جمعرات 20 ستمبر 2018 : آج کی عالمی خبریں

[pullquote]بھارتی فورسز کی ریاستی دہشتگردی،2 کشمیریوں کو شہید کردیا[/pullquote]

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ نہیں رک سکا، قابض فوج نے مزید 2 نوجواںوں کو شہید کر دیا۔بھارتی فورسز نے مقبوضہ وادی کے ضلع بانڈی پورہ کا محاصرہ کیا اور سرچ آپریشن کی آڑ میں فائرنگ کرکے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔بھارتی فورسز نے محرم الحرام کے موقع پر جلوس کے شرکاء پر طاقت کا ناجائز استعمال بھی کیا۔مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی اور حریت رہنماﺅں میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک، آغا سید حسن الموسوی الصفوی اور مولانا عباس انصاری نے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں مختلف مقامات پر محرم کے عزاداروں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنماﺅں نے سری نگر سے جاری اپنے بیانات میں محرم کے جلوسوں کو روکنے کے لیے سری نگر میں پابندیوں کے نفاذ پر قابض انتظامیہ کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے انتظامیہ کی کارروائی کو مسلمانوں کے دینی معاملات میں بے جا مداخلت قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ مذہبی جلوسوں میں شامل لوگوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال مسلمانوں کے تئیں بھارتی حکمرانوں کی فسطائیت اور تعصب پر مبنی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔

[pullquote]ملائیشیا کے سابق وزیراعظم کی ضمانت پر رہائی[/pullquote]

ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کو کوالالمپور کی ایک عدالت نے تقریبا دس لاکھ امریکی ڈالر کے عوض ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔ یہ ضمانت وَن ایم ڈی بی ترقیاتی فنڈ میں خُرد برد کے اسکینڈل میں دی گئی ہے۔ سابق وزیراعظم کو منی لانڈرنگ اور اختیارات کے ناجائر استعمال کے پچیس الزامات کا بھی سامنا ہے۔ عدالت میں رزاق نے تمام الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔ انہیں مجموعی طور پر بتیس مختلف الزامات کا سامنا ہے۔ وہ رواں برس جولائی میں بھی پہلی مرتبہ گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہا کر دیے گئے تھے۔

[pullquote]برطانوی وزیر خارجہ میانمار میں[/pullquote]

برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ نے جمعرات کے دن میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی سے ملاقات کی ہے۔ روہنگیا بحران پر اقوام متحدہ کی طرف سے میانمار کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد پہلی مرتبہ کوئی اعلیٰ برطانوی شخصیت میانمار کا دورہ کر رہی ہے۔ ہنٹ نے کہا ہے کہ وہ اس دورے کے دوران روہنگیا مسلم کمیونٹی کی حالت زار اور انسانی المیے کا براہ راست مشاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے سوچی سے ملاقات سے قبل ہیلی کاپٹر کے ذریعے راکھین کا دورہ بھی کیا۔

[pullquote]غیرقانونی مہاجرت کو روکنا ہو گا، یورپی رہنما[/pullquote]

یورہی رہنماؤں نے زور دیا ہے کہ غیرقانونی مہاجرت کو روکنے کی خاطر مصر سمیت دیگر شمالی افریقی ممالک کے ساتھ جامع مذاکرات کی ضرورت ہے۔ یورپی یونین کی سربراہی سمٹ میں اتفاق کیا گیا ہے کہ انسانوں کی اسمگلنگ کو روکنے کی خاطر زیادہ اقدامات کرنا چاہییں۔ آسٹریائی چانسلر سیباستیان کُرس نے جعمرات کے دن کہا کہ غیرقانونی مہاجرت کے سدباب کی خاطر مشترکہ حکمت عملی لازمی ہے۔ ساتھ ہی یورپی رہنما بریگزٹ کے موضوع پر نومبر میں ایک خصوصی سمٹ کے انعقاد پر متفق ہو گئے ہیں۔

[pullquote]مشرق وسطیٰ اور یورپ میں عاشورہ[/pullquote]

عرب ممالک، جنوبی ایشیائی ملکوں سمیت یورپ کے متعدد ممالک میں آج بروز جمعرات عاشورہ انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے بالخصوص عراقی شہر کربلا میں لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد مختلف ممالک سے پہنچی ہوئی ہے اور یہ لاکھوں افراد نواسہ رسول کی یاد میں منعقد ہونے والی مختلف سوگوار تقریبات میں شریک ہے۔ کربلا اور عراق کے دیگر حساس علاقوں میں سکیورٹی انتہائی سخت رکھی گئی ہے۔ دنیا بھر میں آباد 1.8 بلین مسلمانوں میں شیعہ مسلمانوں کی تعداد دس فیصد بنتی ہے۔

[pullquote]جنگجوؤں کا حملہ، افغانستان میں پانچ سکیورٹی اہلکار ہلاک[/pullquote]

افغان صوبے غزنی میں جنگجوؤں کے ایک حملے میں پانچ سکیورٹی اہلکار مارے گئے ہیں۔ حکام نے جمعرات کے دن بتایا کہ طالبان نے وسطی صوبے غزنی میں سلسلہ وار منظم حملے کیے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ان کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ حالیہ عرصے میں طالبان اور دیگر عسکریت پسند گروہ اپنی پرتشدد کارروائیوں میں تیزی لے آئے ہیں۔

[pullquote]اُن ٹرمپ سے پھر ملنا چاہتے ہیں، اِن[/pullquote]

جنوبی کوریائی صدر مون جے ان نے کہا ہے کہ شمالی کوریا امید کر رہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو جلد ہی اس کمیونسٹ ملک کا دورہ کریں گے۔ اپنے تین روزہ دورہٴ شمالی کوریا کے اختتام پر مون نے مزید کہا کہ شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایک اور سمٹ کے خواہاں ہیں۔ کم جونگ اُن اور مون جے اِن کے تازہ رابطوں کو جزیرہ نما کوریا میں قیام امن کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]فلپائن میں مٹی کے تودے گرنے سے بارہ افراد مارے گئے[/pullquote]

فلپائن میں جعمرات کو ہوئی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں بارہ افراد ہلاک جبکہ درجنوں لاپتہ ہو گئے ہیں۔ سمندری طوفان منگکھوٹ سے متاثر اس جزیرہ ریاست میں حالیہ کچھ دنوں کے دوران ایسے ہی حادثات کی وجہ سے درجنوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور لاپتہ افراد کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]ہالینڈ میں بچوں کی سائیکل ٹرین سے ٹکرا گئی، چار بچے ہلاک[/pullquote]

پالینڈ میں ایک ٹرین اور کارگو بائیسکل کے مابین تصادم کے نتیجے میں چار بچے ہلاک جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس نے جمعرات کے دن بتایا کہ یہ حادثہ جرمن سرحد کے قریب واقع اُوس نامی علاقے میں اس وقت رونما ہوا، جب ایک ٹرین تین پہیوں والی ایک بائیسکل سے ٹکرائی۔ اس کارگو بائیسکل میں بچے سوار تھے۔ ہالینڈ میں ایسی سائیکلیں بچوں کو شاپنگ کے لیے لے جانے یا سیر کرانے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔

[pullquote]بریگزٹ پر خصوصی سمٹ ہو گی، یورپی یونین[/pullquote]

یورپی رہنما بریگزٹ کے موضوع پر ایک خصوصی سمٹ کے انعقاد پر متفق ہو گئے ہیں۔ آسٹریائی شہر سالزبرگ میں جاری یورپی سربراہی سمٹ کے موقع پر آسٹریا کے چانسلر سباستیان کرس نے کہا کہ بریگزٹ ڈیل کو حتمی شکل دینے کی خاطر نومبر میں ایک خصوصی ملاقات کی جائے گی۔ یورپی رہنما سالزبرگ میں جاری سربراہی سمٹ میں مہاجرین کے بحران کے علاوہ دیگر کئی اہم موضوعات پر بھی گفتگو کر رہے ہیں۔

[pullquote]اسرائیلی دھمکیوں کی مذمت کی جائے، ایران[/pullquote]

ایران نے اقوام متحدہ اور سکیورٹی کونسل سے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی دھمکیوں کی مذمت کریں۔ اقوام متحدہ کے لیے ایرانی سفیر نے عالمی ادارے کے سربراہ انٹونیو گوٹیرش اور سلامتی کونسل کو ارسال کردہ ایک خط میں لکھا کہ بین الاقوامی برادری کو ایران کے خلاف اسرائیلی دھمکیوں کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور اس کی مذمت کرنا چاہیے۔ اس خط میں مزید اصرار کیا گیا کہ اقوام متحدہ کو اسرائیلی جوہری پروگرام کی نگرانی بھی کرنا چاہیے۔

[pullquote]اسرائیلی فائرنگ سے ایک اور فلسطینی ہلاک ہو گیا[/pullquote]

لسطینی اتھارٹی نے جمعرات کے دن بتایا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی فائرنگ کی وجہ سے ایک فلسطینی ہلاک ہو گیا ہے۔ گزشتہ روز غزہ پٹی اور اسرائیلی سرحد پر ہونے والی تازہ جھڑپوں کے نتیجے میں یہ ہلاکت ہوئی۔ فلسطینی حکام کے مطابق پرامن مظاہرے کے دوران اسرائیلی فورسز نے گولی چلائی جبکہ اسرائیلی فوج کے مطابق ان مظاہرین کی طرف سے حملہ کرنے کے بعد فائرنگ کی گئی۔ فلسطینی ذارئع کے مطابق مارچ سے شروع ہوئے ایسے مظاہروں کے نتیجے میں 182 فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔

[pullquote]جاپانی وزیر اعظم آبے کی ایک اور جیت[/pullquote]

جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے ایک مرتبہ پھر اپنی سیاسی پارٹی کے سربراہ منتخب کر لیے گئے ہیں۔ جمعرات کے دن ٹوکیو میں لبرل ڈٰیموکریٹک پارٹی کی رائے شماری میں تریسٹھ سالہ سیاستدان آبے نے 553 پارٹی ممبران کی حمایت حاصل کی جبکہ دو سو چوّن نے ان کی مخالفت کی۔ اس کامیابی کی بدولت آبے کے آئینی اصلاحات کے خواب کو تعبیر مل سکتی ہے۔ شینزو آبے کی اب جاپان کے طویل ترین وزیر اعظم بننے کی راہ بھی ہموار ہو گئی ہے۔

[pullquote]پولینڈ میں مستقل امریکی فوجی چھاؤنی کا قیام فوری ممکن نہیں[/pullquote]

امریکی فوج کے اعلیٰ کمانڈر مارک ایسپر نے کہا ہے کہ پولینڈ ابھی تیار نہیں کہ وہاں مستقل امریکی چھاؤنی قائم کر دی جائے۔ اس سے ایک روز قبل ہی پولش صدر نے امریکا کو پیش کش کی تھی کہ وہ پولینڈ میں امریکی فوجی اڈا قائم کرے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پولش ہم منصب آندریاس ڈوڈا سے گفتگو میں کہا کہ تھا کہ وہ پولینڈ کی اس درخواست پر انتہائی سنجیدگی سے غور کریں گے۔ تاہم اعلیٰ امریکی فوجی قیادت نے کہا ہے کہ اس حوالے سے جامع منصوبہ بندی درکار ہو گی۔

[pullquote]جاپان میں ساٹھ ملین ڈالر کے برابر ڈیجٹل کرنسی چوری[/pullquote]

جاپان میں ہوئے ایک سائبر حملے کے نتیجے میں بٹ کوائن اور دیگر ڈیجیٹل کرنسی کی ایک بڑی مقدار چوری کر لی گئی ہے۔ اے ایف پی نے ایک ورچوئل ایکسچینج آپریٹر کے حوالے سے جمعرات کو بتایا ہے کہ ہیکنگ کے اس واقعے مں ساٹھ ملین ڈالر مالیت کے برابر ڈیجیٹل کرنسی کو چوری کر لیا گیا۔ ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کے استعمال کے حوالے سے جاپان ایک اہم ملک ہے، جہاں پچاس ہزار سے زائد دوکانیں اس کرنسی کو قبول کرتی ہیں۔

[pullquote]جنوبی کوریائی صدر کا شمالی کوریا کا دورہ اختتام پذیر[/pullquote]

جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن کا دورہ شمالی کوریا اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ اس تین روزہ دورے کے دوران انہوں نے شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن کے ساتھ ملاقات میں جزیرہ نما کوریا پر قیام امن کے لیے کامیاب مذاکرات کیے، جس کے نتیجے میں امریکا نے کہا ہے کہ وہ اس کمیونسٹ ملک کے ساتھ جوہری مذاکرات کی بحالی کرے گا۔ پیونگ یانگ نے رضا مندری ظاہر کی ہے کہ سوہائی میزائل تجرباتی تنصب کو منہدم کرنے کے عمل میں بین الاقوامی مبصرین کو بھی شامل کیا جائے گا۔

[pullquote]ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم پر فرد جرم عائد[/pullquote]

ملائیشیا کے استغاثہ نے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق پر باقاعدہ فرد جرم عائد کر دی ہے۔ جمعرات کے دن بتایا گیا کہ دور اقتدار میں طاقت کے ناجائز استعمال اور لاکھوں ڈالر کے فنڈز میں خرد برد کے الزامات کے تحت رزاق کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا۔ ان کے خلاف مجموعی طور پر پچیس الزامات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ تاہم رزاق ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ قانونی کارروائی سیاسی محرکات پر مبنی ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا میں مون جے ان کا آخری دن[/pullquote]

صدر مون جے ان ایسے پہلے جنوبی کوریائی رہنما بن گئے ہیں، جنہوں نے شمالی کوریائی عوام سے خطاب کیا ہے۔ جمعرات کے دن انہوں نے پیونگ یانگ میں کھیلوں کے ایک ایونٹ میں شرکت کی اور وہاں موجود لوگوں کے سامنے سات منٹ دورانیے کی تقریر کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان دونوں ممالک کو پھر ایک ہو جانا چاہیے جیسا کہ جنگ سے پہلے یہ ایک ہی تھے۔ آج مون جے ان کے دورہ شمالی کوریا کا تیسرا اور آخری دن ہے۔

[pullquote]یورپی یونین کی سربراہی سمٹ، اہم موضوع بریگزٹ[/pullquote]

یورپی یونین کی سربراہی سمٹ کے دوسرے دن بروز جمعرات بریگزٹ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ آسٹریائی شہر سالزبرگ میں جاری اس سمٹ کے پہلے دن یورپی رہنماؤں نے زور دیا کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدگی کے معاملے پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی۔ بتایا گیا ہے کہ اس سمٹ میں یورپی رہنما مہاجرت، اصلاحاتی عمل اور دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے