وزیرخارجہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا روانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیو یارک روانہ ہوگئے۔

سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ گئی ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ مختلف ممالک کےوزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی مسئلہ کشمیر سمیت مختلف امور پر بھرپور طریقے سے پاکستان کا موقف بیان کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کی تجویز پیش کی گئی تھی جسے بھارت نے قبول کر لیا تھا۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں ملاقات بھی طے پا گئی تھی، تاہم گزشتہ روز نئی دہلی کی جانب سے یہ ملاقات منسوخ کردی گئی۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بی ایس ایف اہلکاروں کی ہلاکت کا ملبہ پاکستان پر ڈال کر وزرائے خارجہ ملاقات منسوخ کی گئی۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘عمران خان کی جانب سے خط کے بعد ہم سمجھے تھے کہ پاکستان مثبت سمت کی جانب گامزن ہے لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کی پیش کش کے پیچھے غلط ارادے تھے’۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ مذاکرات کی منسوخی کی خبر سن کر حیرت اور افسوس ہوا، یہ ایک موقع تھا جسے ضائع کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات 2015 سے تعطل کا شکار ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے