ملک بھر سے عاشور کے ماتمی جلوس برآمد

دین حق کی سربلندی کے لیے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہُ اور ان کے رفقا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں یوم عاشور آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

دس محرم الحرام کو عزاداران امام عالی مقامؓ اور ان کے رفقا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ماتم و گریہ زاری کر رہے ہیں۔

چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں عاشورہ کی مناسبت سے نکالے جانے والے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سول آرمڈ فورسز اور پاک فوج کے جوانوں کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔

سیکیورٹی کے پیش نظر متعدد شہروں میں موبائل فون سروس بند اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔

[pullquote]کراچی[/pullquote]

یوم عاشور کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں جاری ہے جس کے بعد ابو تراب اسکاوٹس کی قیادت میں جلوس برآمد ہوگا۔

جلوس کے شرکا ڈیڑھ بجے نمائش پر امام بارگاہ علی رضا میں نماز ظہرین ادا کریں گے جس کے بعد امامیہ اسٹوڈنٹس آگنائزیشن کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

جلوس سی بریز، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، ریڈیو پاکستان، ڈینسوہال، بولٹن مارکیٹ، لائٹ ہاوس موڑ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگا۔

[pullquote]لاہور[/pullquote]

لاہور میں نثار حویلی سے رات گئے عاشورہ کا جلوس برآمد ہوا جو روایتی راستوں پر گامزن ہے۔

ایک بجے چوک رنگ محل میں عزاداران حسینؓ نماز ظہرین ادا کریں گے جس کے بعد جلوس بھاٹی چوک سے ہوتا ہوا نماز مغرب کے بعد کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

[pullquote]راولپنڈی[/pullquote]

راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس کرنل مقبول حسین کالج روڈ سے برآمد ہوا، جس میں عزاداران شہدائے کربلا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

جلوس مقرر راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

[pullquote]پشاور[/pullquote]

ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ آغا سید علی شاہ رضوی سے برآمد ہوا۔

[pullquote]
کوئٹہ[/pullquote]

کوئٹہ میں مرکزی جلوس پنجابی امام بارگاہ سے برآمد ہوا، جلوس کی قیادت بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داود آغا کر رہے ہیں۔

چھوٹے بڑے دیگر جلوس بھی مختلف امام بارگاہوں سے برآمد ہوئے۔

[pullquote]سرحدوں کی بندش[/pullquote]

پاکستان نے عاشورہ کے دن سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے افغانستان اور ایران سے ملنے والی اپنی سرحدوں کو بند کردیا۔

فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کے اہلکاروں کی جانب سے سرحد کی سخت نگرانی کی جارہی ہے تاکہ بلوچستان میں عاشورہ کے موقع پر امن و عامہ کی صورتحال بحال رہے۔

سرحد کی بندش کی وجہ سے اس پر ہونے والے تمام کاروباری و نجی سرگرمیاں بھی معطل رہیں۔

[pullquote]صدر و وزیر اعظم کے پیغامات[/pullquote]

یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ شہدائے کربلا نے حق کی سربلندی اور دین کی بقا کے لیے قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ شہادت امام حسینؓ درس ہے کہ جبر کے خلاف جان کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی، عدم برداشت کے خاتمے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور روا داری، حق و انصاف کے فروغ، بھائی چارے، امن عامہ کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے یوم عاشور پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور ہمیں امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ استقامت حق کے حصول کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے، یہی وقت کی ضرورت ہے اور اسی میں ہم سب کی بقا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اسوہ حسینی یاد رکھنا ہے جن کی ثابت قدمی اور استقامت کی مثال ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے