احسان مانی اے سی سی کو دوبارہ مضبوط ادارہ بنانے کے خواہاں

کراچی: احسان مانی اے سی سی کو دوبارہ مضبوط ادارہ بنانے کے خواہاں ہیں۔

نئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی اپنے پہلے غیرملکی دورے پر18 اور19 ستمبر کی درمیانی شب دبئی روانہ ہوں گے،وہ20تاریخ کو وہاں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے، یہ پوسٹ اب مزید کچھ عرصے ہی پاکستان کے پاس ہے، اس کے بعد بنگلہ دیش کی باری آ جائے گی۔

احسان مانی ماضی میں ایشین بلاک کے زبردست حامی رہے اور اب ایک بار پھر وہ ایسا چاہتے ہیں، چیئرمین کو ایسا لگتا ہے کہ بھارت نے اے سی سی کو کمزور بنا دیا حالانکہ اسے طاقتور ادارہ ہونا چاہیے تھا۔ ان کی کوشش ہوگی کہ اسے دوبارہ قدموں پر کھڑا کیا جائے،کونسل کا سالانہ اجلاس آئندہ ماہ ہونا ہے۔

احسان مانی چاہتے ہیں کہ اس کی میزبانی پاکستان ہی کرے تاکہ ایشیائی ممالک کو ملک کی بہتر سیکیورٹی صورتحال کا بھی یقین دلایا جا سکے، دبئی میں شیڈول میٹنگ کے دوران چیئرمین پی سی بی بھارتی، سری لنکن، بنگلہ دیشی و دیگر ایشین ممالک کے آفیشلز سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

ان کی کوشش ہے کہ تمام کرکٹ بورڈز خصوصاً ایشینز سے پاکستان کے اچھے تعلقات ہوں، گوکہ ابھی ٹورز کی بات کرنا قبل از وقت ہوگا لیکن وہ چاہتے ہیں کہ آئندہ ماہ اپنے ملک میں اے سی سی کی سالانہ میٹنگ کے موقع پر اس حوالے سے تبادلہ خیال کریں۔

واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹیو بورڈ میں احسان مانی (صدر)، کے ایچ عمران (نائب صدر) امیتابھ چوہدری، نظم الحسن،روی سہگل، پنکج کھیمجی، زیو زینٹاؤ، راہول جوہری، سبحان احمد،ایشلے ڈی سلوا، نظام الدین چوہدری اور تھوسیتھ پریرا(ممبران) شامل ہیں۔ احسان مانی اے سی سی کی ایگزیکٹیو کمیٹی اور ڈیولپمنٹ کمیٹی کے بھی صدر ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے