بدھ : 26 ستمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا مشرق وسطیٰ میں نصب بعض میزائل نظام ختم کر رہا ہے، رپورٹ[/pullquote]

امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت دفاع نے مشرقِ وسطیٰ میں نصب بعض میزائل سسٹم ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پینٹاگون نے اردن، کویت اور بحرین سے چار پیٹریاٹ میزائل نظام ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں سے دو پیٹریاٹ میزائل سسٹم کویت میں نصب ہیں۔ اخبار کے مطابق امریکی حکومت روس، چین اور ایران کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں اپنی پالیسیوں کے محور کو بدلنے کا سوچ رہی ہے۔

[pullquote]یمن میں جنگی جرائم کی تفتیش جاری رہے گی، ہیومن رائٹس کونسل[/pullquote]

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل نے واضح کیا ہے کہ یمن میں متحارب فریقین کی جانب سے جنگی جرائم کے ارتکاب کی چھان بین جاری رہے گی۔ ان جنگی جرائم کے بارے میں ایک رپورٹ کونسل کو پیش کر دی گئی ہے۔ انسانی حقوق کی کونسل نے ان جنگی جرائم کی تفتیش کے لیے ماہرین ایک سال قبل نامزد کیے تھے۔ ان تفتیش کاروں کی ٹیم کے سربراہ تیونس کے انسانی حقوق کے وکیل کمال الجندوبی ہیں۔ الجندوبی نے ایک بیان میں یمن کی صورت حال کو انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سبھی مسلح فریق جنگی جرائم کے مرتکب ہوئے۔

[pullquote]امریکی پادری کی قسمت کا فیصلہ ترک عدالت کرے گی، صدر ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ ترکی میں زیر حراست امریکی پادری کی رہائی ترک سیاستدانوں کے ہاتھ میں نہیں بلکہ ایک عدالتی معاملہ ہے۔ پیر کے روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے امید ظاہر کی تھی کہ اس امریکی پادری کو جلد رہائی مل جائے گی۔ اینڈریو برَنسن نامی پادری پر ترک استغاثہ نے دہشت گردی کے الزامات عائد کر رکھے ہیں۔ برَنسن اکیس ماہ جیل میں رہنے کے بعد رواں برس جولائی سے اب گھر پر نظربند ہیں۔ اس وجہ سے انقرہ اور واشنگٹن کے مابین شدید تناؤ پایا جاتا ہے۔

[pullquote]داعش کے لیے ڈرون خریدنے والے دو مشتبہ افراد گرفتار[/pullquote]

ڈنمارک کی پولیس کے مطابق دو ایسے مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جو جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے لیے ڈرون خریدنے کی کوشش میں تھے۔ ڈینش پولیس نے ان دونوں مشتبہ ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ انہیں کل جمعرات کو ایک عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ان کی گرفتاری ڈینش پولیس اور ملکی خفیہ ادارے کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ تھی۔ استغاثہ کی عدالت سے درخواست ہو گی کہ ان کے خلاف مقدمے کی سماعت بند دروازوں کے پیچھے کی جائے۔

[pullquote]افغانستان میں فضائی حملے میں دس بچے، دو خواتین ہلاک[/pullquote]

اقوام متحدہ کے مطابق ایک فضائی حملے میں ایک افغان خاندان کے دس بچے اور دو عورتیں ہلاک ہو گئی ہیں۔ یہ واضح نہیں کہ یہ فضائی حملے امریکی یا افغان جنگی جہازوں سے کیے گئے۔ افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن UNAMA کی جانب سے ان ہلاکتوں سے متعلق ایک بیان منگل پچیس ستمبر کو جاری کیا گیا۔ عالمی ادارے کے اس مقامی مشن نے ان شہری ہلاکتوں پر افسوس اور گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بیان کے مطابق یہ حملہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب افغان صوبے وردک کے ایک گاؤں میں کیا گیا اور بظاہر اس کا ہدف طالبان عسکریت پسندوں کا ایک مبینہ ٹھکانہ تھا۔

[pullquote]امریکی چینی تجارتی جنگ منفی اثرات کی حامل ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک[/pullquote]

ایشیائی ترقیاتی بینک نے اگلے سال کے دوران براعظم ایشیا میں اقتصادی ترقی کی رفتار کو کمزور قرار دیا ہے۔ بینک نے اپنی رپورٹ میں چین اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی جنگ کو اس صورت حال کی بنیادی وجہ قرار دیا ہے۔ بینک کے مطابق ایشیائی ممالک میں اقتصادی شرح پیداوار رواں برس کی چھ فیصد سے کم ہو کر 5.8 فیصد تک گر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ رپورٹ میں چینی سالانہ شرح پیداوار میں بھی کمی کے امکان کو ظاہر کیا گیا ہے۔ بینک کے چیف اکنامسٹ یاسُوکی سواڈا نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ تجارتی جنگ کے تناظر میں اقتصادی سرگرمیوں میں کمی کا رجحان سن 2019 میں غالب رہنے کا قوی امکان ہے۔

[pullquote]قطر میں ورکرز کو کئی ماہ سے تنخواہ نہیں دی گئی، ایمنسٹی[/pullquote]

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ قطر کی مرکری نامی ٹھیکیدار کمپنی نے فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے تعمیر کیے جانے والے نئے شہر لوسیل میں کام کرنے والے ورکرز کو کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں دیں۔ ایمنسٹی کے مطابق لوسیل میں 78 ملازموں کو فروری سن 2016 سے کوئی تنخواہ نہیں دی گئی۔ ان مزدوروں کا تعلق بھارت، نیپال اور فلپائن سے ہے۔ دوسری جانب فٹ بال کے نگران عالمی ادارے فیفا نے ایمنسٹی پر الزام عائد کیا ہے کہ یہ تنظیم گمراہ کن خبریں پھیلاتی ہے اور جن ورکرز کو تنخواہ نہیں دی گئی، اُن کا تعق سن 2022 کے ورلڈ کپ سے نہیں ہے۔

[pullquote]روہنگیا کے خلاف منظم تشدد، امریکا نے ثبوت جمع کیے ہیں[/pullquote]

امریکا نے کہا ہے کہ اُس نے روہنگیا اقلیت کے خلاف میانمار کی فوج کی جانب سے کی گئی منظم پرتشدد کارروائی کے ثبوت حاصل کر لیے ہیں۔ ان ثبوتوں میں اس اقلیت کی وسیع پیمانے پر کی گئی ہلاکتیں اور جنسی استحصال کے واقعات شامل ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے یہ رپورٹ ایسے وقت پر جاری کی ہے، جب واشنگٹن نے روہنگیا مہاجرین کی فلاح و بہبود کے لیے اقوام متحدہ کی ریفیوجی ایجنسی کو 185 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کی رپورٹ ایک ہزار سے زائد بالغ روہنگیا مہاجروں کے انٹرویوز پر مشتمل ہے۔ یہ افراد اس وقت بنگلہ دیش میں پناہ لیے ہوئے لاکھوں مہاجرین میں شامل ہیں۔

[pullquote]یورپی یونین چین کی نیو سلک روڈ پالیسی کا متبادل پیش کرے گی[/pullquote]

یورپی یونین نے بعض ایشیائی ممالک میں چین کی ’نیو سلک روڈ‘ پالیسی کا متبادل متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یورپی یونین کے رکن ممالک اِس نئی پالیسی کی منظوری دیں گے اور اس کا نام ’ ایشیا کنکٹیویٹی اسٹریٹیجی‘ یا ایشیائی رابطہ کاری کی حکمت عملی رکھا گیا ہے۔ اس پالیسی کے تحت یونین مختلف ایشیائی ملکوں میں ٹرانسپورٹ، ڈیجیٹل اور توانائی کے رابطوں کو ماحول دوست اور بین الاقوامی لیبر معیارات کے تحت آگے بڑھائے گی۔ اس پالیسی کو اگلے ماہ ایشیائی اور یورپی لیڈروں کی سمٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یورپی یونین نے واضح کیا ہے کہ ایسا چین کی ’نیو سلک روڈ پالیسی‘ کے جواب میں شروع نہیں کیا جا رہا۔

[pullquote]شمالی کوریائی لیڈر سے ملاقات کے لیے تیار ہوں، جاپانی وزیراعظم[/pullquote]

جاپان کے وزیراعظم شینزو آبے نے کہا ہے کہ وہ خطے میں امن و سلامتی کی فضا قائم کرنے کے لیے شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن کے ساتھ ملاقات کے لیے رضامند ہیں۔ آبے نے واضح کیا کہ شمالی کوریائی لیڈر کے ساتھ ملاقات میں ان کا مقصد ایسے جاپانی شہریوں کی بازیابی یا معلومات کا حصول ہے، جنہیں شمالی کوریا نے اغوا کر لیا تھا۔ انہوں نے اس کا اعتراف کیا کہ ابھی تک شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ ملاقات کی کوئی صورت پیدا نہیں ہو سکی ہے لیکن اس حوالے سے رابطہ کاری جاری ہے۔ جاپانی وزیراعظم نے شمالی کوریا کے حوالے سے اِن خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کیا۔

[pullquote]تپ دق کے مرض کا چیلنج اور اقوام متحدہ کی سمٹ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے حاشیے میں مہلک مرض تپ دق کے کنٹرول کے حوالے سے بھی ایک سمٹ آج نیویارک میں ہو گی۔ اس اجلاس میں کئی لیڈروں کے علاوہ طبی سائنسدان اور حیاتیات کے ماہرین بھی شرکت کریں گے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ چھوت کے اس مرض کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے اور یہ بھارت، چین کے علاوہ روس کی آبادیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ اس وقت دنیا بھر میں سالانہ بنیاد پر تیرہ لاکھ افراد تپ دق کی وجہ سے لقمہٴ اجل بن جاتے ہیں۔ امیر ممالک کے مقابلے میں ترقی پذیر اور غریب ممالک میں اس کے مریض مسلسل بڑھ رہے ہیں۔

[pullquote]امریکا میں جاسوسی کے شعبے میں ایک چینی گرفتار[/pullquote]

امریکا میں ایک چینی شہری کو جاسوسی کے شبے میں حراست میں لیا گیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق گرفتار کیا گیا چینی اسٹوڈنٹس ویزے پر امریکا آیا تھا لیکن وہ امریکی سائنسدانوں اور انجینیئرنگ کے شعبے سے منسلک افراد کو چین میں ملازمتیں فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھا۔ گرفتار کیے گئے چینی کا نام جی چاؤکوان بتایا گیا ہے اور اس کی عمر ستائیس برس ہے۔ وہ سن 2013 میں امریکا پہنچا تھا۔ اِس نے امریکی دفاعی شعبے کے بعض کنٹریکٹروں کے بارے میں معلومات بھی جمع کی تھیں۔ امریکی دفتر استغاثہ نے اُس پر غیرملکی حکومت کا ایجنٹ ہونے کی فرد جرم عائد کر دی ہے۔

[pullquote]مرحوم ویتنامی صدر کی آخری رسومات کا آغاز[/pullquote]

ویتنام کے رحلت پا جانے والے صدر ٹران ڈائی کوانگ کی آخری رسومات کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ویتنامی حکومت نے آج بدھ سے دو روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ یہ سوگ کل مرحرم صدر کی تدفین کے بعد ختم ہو گا۔ مرحوم صدر کوانگ کا تابوت جمعرات ستائیس ستمبر کو اُن کے آبائی علاقے میں دفن کیا جائے گا۔ آج بدھ سے عوام بھی صدر کوانگ کے تابوت پر پھول چڑھانے کا سلسلے میں شامل ہو گئے ہیں۔ ویتنامی صدر طویل علالت کے بعد گزشتہ ہفتے کے دوران رحلت پا گئے تھے۔ اُن کے اعزاز میں منعقدہ ایک دعائیہ تقریب میں ویتنام کے حکومتی اور سماجی حلقوں نے انہیں شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے