پیر:یکم اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ٹرمپ، امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر شادمان[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکیسکو اور کینیڈا کے ساتھ امریکا کے نئے آزاد تجارتی معاہدے کو ’عمدہ ڈیل‘ قرار دیا ہے۔ اس طرح اس نئے معاہدے نے نیفٹا نامی پرانے معاہدے کی جگہ لے لی ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکا میکسیکو کے ساتھ یہ معاہدہ کر چکا تھا اور کینیڈا بھی دی گئی ڈیڈلائن سے قبل گزشتہ شب اس میں شامل ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیا معاہدہ تینوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ 24 برس پرانے نارتھ امیریکن فری ٹریڈ اگریمنٹ یا نیفٹا میں پائی جانے والی خامیوں اور خرابیوں کا ازالہ کرے گا۔

[pullquote]امریکا نے غلط راستہ چنا، ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ امریکا نے مذاکرات کی بجائے ترکی کو بلیک میل کرنے اور دھمکانے کا راستہ چن کر غلطی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی جنگ شروع کر کے امریکا نے دنیا میں اپنا اعتماد کھو دیا ہے۔ پارلیمان کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں ایردوآن کا کہنا تھا کہ انقرہ اور واشنگٹن حکومتوں کے درمیان تعلقات رفتہ رفتہ بہتر ہو رہے ہیں، جو امریکی پادری اینڈریو برونسن پر ترکی میں چلائے جانے والے مقدمے کی وجہ سے کشیدگی کا شکار ہوئے۔ اپنے خطاب میں ایردوآن نے یہ بھی کہا کہ ترکی روس کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دے گا۔

[pullquote]ترکی کے لیے جرمن ہتھیاروں کی فروخت میں نمایاں کمی[/pullquote]

نئی جرمن حکومت کے قیام کے بعد ترکی کے لیے جرمن ہتھیاروں کی فروخت میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 14 مارچ سے اب تک ترکی کو ہتھیاروں کی فروخت سے متعلق فقط 16 برآمدی اجازت نامے جاری کیے گئے، جن کی مالیت ایک ملین یورو سے کم تھی۔ اتوار کے روز پارلیمان میں ایک سوال کے جواب میں جرمن وزیر اقتصادیات نے بتایا کہ یکم جنوری سے 14 مارچ تک کے عرصے میں ترکی کے لیے ایسے 34 اجازت نامے جاری کیے گئے تھے، جن کے ذریعے نو اعشاریہ سات ملین یورو کے ہتھیار انقرہ حکومت کے حوالے کیے گئے۔

[pullquote]’بم حملے کا منصوبہ‘، جرمنی ایرانی سفارت کار کو بیلجیم کے حوالے کرنے پر تیار[/pullquote]

ایک جرمن عدالت نے ایک ایرانی سفارت کار کو تہران حکومت مخالف ریلی پر بم حملے کی منصوبہ بندی کے الزامات کا سامنا کرنے کے لیے بیلجیم کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ بمبرگ کی ایک عدالت نے کہا کہ ایرانی سفیر کو ویانا کنونشن کے تحت فوج داری مقدمات سے استثناء صرف آسٹریا میں حاصل تھا۔ واضح رہے کہ تیس جون کو پیرس میں ایرانی حکومت مخالفین نے ایک ریلی نکالی تھی، جب کہ اس ریلی کے کچھ روز بعد اس پر حملے کے منصوبے کا انکشاف ہوا تھا۔ اس معاملے میں فرانس، بیلجیم اور جرمنی میں چھ افراد کو حراست میں لیا گیا تھا، جن میں سے دو کو بعد میں رہا کر دیا گیا تھا۔ ایرانی حکومت ان الزامات کو مسترد کرتی ہے۔

[pullquote]یورپی یونین بریگزٹ ڈیل کے لیے تیار ہے، برطانوی وزیرخزانہ[/pullquote]

برطانوی وزیرخزانہ فِلِپ ہمونڈ نے کہا ہے کہ یورپی یونین بریگڑٹ ڈیل کے لیے آمادہ دکھائی دیتی ہے، تاہم اس حوالے سے بے یقینی کی وجہ سے برطانوی اقتصادیات متاثر ہو رہی ہیں۔ ایک برطانوی نشریاتی ادارے سے بات چیت میں ہمونڈ کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یورپی رہنما برطانیہ کے ساتھ بریگزٹ ڈیل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعدد سرمایہ کار ان مذاکرات کے نتائج کے انتظار میں ہیں اور اپنی سرمایہ کاری روکے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوں ہی یہ ڈیل طے پا جائے گی، برطانوی اقتصادیات میں ترقی دیکھی جائے گی۔

[pullquote]شام میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر ایرانی میزائل حملے[/pullquote]

ایران نے شام کے مشرقی علاقے البوکمال میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا۔ ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق گزشتہ ہفتہ انقلابی گارڈز کی پریڈ پر حملوں میں ابوکمال سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسند ملوث تھے۔ اس پریڈ حملے میں 25 افراد مارے گئے تھے، جن میں متعدد انقلابی گارڈز بھی شامل تھے۔ ایرانی بیان کے مطابق مغربی ایران سے البوکمال میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر چھ میزائل داغے گئے، جب کہ ڈرونز کی مدد سے بھی انہیں نشانہ بنایا گیا۔ ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کارروائی میں متعدد عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔

[pullquote]سرطان کے مرض پر تحقیق کرنے والے جاپانی سائنس دان کے لیے نوبل انعام[/pullquote]

جاپانی سائنس دان تاوکو ہونجو کو سرطان کے مرض پر مفید تحقیق کرنے پر رواں برس کا نوبل انعام برائے طب دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس انعام کے اعلان کے بعد اپنے ایک پیغام میں ہونجو نے کہا ہے کہ سرطان کے مریضوں کا علاج ان کے نزدیک کسی بھی انعام سے زیادہ باعث اطمینان ہے۔ جاپان کی کیوٹو یونیورسٹی سے وابستہ ہونجو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تحقیق جاری رکھیں گے، تاکہ سرطان کے مزید مریضوں کا علاج ہو سکے۔

[pullquote]ڈیزل گاڑیوں پر پابندی کا معاملہ، جرمن حکومتی اتحاد کے درمیان بات چیت جاری[/pullquote]

جرمنی میں وسیع تر مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کرسچن ڈیموکریٹک یونین، کرسچن سوشل یونین اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے درمیان جرمن شہروں میں ڈیزل گاڑیوں کے استعمال پر پابندی کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ ان مذاکرات میں ڈیزل گاڑیوں کے حامل افراد کو مراعات دی جائیں گی، تاکہ وہ ماحول دوست گاڑیاں خریدیں۔ چانسلر انگیلا میرکل کا موقف یہ ہے کہ اس سلسلے میں ضرر رساں گیسوں کے اخراج میں کمی کرنے والے اضافی ہارڈ ویئر کی خریداری کا بوجھ ڈیزل گاڑیوں کے صارفین پر نہیں ڈالا جانا چاہیے۔

[pullquote]چلی اور بولیویا کے درمیان سمندر تک رسائی کا معاملہ، عالمی عدالت برائے انصاف آج فیصلہ دے گی[/pullquote]

بین الاقوامی عدالت برائے انصاف ICJ چلی اور بولیویا کے درمیان سمندر تک رسائی کے تنازعے کے مقدمے پر فیصلہ آج پیر کے روز سنائے گی۔ بولیویا نے عالمی عدالت برائے انصاف سے استدعا کی تھی کہ چلی کو حکم دیا جائے کہ وہ بولیویا کو بحر الکاہل تک رسائی دے۔ سن 1879 سے 1883 میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ میں بولیویا کو شکست ہوئی تھی اور اس جنگ کے بعد ہونے والے امن معاہدے میں بولیویا سے بحرالکاہل تک رسائی چھین لی گئی تھی۔ بولیویا کا موقف ہے کہ سمندر تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے اس کے ہاں غربت میں اضافہ ہوا ہے اور تجارتی سرگرمیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں زلزلے سے ہلاک شدگان اجتماعی قبر میں دفن[/pullquote]

انڈونیشیا میں رضاکاروں نے حالیہ زلزلے اور سونامی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے ایک ہزار سے زائد افراد کی ایک اجتماعی قبر کھودی ہے۔ اس زلزلے سے متاثرہ کئی علاقوں میں اب تک عمارتوں کا ملبہ ہٹانے کا کام بھاری مشنری نہ پہنچ پانے کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے۔ جکارتہ حکومت نے اسی تناظر میں بین الاقوامی مدد کی اپیل بھی جاری کر دی ہے۔ جمعے کو آنے والے اس زلزلے اور سونامی کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد 12 سو کے قریب بتائی جا رہی ہے، جب کہ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔

[pullquote]یمن میں جنگی جرائم کی تفتیش کے لیے عالمی ماہرین کا مشن جاری رہے گا[/pullquote]

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کی جانب سے یمن میں جنگی جرائم کی تفتیش کے حوالے سے تفتیشی مشن جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جمعے کے روز اس مشن پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے اعتراضات پر ایک مرتبہ پھر ووٹنگ ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ انسانی حقوق کی اس عالمی کونسل کے 47 ارکان میں سے 21 نے اس تفتیشی مشن کو جاری رکھنے کے حق میں ووٹ ڈالا جب کہ آٹھ ممالک نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔ اس ووٹنگ میں 18 ممالک نے حصہ نہیں لیا۔

[pullquote]کینیڈا اور امریکا نے میکسیکو کے ساتھ آزاد تجارت کا معاہدہ کر لیا[/pullquote]

کینیڈا، امریکا اور میکسیکو کے درمیان طے پانے والے آزاد تجارت کے معاہدے کا حصہ بن گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کئی ہفتوں کے مذاکرات کے بعد اتوار کی شب کینیڈا نے اس معاہدے میں شمولیت اختیار کر لی۔ ایک مشترکہ بیان میں امریکی تجارتی نمائندے رابرٹ لایتھیزر اور کینیڈا کی وزیرخارجہ کیرسیٹا فری لینڈ نے کہا کہ اس معاہدے سے متوسط طبقہ مضبوط ہو گا جب کہ ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ کینیڈا کو اس معاہدے میں شمولیت کے حوالے سے امریکا نے اتوار کی نصب شب تک کی ڈیڈلائن دی ہوئی تھی۔ یہ معاہدہ نارتھ امیریکن فری ٹریڈ اگریمینٹ یا نیفٹا کی جگہ لے رہا ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں زلزلے اور سونامی کی وجہ سے، جیلوں سے سینکڑوں قیدی فرار[/pullquote]

انڈونیشیا کے حکام نے بتایا ہے کہ سولاویسی جزیرے میں آنے والے زلزلے اور سونامی کی وجہ سے متعدد جیلوں سے قریب 1200 مجرم فرار ہو گئے ہیں۔ انڈونیشیا کی وزارت انصاف نے پیر کے روز بتایا کہ پالو شہر میں زلزلے کی وجہ سے جیلوں کی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ بتایا گیا ہے کہ پالو اور ڈونگالا شہر میں قائم حراستی مراکز سے سینکڑوں قیدی فرار ہو گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جیلوں سے فرار کی وجہ قیدیوں میں پھیلنے والا خوف تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان قیدیوں میں زیادہ تر بدعنوانی اور منشیات کے جرائم میں قید تھے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں زلزلہ اور سونامی، ہلاکتوں کی تعداد 1200 سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں آنے والے زلزلے اور پھر سونامی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 1200 تک پہنچ گئی ہے۔ جمعے کے روز اس علاقے میں سات اعشاریہ پانچ کی شدت کے زلزلے کے بعد سونامی کی چھ میٹر اونچی لہروں نے تباہی مچا دی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ اس جزیرے کے شہر پالو میں درجنوں افراد اب بھی منہدم ہو جانے والی عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، جب کہ زلزلے کے نتیجے میں کئی دیہات بھی مٹی کے تودوں کے نیچے دب گئے۔ انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا۔ حکام کے مطابق کئی مقامات پر بھاری مشینری نہ ہونے کی وجہ سے ملبہ ہٹانے کا کام ابھی تعطل کا شکار ہے اور ملبے تلے دفن افراد کے زندہ بچ جانے کی امیدیں کم ہوتی جا رہی ہیں۔

[pullquote]بھاری عسکری آلات نہیں نکالے، شامی باغی[/pullquote]

شامی باغیوں کی جانب سے ان خبروں کی تردید کی گئی ہے، جن میں کہا جا رہا تھا کہ یہ باغی شام کے شمال میں اپنے زیر قبضہ علاقے سے بھاری عسکری آلات نکال رہے ہیں۔ ستمبر کے آغاز میں ماسکو اور انقرہ حکومتوں نے اتفاق کیا تھا کہ شامی صوبے ادلب کو جہادیوں اور بھاری ہتھیاروں سے خالی کروا کر غیرعسکری علاقہ بنایا جائے گا۔ اسی ڈیل کی وجہ سے اب تک ادلب کے خلاف شامی فورسز نے بڑی فوجی کارروائی شروع نہیں کی ہے، تاہم اس ڈیل پر عمل درآمد کو پیچیدہ قرار دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ ادلب صوبہ شام میں باغیوں کے زیرقبضہ آخری بڑا علاقہ ہے اور حکومتی فورسز اس علاقے پر چڑھائی کی تیاری کر رہی ہیں۔

[pullquote]جرمنی، گرم ہوا کا غبارہ بجلی کی تاروں سے جا الجھا[/pullquote]

جرمنی میں ایک ہاٹ ایئر بیلون زمین سے 270 فٹ کی اونچائی پر ہائی وولٹیج بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرایا۔ یہ حادثہ جرمنی کے شمال مغربی شہر ایسن کے قریب اتوار کی شام پیش آیا۔ گرم ہوا سے اڑنے والے اس غبارے پر چھ افراد سوار تھے۔ پولیس کے مطابق گرم ہوا سے اڑنے والا یہ غبارہ بوٹروپ نامی شہر میں اس حادثے کا شکار ہوا۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کے مطابق اس غبارے پر سوار تمام چھ افراد کو بچا لیا گیا۔ ان تمام افراد کو حفاظتی اقدامات کے طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

[pullquote]’جزان کی بندرگاہ پر حوثی باغیوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا‘[/pullquote]

سعودی قیادت میں عرب عسکری اتحاد نے سعودی بندرگاہ جزان پر حوثی باغیوں کا حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یمن میں متحرک ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے دھماکا خیز مواد سے لدی دو ریموٹ کنٹرول کشتیوں کو اس بندرگاہ کی جانب بھیجا گیا تھا، تاہم سعودی بحریہ نے انہیں سمندر ہی میں تباہ کر دیا۔ عرب عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ کشتیوں کو اتوار کی علی الصبح تباہ کیا گیا۔ حوثی باغیوں کا موقف ہے کہ سعودی عرب کے خلاف ان کی کارروائیاں یمن میں عرب اتحاد کے فضائی حملوں کے جواب میں ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی قیادت میں عرب عسکری اتحاد سن 2015ء سے یمن میں عسکری کارروائیوں میں مصروف ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے