اللہ نے میرے گھر کی رونقیں واپس لوٹا دیں

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد جاتی امراء اپنی رہائش گاہ پہنچے تو سب سے پہلے اپنی والدہ سے ملاقات کی۔

نواز شریف کی والدہ نے اپنے بیٹے کی واپسی پر خدا کا شکر ادا کیا، والدہ نے نواز شریف کو شفقت سے پیار کیا اور دعائیں دیں۔

سابق وزیراعظم کی والدہ نے کہا کہ ‘اللہ نے میرے گھر کی رونقیں واپس لوٹا دیں، اللہ میرے بچوں کو صحت، تندرستی کے ساتھ لمبی زندگی عطافرمائے’۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سزا کی معطلی اور رہائی کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا اور ان کا ضمیر مطمئن تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں دی گئی سزا معطل کرتے ہوئے اُنہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو احتساب عدالت کی جانب سے سنائی جانے والی سزائیں معطل کردیں اور انہیں رہا کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔

عدالت نے مختصر تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا جس میں قرار دیا گیا ہے کہ سزا معطلی سے متعلق درخواست گزاروں کی اپیلیں منظور کی جاتی ہیں، اپیلوں پر حتمی فیصلے تک احتساب عدالت کی سزائیں معطل کی جاتی ہیں جس کی وجوہات بعد میں تفصیلی فیصلے میں دی جائیں گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے