منگل : 25 ستمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کسی بھی ملاقات سے قبل ایرانیوں کو اپنا لہجہ بدلنا ہو گا، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی اور ایرانی حکام کے مابین کسی بھی ممکنہ ملاقات سے قبل ایرانیوں کو اپنا لہجہ بدلنا ہو گا۔ ٹرمپ کے مطابق وہ چاہتے ہیں کہ مستقبل میں واشنگٹن اور تہران کو مابین اچھے تعلقات قائم ہوں، لیکن تہران کے لب و لہجے میں تبدیلی کے بغیر ایسی کسی بہتری کا کوئی امکان نہیں۔ صدر ٹرمپ نے یہ بات نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب سے قبل منگل کے روز کہی۔ صدر ٹرمپ کے مطابق ایران کو اپنا لہجہ بدلنا ہی ہو گا۔

[pullquote]کویت ایئرویز کا اسرائیلی مسافر کو لے جانے سے انکار جائز، عدالتی فیصلہ[/pullquote]

خلیجی ریاست کویت کی قومی فضائی کمپنی کویت ایئرویز کا اپنی ایک پرواز پر ایک اسرائیلی شہری کو سفر کی اجازت دینے سے انکار جائز تھا۔ یہ فیصلہ منگل کے روز جرمنی کی ایک اپیل کورٹ نے سنایا۔ یہ مقدمہ ایک اسرائیلی طالب علم نے دائر کیا تھا، جسے 2016ء میں فرینکفرٹ سے بنکاک جانے والی ایک پرواز پر سوار ہونے سے روک دیا گیا تھا۔ اس پرواز کو کچھ دیر کے لیے کویت سٹی میں رکنا تھا۔ عدالت کے مطابق کویت نے سرکاری سطح پر اسرائیل کا بائیکاٹ کر رکھا ہے اور کویت کی نیشنل ایئر لائن کا اسرائیلی مسافر کو ساتھ لے جانے سے انکار قابل فہم ہے۔

[pullquote]پوٹن مخالف روسی گروپ کا کارکن جرمن پولیس کی حفاظت میں[/pullquote]

جرمن پولیس نے روس میں صدر پوٹن اور کریملن کے مخالف گروپ ’پُسی روئٹ‘ کے ایک سرکردہ کارکن پیوٹر وَیرزِیلوف کو اپنی حفاظت میں لے لیا ہے۔ یہ روسی شہری اس وقت برلن کے ‘شاریٹے‘ ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ پولیس نے اس روسی کارکن کے چند قریبی ساتھیوں کو بھی اپنی حفاظت میں لے لیا ہے، جنہیں اپنی سلامتی کے حوالے سے شدید خدشات تھے۔ یہ بات برلن پولیس کے ایک ترجمان نے ڈوئچے ویلے کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بتائی۔ اسی وجہ سے اب برلن کے اس ہسپتال کے دروازے پر پولیس بھی تعینات کر دی گئی ہے۔

[pullquote]شام کے اندر ایرانی ٹھکانوں کو نشانہ بناتے رہیں گے، اسرائیلی وزیراعظم[/pullquote]

اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ شام کے اندر ایران کے زیر کنٹرول ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے عسکری آپریشنز مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔ اسرائیلی وزیراعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب روس نے شام کو انتہائی جدید طیارہ شکن نظام فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ روسی فوج اور اسرائیلی فوج کے درمیان موجود رابطوں کے سلسلے کو بھی بدستور استوار رکھا جائے گا۔

[pullquote]مالدیپ: حکومتی حکم پر برطانوی سنگتراش کے بنائے مجسمے کو توڑ دیا گیا[/pullquote]

مالدیپ میں پولیس نے سنگتراشی کے ایک جدید نمونے کو اسلامی اقدار کے منافی ہونے کے شبے میں تباہ کر دیا ہے۔ پولیس اہلکاروں نے ہتھوڑوں اور دوسرے اوزاروں کے ساتھ جس مجسمے کو توڑا ہے وہ برطانیہ کے سنگتراش جیسن ڈی کیئرز ٹیلر کی تخلیق تھا۔ اس سنگتراشی کے فن پارے کو توڑنے کا حکم حالیہ الیکشن میں شکست کھانے والے صدر عبداللہ یامین نے رواں برس جولائی میں دیا تھا۔ یامین کے مطابق اس مجسمے کے خلاف عوام میں شدید جذبات پائے جاتے تھے۔ برطانوی سنگتراش نے اس اقدام کو افسوسناک قرار دیا ہے۔

[pullquote]جنوبی افریقہ سرمایہ کاری اور سیاحت کے ویزوں میں نرمی کرے گا[/pullquote]

جنوبی افریقی حکومت غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے علاوہ سیاحت کے شوقین افراد کے لیے اپنے ویزے کی شرائط میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے جنوبی افریقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ان کے ملک میں باقاعدگی سے آنے والے افراد کو دس سال کا ویزا دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگلے ماہ سے رائج ہونے والی نئی ویزا پالیسی یقینی طور پر کاروباری حضرات کے لیے راحت کا باعث بنے گی۔ اس حوالے سے بھارت اور چین کے کاروباری افراد کے لیے ویزے کے حصول میں زیادہ آسانیاں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

[pullquote]سویڈش وزیراعظم اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام[/pullquote]

سویڈش پارلیمنٹ میں وزیر اعظم اسٹیفن لووین آج منگل کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ نو ستمبر کے عام انتخابات کے بعد اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ان کے لیے لازمی تھا۔ اس ناکامی کے بعد وہ وزارت عظمیٰ سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ پارلیمانی رائے شماری میں لووین کو 142 ووٹ پڑے جبکہ اُن کی مخالف سینٹر رائٹ اپوزیشن کے ارکان کے ووٹوں کی تعداد 204 رہی۔ متحدہ اپوزیشن میں قدامت پسند اور امیگریشن مخالف سیاسی جماعتیں شامل ہیں۔

[pullquote]اقوام متحدہ کا ریفیوجی پرائز جنوبی سوڈانی ڈاکٹر کے لیے[/pullquote]

اقوام متحدہ کی ریفیوجی ایجنسی نے اپنا معتبر نینسن ایوارڈ جنوبی سوڈان کے ایک ڈاکٹر ایوان اٹار ادہا (Evan Atar Adaha) کو دیا ہے۔ ریفیوجی ایجنسی UNHCR کے مطابق جنوبی سوڈان کے قصبے بُنج میں ڈاکٹر ادہار اپنے مابان ہسپتال میں انتہائی کم سہولیات کے باوجود ایک ہفتے کے دوران ساٹھ آپریشن کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مابان ہسپتال اب تک سوڈان کی ریاست بلُو نیل سے بے گھر ہونے والے ڈیڑھ لاکھ کے قریب افراد کو طبی امداد فراہم کر کے سینکڑوں افراد کی جانیں بچا چکا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے کے سربراہ فیلیپو گرانڈی نے ڈاکٹر ادہار کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

[pullquote]پوپ فرانسس کا بالٹک کی ریاستوں کا دورہ مکمل[/pullquote]

کیتھولک میسیحوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے آج منگل کو اپنا بالٹک کی ریاستوں کا دورہ مکمل کر لیا۔ اس دورے کے آخری مرحلے میں انہوں نے سیکولر نظریات کے حامل ملک ایسٹونیا کی اقلیتی کیتھولک آبادی سے خطاب کرنے کے علاوہ مقامی نوجوانوں سے ملاقاتیں بھی کیں۔ پوپ نے ایسٹونیا کے صدر سے بھی ملاقات کی۔ صدارتی محل میں دیے گئے ایک استقبالیے کے دوران تقریر کرتے ہوئے پاپائے روم نے سابق سوویت یونین سے آزادی کے بعد ایسٹونیا کی سماجی اور اقتصادی ترقی کی تعریف بھی کی۔ ایسٹونیا کی اکثریتی آبادی لُوتھرین اور روسی آرتھوڈوکس چرچ کی پیروکار ہے۔

[pullquote]جنرل اسمبلی کا اجلاس، سو سے زائد عالمی لیڈر خطاب کریں گے[/pullquote]

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اُس سالانہ چھ روزہ اجلاس کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، جس کے دوران عالمی رہنما خطاب کریں گے۔ اس اجلاس کا باضابطہ افتتاح سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش کی تقریر سے ہو گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی آج اسی اجلاس میں تقریر کریں گے۔ وہ بدھ کے روز سلامتی کونسل کے جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق ایک خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ جنرل اسمبلی کے اجلاس کا اختتام یکم اکتوبر کو ہو گا اور مجموعی طور پر133 ملکوں کے سربراہان مملکت و حکومت نے اس اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ گزشتہ برس اس اجلاس میں 114 رہنما شریک ہوئے تھے۔

[pullquote]امریکا کے ساتھ مزید مذاکرات ناممکن ہیں، چین[/pullquote]

امریکا کے وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ طالبان کے حملوں میں مقامی فوجی ہلاکتوں کے تناظر میں وہاں متعین امریکی فوج اپنی حکمت عملی میں تبدیلی لانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ میٹس نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ افغان فوج کو گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ ہلاکتوں کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود وہ جنگی کارروائیوں میں شریک ہے۔ دوسری جانب امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق انہی ہلاکتوں کی وجہ سے افغان فوج میں مزید بھرتیوں کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے اور لوگ بھرتی کے مراکز کا رخ کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔

[pullquote]افغانستان میں جنگی حکمت عملی تبدیل کی جا رہی ہے، امریکی وزیر دفاع[/pullquote]

امریکا کے وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ طالبان کے حملوں میں مقامی فوجی ہلاکتوں کے تناظر میں وہاں متعین امریکی فوج اپنی حکمت عملی میں تبدیلی لانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ میٹس نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ افغان فوج کو گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ ہلاکتوں کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود وہ جنگی کارروائیوں میں شریک ہے۔ دوسری جانب امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق انہی ہلاکتوں کی وجہ سے افغان فوج میں مزید بھرتیوں کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے اور لوگ بھرتی کے مراکز کا رخ کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔

[pullquote]مالدیپ کے نومنتخب صدر کو چین، امریکا اور بھارت کی مبارک باد[/pullquote]

بحر ہند میں جزائر پر مشتمل ریاست ملدیپ کے صدارتی الیکشن میں حیران کن کامیابی حاصل کرنے والے اپوزیشن رہنما ابراہیم محمد صالح کو امریکا، بھارت اور چین کی جانب سے مبارک باد دی گئی ہے۔ صالح کی کامیابی کو چین کے لیے ایک دھچکا قرار دیا گیا ہے۔ موجودہ صدر عبداللہ یامین نے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔ مالدیپ میں ہونے والی ایک پیش رفت یہ بھی ہے کہ ایک عدالت نے پیر کے روز پولیس کے سابق لیکن زیر حراست سربراہ اور تین اپوزیشن رہنماؤں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ اپوزیشن نے حکومت سنبھالنے کے بعد تمام سیاسی قیدیوں کی جلد رہائی کے اقدامات کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

[pullquote]ایران کے ساتھ تجارت جاری رکھنے کا طریقہٴ کار طے کر لیا گیا[/pullquote]

پانچ عالمی طاقتوں نے ایران کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے طریقہٴ کار کو طے کر لیا ہے۔ پیر چوبیس ستمبر کو اس مقصد کے لیے نیویارک میں منعقدہ اجلاس میں برطانیہ، فرانس، جرمنی، روس اور چین کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ساتھ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف شریک تھے۔ اس اجلاس میں ایرانی جوہری ڈیل سے امریکی علیحدگی اور ایران پر نئی پابندیوں کے نفاذ سے پیدا ہونے والی صورت حال پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اسی اجلاس میں فریقین کے درمیان ایرانی برآمدات و درآمدات کی ادائیگیوں پر بھی اتفاق سامنے آیا ہے۔ اس فیصلے پر ابھی امریکی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

[pullquote]امریکا روہنگیا ریفیوجی ایجنسی کو 185 ملین ڈالر دے گا[/pullquote]

امریکا کی اقوام متحدہ میں مستقل سفیر نِکی ہیلی نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت روہنگیا مہاجرین کی بحالی میں امدادی سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور اس مقصد کے لیے مزید 185 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے دوسرے ممالک سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ بھی اس امدادی پروگرام کا حصہ بنیں۔ امریکی امداد بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کی فلاح و بہبود پر استعمال کی جائے گی۔ اس وقت بنگلہ دیشی سرحدی علاقوں میں سات لاکھ سے زائد روہنگیا مہاجرین پناہ لیے ہوئے ہیں۔ وہ اگست سن 2017 میں میانمار کے ایک سکیورٹی آپریشن کے دوران اپنی جانیں بچا کر بنگلہ دیش میں داخل ہوئے تھے۔

[pullquote]کمبوڈیائی اپوزیشن لیڈر کی سکیورٹی پر پانچ سو سکیورٹی اہلکار متعین[/pullquote]

کمبوڈیا کی حکومت نے مرکزی اپوزیشن لیڈر کُم سوکا کے نظربندی والے مقام کے ارد گرد پانچ سو پولیس اہلکار متعین کر دیے ہیں۔ سوکا کو چند روز قبل ہی ضمانت پر جیل سے رہا کیا گیا ہے لیکن اب وہ گھر پر نظر بند ہیں۔ دارالحکومت نوم پنہہ کی انتظامیہ نے پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کا مقصد یہ بتایا ہے کہ سوکا کے گھر کے قریب کسی بھی قسم کے احتجاجی مظاہرے کے لیے جمع ہونے والے لوگوں کی حوصلہ شکنی ہے۔ دارالحکومتی پولیس کے سربراہ کے مطابق یہ انتظامات عدالتی درخواست پر کیے گئے ہیں۔ سوکا گزشتہ برس ستمبر سے بغاوت کے الزام میں جیل میں تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے