی کے خلاف ’مزید کام‘ کرنے کا حکم ملتا ہے یا نہیں۔

امریکی وزیرخارجہ کی پاکستان سے روانگی کے ساتھ ہی پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خوشخبری سنا دی کہ اس بار امریکہ کی جانب سے ڈو مور نہیں کہا گیا۔ قوم نے ابھی خوشی کے شادیانے بجانے شروع بھی نہیں کیے تھے کہ امریکی وزیر خارجہ کا وضاحتی بیان آ گیا۔

جتنا حساس یہ معاملہ اور دیگر سفارتی معاملات ہیں اس بارے میں سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف کی اس رائے میں وزن ہے کہ ان معاملات کی تفتیش ہونی چاہیے تاکہ مزید ممالک ہمارے بارے میں یا ہم ان کے بارے میں غلط فہمی کا شکار نہ بنیں۔

ان کا کہنا تھا ’یہ معاملہ زیادہ دیر نہیں چلے گا کہ ہم وفا لکھتے رہیں اور وہ جفا پڑھتے رہیں‘

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے